تاقیامت آپؐ پر لاکھوں سلام
مدینہ منورہ میں روضۂ رسولؐ پر لکھی گئی
سید الابرارؐ، ختم المرسلینؐ! جانِ فطرت رحمۃٌ للعالمیںؐ
فخرِ موجوداتؐ و فخر کائناتؐ شافعؐ محشر، شفیع المذنبیںؐ
ہادیٔ حق، رہبرِ کامل ہیں آپؐ آپؐ کا ہے فیض جاری ہر کہیں
آپؐ کی تعلیم کے محتاج ہیں اہلِ دل، اہلِ نظر، اہلِ زمیں
آپؐ کی توحیدِ حق نے کر دیا بندۂ عاجز کو مولیٰ کے قریں
آپؐ کی آواز ہے آوازِ حق آپؐ کی تعلیم ہے تعلیم دیں
آپؐ کے خدّام میں جبریلؑ ہے آپؐ کی پرواز تا عرش بریں
چشمِ عالم، چہرۂ انور پہ ہے آپؐ دنیا کے حسینوں سے حسیں
مشرق و مغرب کو اس پر اتفاق آپؐ سا کوئی نظر آتا نہیں
تا قیامت، آپؐ پر لاکھوں سلام فخرِ آدم، سبز گنبد کے مکیںؐ
آپؐ کا دیدار مطلوب عزیزؔ
آپؐ کا غم دولتِ دنیا و دیں