صدائے خدا ہے صدائے محمدؐ
نہیں جس کے دل میں ولائے محمدؐ ہے محرومِ ظِلِّ لوائے محمدؐ
دو عالم میں کوئی نہیں ہے معظّم ورائے محمدؐ سوائے محمدؐ
محمدؐ کا فرمان، فرمانِ حق ہے یہ فرما رہا ہے خدائے محمدؐ
صدائے محمدؐ پہ لبیک کہہ دے صدائے خدا ہے صدائے محمدؐ
قدم تیرے چومے گی خود آکے منزل تو چل دیکھ کر نقش پائے محمدؐ
جسے یومِ محشر کی گرمی کا ڈر ہے وہ آجائے زیرِ لوائے محمدؐ
نہ آیا ہے کوئی نہ آئے گا کوئی ہیں جس شان و شوکت سے آئے محمدؐ
ہدایت سے ہوں بہرہ ور جن و انساں یہ تھا مقصد و مدعائے محمدؐ
محمدؐ کے اخلاق اللہ اکبر ہیں دشمن بھی نغمہ سرائے محمدؐ
جو رہتے تھے دُشنام برلب ہمیشہ تھی ان کے بھی حق میں دعائے محمدؐ
یہی زندگانی کا حاصل ہو عاجزؔ
مرے جان و دل ہوں فدائے محمدؐ