فہرست مضامین

جنوری 2026ء

صحیح مسند ازواج النبی ﷺ

صحیح مسند ازواج النبی ﷺ

تبصرہ : عبدالرحمن عزیز

 

نام کتاب

صحیح مسند ازواج النبی ﷺ

مصنف

پروفیسر مولانا محمد رفیق

ناشر

مکتبہ قرآنیات، غزنی سٹریٹ ، اردو بازار ،لاہور ۔ 03217724032

 اسلام ، رسول اللہ ﷺ کی ذات سے وابستہ ہے ، آپ ﷺ کے قول ، فعل ، تقریر اور  خُلقی صفات کا نام ہے ۔ جس بات کی بھی نسبت  رسول اللہ ﷺ  سے ثابت ہوجائے وہ دین بن جاتی ہے ۔اور جس بات کی نسبت رسول اللہ ﷺ کی ذات گرام سے ثابت نہ ہو وہ اپنی تمام تر خوبصورتی اور سچائی کے باوجود دین نہیں بن سکتی ۔

رسول اللہ ﷺ کی ذات گرام  اور آپ سے وابستہ چیزوں کی اسی اہمیت  کے پیش نظر صحابہ کرام نے قرآن مجید کو ایک صحیفہ میں تحریر کیا ، اسی طرح احادیث رسول کو لکھا بھی اور روایت بھی کیا ۔ اسےہر قسم کی کمی و بیشی سے محفوظ رکھنے کے لیے  اسماء الرجال ، الجرح و التعدیل ، اصول حدیث اور علوم الحدیث  جیسے کئی علوم و فنون ایجاد کیے اور ان کے اطلاقات سے صحیح اور ضعیف کو چھانٹ کر الگ الگ کردیا ۔

علماء محدثین نے انسانوں کے مختلف مزاج اور ضرورتوں کے پیش نظر مختلف انداز سے کتابیں مرتب کیں۔ بعض انسانی مسائل کو بنیاد بنا کر ابواب پر کتب حدیث کو مرتب کیا ، بعض نے حدیث کی تفہیم کے لیے احادیث کے ساتھ ساتھ صحابہ کرام کے آثار کو بھی جمع کردیا ، ایسی کتب کو مصنف کہتے ہیں جیسے مصنف عبدالرزاق ، مصنف ابن ابی شیبہ وغیرہ ،بعض نے ایک استاذ کی تمام روایات پر کتب ترتیب دیں ، ایسی کتب کو مسند کہا جاتا ہے ، جیسا مسند طیالسی ، مسند الحمیدی ، مسند احمد بن حنبل وغیرہ ۔ بعض علماء کرام نے  بعض مناسبات سے صحابہ کرام کے مختلف گروہوں کی روایت کردہ احادیث کے مجموعے تیار کیے ، جیسے مسند الشامیین ، مسند المدنیین ، مسند الانصار وغیرہ ۔ترتیب احادیث اور مجموعات روایات کا یہ مبارک سلسلہ آج تک چل رہا ہے ۔

ایسی ہی ایک کتاب ہمارےسامنے ہے ’’ صحیح مسند ازواج النبی ﷺ  ‘‘ جسے پروفیسر مولانا محمد رفیق نے ترتیب دیا ہے ۔’’ مسند ازواج النبی ﷺ ‘‘ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہےکہ رسول اللہ ﷺ کے نجی اور گھریلو معاملات کی روایات  اکثر آپ کی ازواج ہی کے مرہون منت امت تک پہنچی ہیں ۔ اور سچ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے کثرت ازدواج کی ایک بڑی وجہ بھی یہ تھی کہ نجی معاملات میں  بھی آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ امت سے اوجھل نہ رہے ۔اور امہات المؤمنین نے اس ذمہ داری کا حق ادا کردیا ہے ۔

مصنف علم میں راسخ اور قلم کار بلکہ پختہ کار ہیں ۔قرآن مجید کے حوالے سے بھی آپ کی خدمات ہیں اور حدیث  کے حوالے سے بھی ،اور دفاع حدیث کے تو آپ صف اول کے  سپاہی  ہیں ۔

  اس سے پہلے آپ قرآن مجید کا لفظی اور بامحاوہ ترجمہ کر چکے ہیں ،  ’’ تفسیر البلاغ ‘‘ کے نام سے 10 جلدوں میں قرآن مجید کی ایک جامع تفسیر لکھ چکے ہیں ، اس کے علاوہ قرآن مجید  کا انگلش زبان میں بھی ترجمہ کیا ہے۔  خدمت ِ حدیث  میں آپ کے قلم سے ’’ آسان علوم حدیث ، احادیث قدسیہ ، الؤلؤ والمرجان (اردو ترجمہ ) صحیفہ ہمام بن منبہ (اردو ترجمہ ) درسِ حدیث (دو جلدوں میں احادیثٖ کا مجموعہ مع ترجمہ و تشریح )‘‘ آپ کے قلم سےنکل کر چھپ چکی ہیں اور اب زیر تبصرہ کتاب ’’ صحیح مسند ازواج النبی ﷺ ‘‘ آپ کی نئی کاوش ہے ۔

اس مجموعہ میں درج ذیل امور کا اہتمام کیا گیا ہے :

  1. صرف صحیح احادیث کا التزام کیا ہے ، ضعیف احادیث کو اس میں جگہ نہیں دی گئی ۔
  2. ہر حدیث کا مکمل حوالہ دیا گیا ہے ۔
  3. ازواج النبی ﷺ کی روایات کی وجہ سے یہ مسند ہے ، لیکن مسائل کی سہل نشان دہی کے لیے احادیث کو فقہی ابواب بندی کے ساتھ درج کیا گیا ہے ۔
  4. تمام احادیث کا آسان اور عام فہم اردو زبان میں ترجمہ اور نوٹ کے عنوان سے ضرورت کے مطابق ہلکی پھلکی تشریح بھی کی گئی ہے ۔
  5. ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کے مختصر حالاتِ زندگی بھی شامل کیے ہیں ۔
  6. فہرست مضامین کےعلاوہ کتاب میں مذکور تمام احادیث کا ایک جامع اور مکمل اشاریہ (Index) بھی بنا کر کتاب کے آخر میں لگا دیا گیا ہے ، تاکہ کوئی مطلوبہ حدیث تلاش کرنے میں سہولت رہے ۔

یہ کتاب ایک طرف ازواج مطہرات کے احوال زندگی اور ان مقدس ہستیوں کی  مسند رویاات کا ایک انسائکلوپیڈیا بن گیا ہے ۔اسے مناسب کاغذ ، مظبوط جلد اور خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ  435 صفحات میں پیش کیا  گیا ہے ۔

اللہ تعالیٰ اسے طلبہ علم کے لیے دینی روشنی کا ذریعہ اور   مصنف کے لیے توشہ دنیا اور ذخیرہ آخرت بنائے   ۔