نعت رسول مقبولﷺ
آپ سے دنیا کی رعنائی آپ سے دنیا کی رنگینی آپ تصور میں جب آئے خوشبو پھیلی بھینی بھینی
آپ امین صادق کہلائے حسن عمل کے پھول کھلائے دھو گئی سب کے دل کی تلخی آپ کی باتوں کی شیرینی
دشمن جوبھی سامنے آیا دیکھ کے ان پر ایمان لایا عفو، تحمل، شان کریمی، حسن تکلم، خندہ جبینی
آپ کا اسوہ حاصل قرآں آپ کا اسوہ حاصل ایماں ہم پر بس تقلید ہے لازم کفر ہے ان پر نکتہ چینی
رحمت عالم، محسن اعظم، سرور عالم آپ کے دم سے کٹ گئیں ظلم کی سب زنجیریں ختم ہوئی یکسر سنگینی
دنیا کا ہرفلسفہ جانچا پرکھا ہم نے ہر نظریہ آپ کی ہر اک بات یقینی باقی سب کچھ غیر یقینی
شافع محشر کی اُمت کا زادسفر اے راز یہی ہے خود الہٰی ، عشق محمدؐ، حُب صحابہ، غیرت دینی