قارئین کرام سے ۔۔۔۔۔۔ محدث کے بارے میں

قارئین کرام نے ''محدث'' کی پہلی اشاعت کے بعد ہمیں جس طرح تحسین و تبریک کے کلمات سے نوازا ہے ہم ان کے انتہائی مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے احباب اسی طرح خصوصی توجہ اور نیک دعاؤں سے ہمیں یاد رکھیں گے۔ اگر اللہ تعالیٰ کا فضل خاص ہمارے شاملِ حال نہ ہوتا تو ہم ''محدث'' کو اِس صورت میں پیش نہ کر سکتے۔ ہم اپنی کوتاہ ہمتی کے بلا تامل اعتراف کے ساتھ بعون اللہ کوشش کریں گے کہ ملت اسلامیہ کا یہ علمی اور اصلاحی مجلہ اپنی ظاہری و باطنی خوبیوں کے ساتھ اپنے عظیم مقاصد کو بزود حاصل کرے اور اس کا معیار ترقی بلند سے بلند تر ہو۔

اصحاب علم اور ارباب قالم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اس قسم کے مجلات کا جاری کرنا اور انہیں ترقی دینا کتنا مشکل ہے؟ اور اس کے لئے کس قدر مالی اور دقتی قربانیوں کے ساتھ جانفشانی کی ضرورت ہوتی ہے مگر ''مجلس التحقیق الاسلامی'' لاہور کے صاحبِ علم و افضل اراکین و معاونین کے اخلاص اور بے لوث خدمتِ دین کے جس جذبہ سے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے مقاصد میں جلد کامیاب کریں گے۔

''محدث'' کی پہلی اشاعت میں تاخیر کی وجہ سے ہم نے ''مجلس التحقیق الاسلامی'' لاہور کے جملہ مضامین حذف کر دیئے تھے کیونکہ وہ رمضان سے متعلق تھے اور رمضان کے گزر جانے کی وجہ سے ہم حسبِ اعلان رمضان اور شوال کی اکٹھی اشاعت مناسب نہ سمجھتے تھے اس لئے ادارہ نے پہلا شمارہ ۶۴ صفحات میں پیش کیا۔ جسے دسمبر ۷۰ ؁ کے دوسرے دھاکے میں حوالہ ڈاک کیا گیا۔ اب ہم اپنا نظام درست کرنے کے لئے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد محدث برائے جنوری و فروری ۱۹۷۱؁ اکٹھا پیش کر رہے ہیں جس کی ضخامت صفحات محدث کی مجوزہ ضخامت ۴۸ صفحات سے بڑھا کر ۸۰ صفحات کر دی گئی ہے۔ پہلا شمارہ بھی ۶۴ صفحات تھا۔ اس طرح س ہم نے دو اشاعتوں میں تین ماہ کے تین شمار پیش کر کے آئندہ کے لئے حساب درست کیا ہے۔

احباب کو علم ہے کہ اس قسم کی مشکلات رسالوں کو ابتدا میں پیش آیا کرتی ہیں اس لئے امید ہے کہ وہ ہمیں معذور فرمائیں گے۔

آئندہ باقاعدہ مہینہ وار مجلہ احباب کے لئے ہر انگریزی مہینہ کے اوائل میں حوالہ ڈاک کر دیا جایا کریگا۔ ان شااللہ۔ (ادارہ)