مکتوبات
مکاتیب وتاثرات
Aمحترم جناب ڈاکٹر حافظ حسن مدنی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
آپ کی زیر ادارت ماہنامہ 'محدث' کے علمی وتحقیقی مضامین ہر ماہ پڑھنے کو ملتے ہیں۔ بلاشبہ اس وقت برصغیر پاک وہند بلکہ جہاں جہاں اُردو پڑھی اور لکھی جاتی ہے، اُنمیں محدث اپنے علمی وتحقیقی معیار کے اعتبار سے بلند مقام رکھتا ہے۔ ماضی میں محدث کی طرف سے 'سود نمبر'،ا'نکارِ حدیث نمبر' اور 'تصویر نمبر' کی صورت میں جو علمی وتحقیقی مواد پیش کیا گیا ہےوہ اِدارہ کی طرف سے بہت بڑی اسلامی اور دینی خدمت ہے۔ (محمد رمضان یوسف سلفی،فیصل آباد)
B اُستاذ العلما حضرت مولانا عبد الرحمٰن مدنی حفظہ اللہ
اللہ تعالیٰ آپ کو صحت، تندرستی اور عمر دراز عطا کرے۔ ماہنامہ 'محدث' اور ادارے کے معاونین واراکین کو اپنی حفظ واَمان میں رکھے۔ ایک مرتبہ راولپنڈی،صدربازار میں پرانی کتب دیکھتے ہوئے ماہنامہ'محدث' کے تین شمارے حاصل کیے۔ماشاء اللہ، سبحان اللہ!
ان میں اتنے زیادہ قیمتی،علمی اور اصلاحی مضامین پوری تفصیل سے لکھے تھے گویا کہ ہر مقالہ پورا ایک کتابچہ تھا۔اس طرح سے پہلی بار رسالہ 'محدث' سے تعارف حاصل ہوا۔ یوں آپ کے مجلہ نے میرا دل لوٹ لیا۔اس مادی اور الحاد کے دورمیں آپ جیسے غیرت مند، ایمان والوں نے اشاعتِ دین کے پلیٹ فارم پر یہودیوں، عیسائیوں، قادیانیوں اور مغرب زدہ عاصمہ جہانگیر، نجم سیٹھی اور فخر زماں جیسی سوچ وفکر رکھنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کا کامیاب تعاقب جاری رکھا ہوا ہے۔بلا شبہ آپ جیسے مجاہدین پوری اُمت ِمسلمہ کی طرف سے فرضِ کفایہ ادا کر رہے ہیں۔اللہ کرے زورِ قلم زیادہ! (عبد العزیز، آزاد کشمیر)