تعارف و تبصرۂ کتب

نام کتاب : سولہ سورہ مترجم

ہدیہ : 3 روپے

ناشر : کتب خانہ اشاعت الکتاب والسنہ بنس روڈ کراچی نمبر 1

قرآنِ پاک کی سولہ سورتوں الفاتحہ، یٰسین، الفتح، الرحمٰن، الواقعہ، الدخان، السجدہ، المزمل، الکہف، النباء، النازعات، الملک، الکافروں، الاخلاص، الفلق، الناس کو کتب خانہ اشاعت الکتاب والسنہ نے بڑے اہتمام اور حسن کے ساتھ شائع کیا ہے۔ مندرجہ بالا سورتوں کی جامع تفسیر مولٰینا عبد الستار صاحب محدث دہلوی کے فکر کا نتیجہ ہے اور اس کو بطورِ حاشیہ مولانا عبد القہار صاحب دہلوی نے مرتب کیا ہے۔ ترجمہ رواں، حواشی جامع و بصیرت افروز ہیں۔ کتابت و طباعت نہایت اعلیٰ ہے۔ کاغذ بھی عمدہ استعمال کیا گیا ہے۔ قرآن پاک کا متن صاف اور جلی کابت میں ہے اور صحتِ اعراب و الفاظ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

------------------------------

نام کتاب : یارِ غار

مصنف : شیخ حسن الدین سہروردی بی۔اے

ہدیہ : 2 روپے

ضخامت : 32 صفحات

ناشر : مکتبہ احیاء العلوم الشرقیہ علامہ اقبال روڈ لاہور

یہ خوبصورت رسالہ دیکھ کر ناشرین کے حسنِ ذوق کی داد نہ دینا کم ذوقی کی علامت ہو گی، سرورق نہایت جاذبِ نظر اور حسنِ سادہ کا بہترین ننمونہ ہے۔ کتابت اور طباعت کا معیار بھی اعلیٰ ہے۔ رسالہ کے عنوان سے ظاہر ہوتا ہے کہ شاید یہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سیرت و سوانح ہو گی لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ یہ کتابچہ حضرتِ صدیقؓ کے سلسلہ میں شیعہ حضرات کی طرف سے اُٹھائے گئے چند ایک اعتراضات (یا سوالات ) کا جوا ہے۔ بقول شیخ حسن الدین سہروردی اس رسالہ کا اولیں و آخریں مقصود یہ ہے کہ جناب صدیق اکبرؓ کو بعد از نبی اکرم ﷺ افضل البشر ثابت کیا جا سکے۔ شیخ صاحب نے فرقہ امامیہ اور سبائیہ کی تحریروں پر زور دار تصرہ کیا ہے اور انہی فرقوں کی کتب کے حوالوں سے اپنے موقف کو صحیح ثابت کرنے کی کاوش کی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مرتبہ کے لحاظ سے نبی اکرم ﷺ کے بعد حضرت ابو بکر صدیقؓ کا مقام سب سے اعلیٰ ہے۔ اور اہلِ حق اور اہلِ علم حضرات کے لئے ضروری ہے کہ اس موضوع پر قلم اُٹھائیں۔ خصوصاً اس حالت میں جبکہ کوئی ان کو فروتر ثابت کرنے کی کوشش کرے کہ دینی حمیت کا تقاضا یہی ہے۔ لیکن اس بحث میں متانت سنجیدگی اور عفتِ قلم کا لحاظ رکھنا از بس ضروری ہے۔ افسوس کہ اس کتابچہ میں بعض مقامات پر جوابی طور پر تلخ کلمات آگئے ہیں۔ ہم جس نبی ﷺ کی اُمت ہیں اور جس ہستی کا دفاع کیا جا رہا ہے ان کی تعلیمات کا تقاضا اس کے برعکس ہے۔ البتہ ایک چیز خوش آئندہ ہے کہ اس بحث میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مقام و مرتبہ کو ملحوظ رکھا گیا ہے ورنہ جذبات میں آکر بعض لوگ حضرت علیؓ کو شیعہ حضرات کا ہی ممدوح سمجھ لیتے ہیں حالانکہ احترام کے لحاظ سے ہمارے نزدیک حضرت ابو بکر صدیقؓ، حضرت علیؓ اور دیگر صحابہ کرامؓ ہم مرتبہ ہیں۔ ظاہری حسن و خوبی کے باوجود کتابچہ کی قیمت زیادہ ہے۔
------------------------------

نام کتاب : شاہراہِ اسلام

مصنف : محمد مظہر العظمۃ مدیر ''التمدن الإسلامي'' دمشق

مترجم : آباد شاہ پوری

ہدیہ : 50/1 روپے

ضخامت : 72 صفحات

ملنے کا پتہ : گلستان پبلیکیشنز۔ 40 اُردو بازار لاہور

زیر تبصرہ کتاب دمشق کے معروف رسالہ ''التمدن الإسلامي'' کے ایڈیٹر جناب محمد مظہر العظمۃ کی کتاب ''سبل السلام'' کا اردو ترجمہ ہے جو اردو ڈائجسٹ کے مدیر معاون جناب آباد شاہ پوری کی کاوش ہے۔ ترجمہ بڑا سلیس اور رواں دواں ہے۔ اس کتاب میں زندگی کے مسائل پر اسلامی فکر و نظر کی روشنی میں بحث کی گئی ہے۔ مثلاً عقائد، عبادات، ثقافتِ راشدہ، مکارم اخلاق، معمالات کی اصلاح، تربیت کردار، نظام اجتماعی۔

ان عنوانات کے تحت بڑے اخلاص اور درد مندی کے ساتھ نہایت دل نشیں انداز میں شاہراہِ اسلام پر گامزن ہونے کی عوت دی گئی ہے۔ ''شاہراہِ اسلام'' مشعل راہ کا کام دیتی ہے۔ ہم اس کتاب کے مطالعہ کی پرزور سفارش کرتے ہیں۔
------------------------------

نام کتاب : مرشد جیلانی کے ارشادات حقانی

مصنف : محمد حنیف یزدانی

ضخامت : 104 صفحات

قیمت : 3 روپے

ناشر : مکتبہ نذیریہ الپتگین سٹریٹ مکان نمبر 32 اچھرہ لاہور

یہ بھی ایک ستم ظریفی ہی ہے کہ اُمتِ مسلمہ کے جو بزرگ ساری زندگی توحید و سنت کا پرچم بلند کرنے میں لگے رہے ان کی وفات کے بعد سادہ لوح لوگوں نے انہی کی ذات کو شرک و بدعت پھیلانے کا ذریعہ بنا لیا۔ حضرت الشیخ سید عبد القادر جیلانی کی سیرت اور تعلیمات سے واقف حضرات پر روشن ہے کہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ شرک و بدعت کی بیخ کنی میں اور توحید و سنت کو پروان چڑھانے میں صرف ہوا لیکن آج ان ہی کی ذات سے ایسے ایسے واقعات و کرامات وابستہ کر دی گئی ہیں جو تعلیماتِ اسلامی کے سراسر خلاف ہیں۔ حضرت جیلانی کا مرتبہ بلند محض اس بنا پر ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اللہ کا ایک عاجز بندہ سمجھا اور اسی کے مطابق اللہ کی بندگی کی۔ لیکن لوگوں نے ان کی ہستی کو اتنا مختار بنا دیا کہ نعوذ باللہ اللہ تعالیٰ عاجز نظر آنے لگے۔

مولانا محمد حنیف یزدانی نے اس مختصر کتاب میں حضرت عبد القادر جیلانیؒ کی تعلیمات کو سمو دیا ہے اور ان تعلیمات ہی کی روشنی میں ان 'کرامات' کو باطل قرار دیا ہے جو ان سے غلط طور پر وابستہ کر دی گئی ہیں۔ کاش بزعمِ خود حضرت شیخ کے مرید یہ بات سمجھ سکیں کہ حضرت کی اس سے بڑی کرامت کیا ہو سکتی ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی عین قرآن و سنت کے مطابق بسر کی!

یزدانیؔ صاحب نے مختصر طور پر اس کتاب میں حضرت عبد القادر جیلانیؒ کی سوانح حیات بھی جمع کر دی ہے۔ یہ کتاب حضرت عبد القادر جیلانی کی زندگی اور تعلیمات کو سمجھنے کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ بعض مسائل کے سلسلہ میں علمائے حق کے تائیدی بیان شامل کر کے اس کتاب کو علمی اور تحقیقی حیثیت کا حامل بنا دیا گیا ہے۔
------------------------------

نام کتاب : بحضور محمد ﷺ

مصنف : پروفیسر عزیز احمد بھٹی ایم۔اے

ہدیہ : 3 روپے

ضخامت : 292 صفحات

ناشر : اسلامی مشن سنت نگر لاہور

بحضور محمد ﷺ (On to Muhammad) کا اُردو رجمہ ہے۔ جسے لندن یونیورسٹی میں قانون کے ایک پروفیسر مسٹر اینڈرسن کے ایک مقالہ کے جواب میں مکتوب کی شکل میں لکھا گیا ہے۔ مسٹر ایندرسن کا یہ مقالہ ''مذاہبِ عالم'' نامی کتاب مرتبہ برنارڈؔ میں شائع ہوا تھا۔ اس مقالہ میں حضور اکرم محمد ﷺ کی ذاتِ گرامی پر اتہامات اور الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ مقالہ مسلمانانِ عالم کی غیرت کو ایک چیلنج تھا۔ جناب اختر احسن کنوینر اسلامی مشن نے اس زہر چکانی پر محض کڑھنے کی بجائے علمی طور پر اس کا سدِّباب کرنے کا عزم کیا۔ لہٰذا اپنے ایک شاگرد کو اس مقالہ کا جواب لکھنے پر آمادہ کیا۔ یہ جواب جو پروفیسر اینڈرسن کے نام ایک کھلی چٹھی کے اسلوب میں لکھا گیا، ایک بلند پایہ علمی اور تحقیقی مقالہ ہے جس کے ایک ایک لفظ سے خلوْ و صداقت نمایاں ہے۔ جناب عزیز احمد بھٹی نے اپنے جواب میں مسلمانوں کے جذبات کا بھی اظہار کر دیا ہے اور ان تمام غلط فہمیوں کو بھی عالمانہ انداز میں دور کر دیا ہے جو مسٹر اینڈرسن نے انگریزی دان طبقہ میں پھیلانے کی کوشش کی تھی۔ حوالہ کے طور پر قرآن و حدیث کے علاوہ انجیل سے بھی استفادہ کیا ہے۔ پھر مغربی اکابر نے حضور پاک ﷺ کو جو خراجِ عقیدت پیش کیا ہوا ہے ان کو بھی بطورِ سند شامل کر دیا ہے۔

اردو اور انگریزی میں یہ کتاب سیرت کے موضوع پر ایک گراں قدر اضافہ ہے۔ البتہ طباعت میں جو کہ ٹائپ میں ہے، ہر صفحہ پر دو (۲) دو (۲) تین تین غلطیاں نہایت کٹکتی ہیں۔ اسی طرح حضرت محمد ﷺ کو اردو میں ''بانی اسلام'' اور انگریزی میں "Founder of Islam" لکھا ہے جو ٹھیک نہیں ہے۔ حضور ﷺ پیغمبرِ اسلام ہیں، بانیٔ اسلام نہیں۔ اسلامی مشن مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے اس گراں قدر کتاب کو لکھوایا اور چھپوایا۔ یقیناً یہ اسلام کی بہترین خدمت ہے۔ ضرورت ہے کہ اس کتاب کی وسیع پیمانے پر اشاعت ہو۔ بالخصوص انگریزی کتاب کو بیرونی دنیا میں جگہ جگہ پہنچانے کا اہتمام سرکاری سطح پر ہونا چاہئے۔

انگریزی، اردو دونوں زبانوں میں اندازِ بیاں بڑا دلکش اور دلنشیں ہے۔ افہام و تفہیم کا یہ اسلوب بہت کم دیکھنے میں آیا ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ مصنف نے عشق محمدی میں سرشار ہو کر اس کام کو سرانجام دیا ہے۔

دونوں زبانوں میں یہ کتاب پتہ بالا سے منگوائی جا سکتی ہے۔ اردو میں ہدیہ 3 روپے اور انگریزی کتاب کا ہدیہ درج نہیں ہے۔