سیدنا حضرت امام حسینؓ سبطِ رسول ﷺ
دلکش تھی دلنواز تھی صورت حسینؓ کی شمعِ رہِ خلوص تھی سیرت حسینؓ کی
وجد آفریں تھے آپ کے اقوالِ پُرجلال صد رشک آفریں تھی عبادت حسینؓ کی
سبطِ رسول ﷺ مظہرِ خُلقِ رسول ﷺ تھے روشن تھی جس سے جلوت و لوت حسینؓ کی
کردار میں خیال میں، حسن و جمال میں تصویرِ مصطفےٰ ﷺ تھی شباہت حسینؓ کی
تھے فاطمہؓ کے لال، نواسے رسول ﷺ کے اللہ رے، یہ شانِ قرابت حسینؓ کی
رکھے لبِ حسینؓ پہ لب آں حضور ﷺ نے یہ بخت، یہ شرف، یہ فضیلت حسینؓ کی
تاریخ میں رقم ہے، زمانے کو یاد ہے صبرِ حسینؓ، جود و سخاوت حسینؓ کی
باطل کے ہر محاذ پہ سینہ سپر رہو اے مومنو! یہی ہے وصیت حسینؓ کی
جھکتا نہیں ہے حق کبھی باطل کے سامنے یہ درس دے گئی ہے شہادت حسینؓ کی
آتے نہ گر ظہور میں یہ حادثاتِ غم ہوتی عیاں نہ جرأت و عظمت حسینؓ کی
جب تک رہے گا دورِ ظلم و جبر دھر میں
عاجزؔ رہے گی دہر کو حاجت حسینؓ کی