قارئین کی خدمت میں چند گذارشات
(1) محدث کے سائز میں تبدیلی :۳۰، ۳۵ برس سے ماہنامہ 'محدث'جس سائز میں شائع ہوتا رہا ہے، طباعتی رجحانات میں تبدیلی کے باعث اس سائز کاحصول اَب مشکل ہوگیا ہے۔ 26/8×20 سائز کا کاغذ جہاں چند سالوں سے مارکیٹ میں آنا بند ہوگیا ہے، وہاں اس سائز پر اُٹھنے والی طباعت اور جلد بندی کی لاگت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کتابوں کیلئے بھی یہ سائزمتروک ہو گیا۔ یہ سائز تیار کرنے کیلئے کاغذ کو ضائع کرنا پڑتا ہے محدث کے اکثر مضامین جب دوسرے مجلات رِی پرنٹ کرتے ہیں تو انہیں بھی اسے ریڈیوس کرنا پڑتاہے، اور کتب کیلئے بھی محدث کے مضامین کو دوبارہ ایڈجسٹ کرنا ضروری ہوتاہے۔
طباعتی رجحانات میں تبدیلی کا اثر اس سائز میں شائع ہونے والے دیگر رسائل مثلاً بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مجلہ 'فکرونظر'، جماعت ِاسلامی کے ماہنامہ 'ترجمان القرآن' اور ادارئہ منہاج القرآن کے ماہنامہ 'منہاج القرآن' وغیرہ پر بھی پڑا ہے، اور انہوں نے بھی اپنی سابقہ طویل روایات کے برعکس اپنے مجلات کے سائز میں تبدیلی کرلی ہے۔
سابقہ سائز کے دیدہ زیب ہونے کے باوجو دمحدث کا سائز بدلنے کے سوا اب کوئی چارہ نہیں رہا۔اُمید ہے کہ چند ماہ گزرنے کے بعد یہ سائز بھی قارئین کے لیے اجنبی نہیں رہے گا اور دیگر ضروری فوائد کے پیش نظر وہ اسے قبول فرمائیں گے۔ ۳۵برس میں پہلی بار ٹائٹل کو چار رنگہ شائع کرنے کے علاوہ، صفحات کی تعداد بھی زیادہ کر دی گئی ہے۔
(2) محدث کی اشاعت میں بے قاعدگی:ماہنامہ 'محدث'کے ساتھ مختلف نوعیت کے متعدد ادارے ہیں، جن میں جامعہ لاہور الاسلامیہ کے نام سے ایک بڑی دینی درسگاہ کے علاوہ خواتین کے بھی بعض ادارے شامل ہیں۔ محدث کے ذمہ داران دیگر اداروں کے لیے ہرطرح کے وسائل کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کے بھی ذمہ دارہیں۔ ان متنوع مالی، انتظامی اور تعلیمی وتحقیقی مصروفیات میں محدث کی اشاعت میں باوجود نہ چاہتے ہوئے بھی تاخیر ہو جاتی ہے۔
دوسری طرف قارئین اس امر کے بھی گواہ ہیں کہ محدث میں بھرتی کی بجائے بامقصد مضامین کو شائع کیا جاتا ہے، معیاری اور دیدہ زیب پیشکش جس پر مستزاد ہے۔یہی و جہ ہے کہ محدث برصغیر کے ۲ ہزار سے زائد علمی ودینی جرائد میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے اور رسائل کی برادری میں ۳۵ سال کے طویل عرصے میں ہمیشہ محدث کو بڑی وقیع نظر سے دیکھا گیا ہے۔
بہرحال محدث کی تاخیر کے لیے ہم اپنے قارئین سے معذرت خواہ ہیں۔ اس تاخیر کی وجوہات میں خصوصی نمبر کی اشاعت کے علاوہ راقم الحروف کا ۴۵؍روزہ غیر ملکی سفر بھی شامل ہے، جس سے واپسی کے فوراً بعد ہی جامعہ میں نئے تعلیمی سال کی مصروفیات بھی ہیں۔ چندماہ سے کی بے قاعدگی پر قابو پانے کے لئے تازہ شمارہ مارچ او راپریل کا مشترک کردیا گیا ہے، اور دسمبر،جنوری ، فروری کے شمارہ جات مستقل صورت میں قارئین کو ارسال کئے جا چکے ہیں۔
ترسیل کی شکایات محدث کے فون نمبرز 5866476, 5866396, 5839404پر بھی وصول کی جاتی ہیں۔اگٰر کوئی صاحب محدث کا اجرا کرناچاہتے ہوں تو وہ بھی فون سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ اتوار کے ماسوا باقی دنوں میں صبح سے شام تک محدث کے فون نمبرپر ظفر حسین صاحب کو آپ محدث کے بارے میں اپنے پیغامات نوٹ کرائیے۔ان شاء اللہ ان کی تعمیل کی جائے گی۔نیا رسالہ لگوانے والے بھی فون پرVP کا تقاضا بھجوا سکتے ہیں۔ یعنی ڈاکیہ ان سے خود زرِسالانہ وصول کر کے ہمیں پہنچا دے گا۔ امید ہے آپ حضرات کا تعاون ہمیں آئندہ بھی حاصل رہے گا۔جن حضرات نے محدث کی توسیع اشاعت مہم میں شرکت کرکے اسے آگے پھیلانے کا نیک فریضہ انجام دیا ہے، ہم ان کے خلوص کی قدر کرتے ہیں اور ان کی توقعات پر پورا اُترنے کی کوشش کرتے رہیں گے...!
محدث میں شائع شدہ مضامین پر اپنے تبصروں سے آپ ہمیں آگاہ فرماتے رہیں۔ آپ کی رائے کو وقعت دینے کے علاوہ ان کو شائع بھی کیا جائے گا، ان شاء اللہ
(3) محدث کی سابقہ فائلیں : محدث کا ریکارڈ رکھنے میں مدد کے لیے، پاکستان کے تمام رسائل وجرائد میں پہلی بار ہم ۳۵ برس سے آج تک شائع ہونے والے محدث کے تمام شمارہ جات کا ایک مسلسل نمبر متعارف کرا رہے ہیں۔ آئندہ سے محدث کے ہر شمارے کے ٹائٹل پربائیں کونے میں مدیر اعلیٰ کے نام کے نیچے ایک مسلسل نمبر بھی شائع ہو گا، جس سے قارئین کو محدث کا ریکارڈ رکھنے میں آسانی رہے گی جلد کے تحت شائع ہونے والے عدد نمبر میں تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ بعض اوقات ایک شمارہ میں زیادہ اَعداد جمع ہوجاتے ہیں جب کہ اس تسلسل نمبر کے تحت ہر شمارے کو ایک ہی نمبر دیاجائے گا اس سے قارئین کو یہ اندازہ کرنے میں مدد ملے گی کہ محدث کے شائع شدہ تمام شمارہ جات انہیں موصول ہوئے ہیں یا نہیں؟
دسمبر۱۹۷۰ء میں محدث کا پہلا شمارہ 'نمبر۱' سے شروع کر کے آج تک تمام شمارہ جات کو مخصوص نمبر الاٹ کر دیا گیا ہے جس کی رو سے اپریل کا تازہ شمارہ '۲۶۸' نمبر قرار پایا ہے۔ ۲۶۸ نمبر شمارہ کامطلب یہ ہے کہ آج تک محدث کے اتنے شمارے شائع ہو چکے ہیں جس میں تمام خصوصی اشاعتیں اور مختصر شمارے بھی شامل ہیں۔ جن حضرات کو سابقہ محدث کا ریکارڈ رکھنے میں مشکل پیش آتی ہو، وہ سابقہ شماروں کی فہرست اِدارئہ محدث سے طلب کر سکتے ہیں یا اِسے محدث کی ویب سائٹ www.isslam.com یا www.muhaddis.net پر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔
یہ۲۶۸ شمارے اِدارۂ محدث میں جہاں دستیاب ہیں، وہاں ان سب کو ایک سی ڈی میں بھی عنقریب پیش کیا جا رہا ہے جس کا نصف کام مکمل ہو چکا ہے۔ محدث کے سابقہ سالوں کی جلدیں بھی تیار حالت میں موجود ہیں، بالخصوص آخری چند سالوں کو ریکسین جلد میں دیدہ زیب انداز میں بھی تیار کیا گیا ہے۔ ایک جلد کی قیمت ۲۲۰ روپے بھجوا کر یہ جلدیں منگوائی جاسکتی ہیں۔
(4) محدث کی چار سالہ 'سی ڈی': جنوری ۱۹۹۹ء ( عدد ۲۲۲) ؛ جب سے محدث نئی کمپوزنگ میں شائع ہو رہا ہے، سے فروری ۲۰۰۳ء (عدد ۲۶۷) کے شمارہ جات کی سی ڈی فی الحال دستیاب ہے جو شائع ہونے والے 'محدث' سے ۱۰۰ فیصد مماثل ہے۔ان میں دو خاص نمبر یعنی سود نمبر اور فتنہ انکار حدیث نمبر بھی مکمل صورت میں موجود ہیں۔ جب کہ آخری دو سال کے شمارے انٹرنیٹ پر بھی ہر وقت 'آن لائن' ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔ جو شائقین ۴سالوں پر مشتمل محدث کی سی ڈی خریدنا چاہیں، وہ ۱۰۰ روپے منی آرڈر کر کے بذریعہ ڈاک بھی منگوا سکتے ہیں۔
(5) دیگر رسائل کے اشاریے اور سی ڈیز: جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ ادارۂ محدث میں ہی شعبۂ رسائل وجرائد کے تحت ۷۰۰ سے زیادہ رسائل وجرائد کی فائلیں معیاری انداز میں ترتیب شدہ موجود ہیں اور ان کو مکمل بھی کیا جاتا رہتا ہے۔ ان میں سے بیسیوں علمی رسائل وجرائد کے مکمل اشاریے بھی تیارکیے گئے ہیں جن میں سے سہ ماہی مجلہ 'منہاج' لاہور،ماہنامہ 'حرمین' جہلم ماہنامہ 'الاخوۃ ' لاہور اور ماہنامہ 'الشر یعہ' گوجرانوالہ کے اشارئیے انہی رسائل میں شائع بھی کروا دیئے گئے ہیں۔ اس طرح ماہنامہ محدث کا ۳۵ سالہ اشاریہ بھی تیار شدہ موجود ہے، جنہیں شائقین طلب کر سکتے ہیں۔محدث کے ہی نام سے بنارس، انڈیا سے شائع ہونے والا مجلے کے اشاریہ کے علاوہ ، محدث ہی کے نام سے ۱۹۳۰ء میں دار الحدیث رحمانیہ، دہلی سے شائع ہونے والے مجلے کے اشارئیے بھی تیار کرلیے گئے ہیں۔ان رسائل کی تمام فائلیں بھی ادارہ محدث میں دستیاب ہیں اور ۲۰ سے زائد رسائل (مثلاً ماہنامہ 'رحیق' لاہور، ماہنامہ 'الدعوۃ' لاہور، ہفت روزہ 'توحید' امرتسر؍لاہور، ماہنامہ 'تعلیم الاسلام' ماموں کانجن، ماہنامہ 'ترجمان الحدیث' لاہور، ماہنامہ 'ترجمان السنہ' لاہور، ماہنامہ 'تحقیق' پنجاب یونیورسٹی، ماہنامہ 'تعمیر انسانیت' لاہور وغیرہ)کے اشاریہ جات بھی تیار حالت میں موجود ہیں۔ تحقیقی کام کرنے والے حضرات جہاں دفتر محدث میں ان سے استفادہ کرسکتے ہیں، وہاں ان کی فوٹو کاپی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان اشاریہ جات کو عنقریب محدث کی ویب سائٹ پر بھی پیش کردیا جائے گا، ان شاء اللہ
٭ محدث کی ۳۵ سالہ فائلوں کو سی ڈی میں تیار کر لینے کے بعد دیگر اہم علمی اور تاریخی رسائل پر بھی ایسا ہی کام شروع کیا جائے گا تا کہ یہ علمی ذخیرہ جدید دور کے میڈیا میں محفوظ ہو کر بآسانی قارئین تک پہنچ سکے۔ ان مقاصد کی بحسن وخوبی تکمیل کے لیے جہاں ہمیں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے، وہاں مالی وسائل کے لیے اہل خیر کو بھی اس نیک کار میں حصہ لینا چاہیے۔ یہ ہمارے علمی اور تاریخی ورثہ کی بڑی شاندار حفاظت ہوگی۔ ان شاء اللہ
ہمارے علم میں آیا ہے کہ ادارئہ 'ہمدرد'کے تحت برصغیرکے بعض تاریخی جرائد مثلاً 'تہذیب الاخلاق' از سرسید احمد خاں اوراخبار 'زمیندار '،'کامریڈ' وغیرہ کو' فلم'کے ذریعے محفوظ کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں لیکن اس طریقہ کے مطابق ان سے استفادئہ عام ممکن نہیں تھا۔ الحمدللہ ادارئہ محدث نے اس ضمن میں سی ڈی کے استعمال کا جو تصور پیش کیا ہے، اس سے یہ مجلات ورسائل عام قاری تک بڑی کم قیمت میں پہنچ سکتے ہیں۔اس پروگرام کے سلسلے میں ہمیں فنی مہارت رکھنے والے حضرات کا تعاون اور مشاورت بھی درکار ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی خدمت کرنے اور اسلامی علمی ورثہ کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائیں۔آمین! ٭٭