تعليم و تحقیق اور اسلامك ویلفيئر ٹرسٹ
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
آپ حضرات كى تشريف آورى اور اس فكرى مجلس كو رونق بخشنے پر ميں ٹرسٹ كى انتظاميہ كى طرف سے آپ كو خوش آمديد كہتا ہوں- آج كا يہ سيمينار وقت كے ايك اہم موضوع كے بارے ميں ہے- 'دہشت گردى' ايك ايسا ناسور ہے، جس كى روك تهام اشد ضرورى ہے- دنيا اس وقت دہشت گردى كى مذمت پر متحد ہے اور چند سالوں سے دنيا كے بعض بڑے ممالك اس كے خلاف اپنى جنگ كا آغاز كرچكے ہيں ليكن دہشت گردى كے بارے ميں كچھ كہنے سے قبل اس امر كا تعين اشد ضرورى ہے كہ دہشت گردى كا حقيقى مصداق كيا ہے ؟
اس موضوع كا الميہ يہ ہے كہ دہشت گردى كے خلاف كئى حكومتيں او رعالمى ادارے كام تو كررہے ہيں ليكن دہشت گردى كى تعريف متعين كرنے ميں ہى ان ميں اتفاق نہيں پايا جاتا- يہى وجہ ہے كہ ايك كے نزديك جو دہشت گرد ہے، دوسرا اسے مجاہدين ِآزادى قرار ديتا ہے- پاكستان ميں كئى دينى مدارس پر دہشت گردى كا الزام لگايا جاتا ہے ليكن دہشت گردى كا جو عام مفہوم ہے ،اس كى رو سے دينى مدارس پر يہ الزام كہيں بهى ثابت نہيں ہوسكا- اس كى بنيادى وجہ وہ اِبہام ہے جو اس ضمن ميں روا ركها جارہا ہے- ہميں يہ غور كرنا ہے كہ كہيں ايسا تو نہيں كہ اپنے مفادات كى تكميل كے لئے دہشت گردى كے لفظ كا استحصال كيا جارہا ہو- كيونكہ ايك طرف اسلام دشمن، پورى اُمت مسلمہ كو ہى دہشت گردى كا منبع قرار دے رہے ہيں اور سپر قوت امريكہ كے بعد اب برطانوى وزير اعظم نے بهى اسلام كے خلاف مہم شروع كركے دہشت گردى كى جڑيں مٹانے كا كام شروع كرديا ہے، تو وہاں عالمى دہشت گردى كا سب سے بڑا نشانہ بننے والے بهى خود مسلمان ہى ہيں!!
اسلام بلاشبہ امن وسلامتى كا دين ہے اور اس ميں انسان كے جان ومال كى بيت اللہ كى طرح حرمت وتعظيم كا سبق ملتا ہے- قرآنِ كريم كى رو سے ايك انسان كا قتل پورى انسانيت كا قتل ہے- اللہ اور روزِ آخرت پر ايمان ركهنے والے مسلمان كسى انسان كو قتل كرنے كا سو چ بهى نہيں سكتے- اسلام كا تصورِ جہاد بهى دنيا ميں امن وسلامتى كا ضامن ہے، ليكن اس دور ميں اسلامى احكام كو من مانے مفہوم پہنا كر اپنے سياسى مقاصد كى تكميل كے لئے اسے دہشت گردى كا مورِد ٹھہرايا جارہا ہے۔
آج كى تقريب ميں آپ 'دہشت گردى اور اسلام' كے موضوع پر نامور اہل علم كے خيالات سماعت فرما رہے ہيں، ميں ميزبان ہونے كے ناطے انہى سے استفادہ پر اكتفا كررہا ہوں۔
صدرِ ذى وقار اور حاضرين مجلس
دورِ حاضر ميں اسلام اور مسلمانوں كو ہمہ جہت چیلنجز كا سامنا ہے، جن كا مقابلہ كرنے كے لئے اسلامى تعليم وتحقيق كى طرف رجوع نہايت ضرورى ہے- اسلامك ویلفیئر ٹرسٹ كے زير نگرانى جہاں مختلف نوعیت كے تعلیمى وتحقیقى ادارے كام كررہے ہيں، وہاں زندگى كے مختلف ميدانوں ميں كام كرنے والے حضرات كى تربيت پر بهى خصوصى توجہ دى جاتى ہے جس كے لئے ہر سال مختلف نوعيت كى وركشاپس اور ريفريشر كورسز كرائے جاتے ہيں- اس سلسلے ميں بيرونِ ملك عالم اسلام كے ديگر ادارے بهى ہمارے شريك ِكار ہيں- بطورِ خاص گرمیوں كى تعطیلات ميں مشتركہ تعاون سے ٹرسٹ كى يہ سرگرمیاں عروج كو پہنچ جاتى ہيں۔
اسلامك ويلفيئر ٹرسٹ اسلام كى تعلیمات كو عام كرنے كے لئے كئى سالوں سے روايت ساز جدوجہدكررہا ہے- اس كے تحت كام كرنے والے متنوع اداروں ميں اُمت كو درپيش مسائل كو سامنے ركهتے ہوئے اہم مقاصد كى تكميل پيش نظر ركهى جاتى ہے- ٹرسٹ ہذا كے تحت تعليم وتحقیق كے ميدانوں ميں مخصوص منصوبوں كے علاوہ علمى اور رفاہى ميدانوں ميں مصروفِ كار حضرات كى تربيت اور ذہن سازى كى طرف خاص طور پر توجہ دى جاتى ہے جس كيلئے كئى سالوں سے متواتر وركشاپس اور سيمينار بهى منعقد كئے جاتے رہے ہيں:
اسلامك ويلفيئرٹرسٹ كے زير اہتمام جامعة لاهورالإسلامية(Lahore Islamic University) ميں 1990ء ميں اسلامك يونيورسٹى مدينہ منورہ كے تعاون سے اور1996ء ميں رياض كى امام محمد بن سعود يونيورسٹى كے تعاون سے قانون وقضا سے وابستہ حضرات كى شرعى ٹريننگ كے كورس منعقد كرائے گئے، جن ميں عدليہ سے وابستہ جج حضرات كى ايك بڑى تعداد شركت كرتى رہى۔
نئے ہزاريے كے آغاز سے قبل نومبر 2000ء ميں دنيا بهر كے نماياں ممالك كے مندوبين پر مشتمل لاہور ميں ايك سہ روزہ بين الاقوامى سمپوزيم منعقد كيا گيا جس كا موضوع 'نئى صدى ميں اُمت ِمسلمہ كو درپيش چيلنجز' تها۔
2002ء كے موسم گرما ميں سعودى عرب كے مشہور سرمايہ كار ادارے موٴسسة الراجحي كے تعاون سے سعودى جامعات ميں زير تعليم طلبہ كى وركشاپ منعقد كى گئى جسے اُس سال اسلامى موضوعات پر دنيا بهر ميں ہونيوالى سب سے بہترين وركشاپ كا اعزاز بهى حاصل ہوا۔
گذشتہ برس 50 سے زائد ممالك ميں سرگرم مسلم نوجوانوں كى عالمى تنظيم 'ورلڈ اسمبلى آف مسلم يوتھ' كے تعاون سے پاكستان ميں علومِ اسلاميہ كے فضلا كى ايك وركشاپ منعقد كى گئى، جس كا موضوع 'اسلام كو درپيش عصرى چيلنجز' تها-
سات دن سے لے كر دو ماہ كے دورانيہ پر مشتمل ان تمام تربيتى پروگراموں ميں منتخب شركا كى تعداد يك صدسے زائد رہى- ميدانِ عمل ميں مصروف حضرات اگر اسلام كے صحيح فہم كے حامل ہوں تو انہى كے ذريعے افراط و تفريط كو ختم كيا جاسكتا ہے- يہى وجہ ہے كہ ٹرسٹ ايسے لوگوں كى ذہنى وفكرى تربيت ميں بطورِ خاص حصہ ليتا ہے-اكيسويں صدى ميں عالم اسلام كو جو چیلنجز درپيش ہيں، ان ميں ايك بڑا چيلنج مسلمانوں پر'دہشت گردى كا الزام' ہے، جس كا مداوا بهر طور ضرورى ہے۔
صدرِ مجلس اور مہمانانِ ذى وقار
حالاتِ حاضرہ پر اپنے مسلمان بهائيوں كى رہنمائى اور تعليم وتربيت كے ذريعے ان كو جديد علم وتحقيق سے آراستہ كرنا اسلامك ويلفيئر ٹرسٹ كا ہميشہ سے طرئہ امتياز رہا ہے- آج وقت كے اہم ترين موضوع 'دہشت گردى اور اسلام ' پر جس بين الجماعتى سيمينار ميں ہم سب جمع ہيں، يہ سيمينار جہاں مختلف دينى تنظيموں كے ممتاز قائدين پر مشتمل ہے، وہاں اسى سيمينار كے ذريعے ہم اسلامك ویلفیئر ٹرسٹ كے زير اہتمام ايك جامع وركشاپ كے آغاز كى سعادت بهى حاصل كررہے ہيں- جامعة لاہور الاسلامية ميں حاليہ ہفت روزہ وركشاپ كا موضوع 'دورِ حاضر ميں دعوت اسلام كو درپيش چيلنج' تجويز كيا گيا ہے-جس ميں ملك بهر سے مايہ ناز اہل ِفكر ودانش دورِ حاضر كے اہم موضوعات پر اپنے قيمتى خيالات سے شركا كو مستفيد كريں گے- كويت كے اہم ادارے سے وابستہ 160 حضرات اس وركشاپ كے شركا ہيں جو سابقہ وركشاپوں كى طرح ممتاز حيثيت كے حامل ہيں-پاكستان بهر ميں سماجى اور علمى خدمات انجام دينے والے يہ حضرات اسلامى معاشرے كى قيادت كے حامل ہيں جن كے ذريعے پاكستانى عوام تك اسلام كا معتدل فہم اور حالاتِ حاضرہ كا درست شعور پہنچايا جاسكتا ہے۔
اس وركشاپ ميں جہاں اہم نوعيت كے موضوعات پر مسلم دانشور اپنے قيمتى تجربات سے اُنہيں مستفيد كريں گے، وہاں بعض اہم موضوعات پر مباحثے اور سيميناربهى اس وركشاپ كى زينت بنيں گے، اسى دوران لاہور كے علمى اور نشرياتى مراكز سے بهى اُنہيں متعارف كرايا جائيگا-
ہفتہ بهر كى اس اہم وركشاپ كے آخر ميں آئندہ جمعرات كو جامعة لاہورالإسلامیة ميں ہى دينى مدارس كے منتظمین اور سينئر اساتذہ كے لئے ايك مزيد وركشاپ كا بهى انعقاد كيا جارہا ہے-دينى مدارس كو اپنے دائرئہ اثرميں وسعت اور كاركردگى ميں استحكام لانے كے لئے جديد علوم سے مزين كرنا وقت كى اہم ضرورت ہے، اس لئے اس وركشاپ كا موضوع 'شخصیت كا ارتقا اور اداروں كا استحكام' تجويز كيا گيا ہے-اس وركشاپ ميں لاہور كے جملہ مكاتب ِفكر كے دينى مدارس سے منتخب اساتذہ اور منتظمین كو شريك كيا جارہا ہے- اس اہم نوعیت كى وركشاپ ميں اسلامك ویلفیئر ٹرسٹ كے ساتھ بين الاقوامى اسلامى يونيورسٹى كى دعوة اكيڈمى اور اسلام آباد كى انسٹيٹيوٹ آف پاليسى سٹڈيز شريك ِكار ہيں-
اُميد ہے كہ اس نوعيت كى وركشاپوں كے لگاتار انعقاد كے بعد دينى مدارس كو اپنى استعداد ميں اضافے اور درپيش چيلنجز سے نمٹنے كى عمدہ صلاحیتیں بہم پہنچیں گى-
حاضرين كرام !
وقت كى كمى كے پيش نظر ميں آخر ميں نہايت اختصار سے اسلامك ويلفيئر ٹرسٹ كى سرگرميوں كا خلاصہ آپ كے سامنے پيش كرتا ہوں:
اسلامك ويلفيئر ٹرسٹ آغاز سے ہى رفاہ ِعامہ اورتعليم وتحقیق كے ميدانوں ميں مختلف نوعيت كى خدمات انجام دے رہا ہے- تعليم كے ميدان ميں علومِ اسلاميہ اور جديد علوم كى معيارى تعليم كے علاوہ، تعليم يافتہ طبقہ كے لئے مختلف نوعيت كے شارٹ كورسز اور ڈپلومہ كلاسز كا انعقاد بهى كيا جاتا ہے- ملك كے ديگر حصوں كے علاوہ لاہور ميں 'جامعہ لاہور الاسلاميہ' اور 'اسلامك انسٹيٹيوٹ' كے نام سے ٹرسٹ كے زير اہتمام مردانہ اور زنانہ كئى ادارے كام كررہے ہيں- مزيد برآں ٹرسٹ كى طرف سے كچى آباديوں ميں خصوصى طورپر جہالت وناخواندگى كے اِزالے كى غرض سے كئى مڈل اور ہائى سكولز بهى مصروفِ عمل ہيں-
يہ بات قابل ذكر ہے كہ ٹرسٹ كے متنوع منصوبوں ميں عصر حاضر كى ضروريات كو مدنظر ركهتے ہوئے تعليم كے ساتھ ساتھ فنى تربيت كا بهى خاص اہتمام كيا جاتا ہے- اسلامى دانش گاہوں ميں جامعة لاہور الاسلامية كے تعلیمى امتيازات ميں سے قرآنِ كريم كو اسلامى علوم كا مركز ومحور بنانے اور سنت وسيرت كا بهرپور مطالعہ كروانے كے علاوہ جديد علوم وفنون بطورِ خاص شامل ہيں- اس درسگاہ كے علمى ماحول ميں فرقہ وارانہ تعصب اور فقہى گروہ بنديوں كى كوئى گنجائش نہيں ہے-جامعہ كے اعلىٰ تعليمى معيار كے پيش نظر عالم اسلام كى بين الاقوامى اسلامى يونيورسٹياں جامعہ كى اسناد كو خصوصى قدرو منزلت ديتى ہيں- چنانچہ ہرسال جامعہ كے طلبہ بيرونِ ملك اعلىٰ تعليمى جامعات ميں سكالر شپ حاصل كرتے ہيں- واضح رہے كہ جامعہ كے طلبہ كے لئے انگريزى، سائنس، رياضى اور سوشل سائنسز كى تعليم كے علاوہ كمپيوٹر ٹريننگ بهى لازمى ہے جس كے لئے سيكنڈ شفٹ ميں مڈل تا ايم اے كا باقاعدہ انتظام ہے- اس وقت جامعہ كے زير نگرانى تين فيكلٹياں كام كر رہى ہيں:
شريعت وقانون فیكلٹى قرآن فیكلٹى اور سوشل سائنسز فیكلٹى
ٹرسٹ كے زير اہتمام صرف لاہور ميں خواتين وحضرات كے لئے چار 'اسلامك انسٹیٹیوٹ' صبح و شام مصروف عمل ہيں جہاں خواتين وحضرات كو اسلامى تعلیمات سے روشناس كرانے كے لئے بى اے كے بعد ايك سالہ كورس كروايا جاتا ہے- گرميوں كى تعطیلات ميں سمركیمپس اور رمضان المبارك ميں لاہور كے100 كے لگ بھگ سكولوں ميں بنيادى اسلامى تعلیمات پر مبنى مختصر كورسز كرائے جاتے ہيں- گهريلو خواتين كے لئے لاہور ميں 45 سے زائد مراكز ميں قرآنِ كريم كے ترجمہ وتفسير كے حلقے كام كررہے ہيں-
اسلامك ويلفيئر ٹرسٹ كے كاموں ميں تحقیقى نوعيت كى سرگرمياں بهى شامل ہيں- تحقیق كسى بهى كام ميں بنيادى حيثيت ركھتى ہے- بالخصوص دورِ حاضر ميں اسلام كو علمى وفكرى ميدانوں ميں جو چيلنجز درپيش ہيں، ان كا سامنا كرتے ہوئے ٹرسٹ كے ذيلى ادارے 'اسلامك ريسرچ كونسل' (مجلس التحقيق الاسلامى)كى زير نگرانى محققين كى ايك جماعت كئى اہم پروجيكٹس كى تكميل ميں مصروف ہے- اس تحقیقى ادارے سے تين ممتاز لائبرياں منسلك ہيں :
لاہور ميں مصادرِ اسلاميہ كى سب سے بڑى لائبريرى ماڈل ٹاؤن ميں المكتبة الرحمانیة كے نام سے موجود ہے- يہ لائبريرى كمپيوٹرائزڈ ہے جسے عنقريب انٹرنيٹ سے آن لائن كيا جارہاہے- اِن شاء الله
كونسل كے زير اہتمام پاكستان بهر ميں جرائد ورسائل كا سب سے بڑا مركز قائم كيا گيا ہے، جس ميں برصغير كے گذشتہ ڈيڑھ سو برس كے900 سے زائد اہم اصلاحى اور علمى جرائد ومجلات كے تمام شمارے محفوظ كئے گئے ہيں جبكہ نادر مجلات كو سى ڈيز پر بهى منتقل كيا جارہا ہے- ان ميں سے خصوصى اہميت كے حامل مجلات كے موضوعاتى Indexesتيار كئے جاتے ہيں-
ٹرسٹ كے زير اہتمام پاكستان بهر ميں اسلامك سافٹ ويئر كى سب سے بڑى ڈيجيٹل لائبريرى بهى قائم كى گئى ہے جس ميں 20 ہزار اسلامى كتب آن لائن مطالعہ كى جاسكتى ہيں-
ٹرسٹ كى زير نگرانى يہى 'اسلامك ريسرچ كونسل ' عرصہ 35 برس سے پاكستان كا وقيع علمى ماہنامہ 'محدث' كے نام سے اُردو زبان ميں شائع كرتى ہے- يہ ماہنامہ اعلىٰ پايہ كے تحقیقى مقالات كے علاوہ حالاتِ حاضرہ پر اسلامى رہنمائى، جديد مسائل پر شرعى نقطہ نظر اور عالمى ايشوزپر متوازن موقف كے سبب علمى حلقوں ميں غير معمولى پذيرائى كا حامل ہے۔
اسلامك ريسرچ كونسل كے تحت علمى كتب كى اشاعت كے علاوہ دو انسائيكلوپيڈياز كى تيارى بهى جارى ہے- يعنى دورِ نبوى سے اب تك مسلمان قاضیوں كے فيصلوں پر مبنى چار عالمى زبانوں ميں 'انسا ئیكلو پيڈيا آف اسلامك جج منٹس' اور50سے زائدعلمى جرائد كے مشتركہ موضوعاتى Indexes پر مشتمل انسا ئيكلوپيڈيا-
آخر ميں ايك بار پهر ميں آپ حضرات كى تشريف آورى كا تہ دل سے شكرگزار ہوں اور آپ كو ٹرسٹ كے ان كاموں ميں كسى نہ كسى طور پر شركت كى دعوت ديتا ہوں- اگر كسى طور پر ايسا كرنا آپ كے لئے ممكن نہ ہو تو كم از كم اچهے مشوروں يا نيك دعاؤں كے ذريعے كارِ خير ميں ضرور شركت فرمائيے- شكريہ !