خلفائے راشدین کا انتخاب خلافت ابو بکرؓ کا پس منظر

1:امامت قریش میں ہو گی
حضور اکرم ﷺ نے اپنی زندگی میں ہی یہ خبر دے دی تھی کہ ان کے بعد ان کے جانشین (خلیفہ) قبیلہ قریش سے ہوں گے[1]۔ اور ساتھ ہی اس کی وجہ بھی بیان فرما دی تھی۔ اس سلسلہ میں بہت سی احادیث وارد ہیں اور امام بخاریؒ نے تو ’’الامراء من قریش‘‘ (کتاب الاحکام) کے عنوان سے ایک مستقل باب بھی باندھا ہے۔ چند ایک احادیث ذیل میں درج کی جاتی ہیں۔
$11.الناس تبع لقریش فی ھذا الشان مسلمھم تبع لِمُسْلِمِھم وکافرھم تبع کافرھم (مسلم، کتاب الامارۃ باب الناس تبع لقریش والخلافة فی قریش)
’’موجودہ صورت حال یہ ہے کہ لوگ قبیلہ قریش ہی کی پیروی کر سکتے ہیں۔ جو مسلمان ہیں وہ مسلمان قریش کی اور جو کافر ہیں وہ کافر قریش کی۔‘‘
گویا امر خلافت کو فیصلہ قریش سے منسوب ہونے کی وجہ یہ تھی کہ عرب قبائل قریش کے علاوہ کسی دوسرے فیصلہ کی اطاعت گوارا ہی نہ کر سکتے تھے۔
آپ نے یہ بھی فرما دیا تھا کہ میرے بعد خلفا قبیلہ قریش سے ہوں گے اور ۱۲ خلفاء تک اسلام غالب رہے گا اور یہ سب قبیلہ قریش سے ہوں گے۔
$12.عن جابر بن سمرة یقول سمعت النبی ﷺ یقول: لا یزال الاسلام عزیزا الی اثنی عشر خلیفة ثم قال کلمة لم افھمھا۔ فقلت لابی ما قال؟ فقال کلھم من قریش (مسلم، ایضا) (بخاری کتاب الاحکام۔ باب الاستخلاف)
’’جابر بن سمرہؓ کہتے ہیں میں نے نبی ﷺ کو یہ کہتے سنا کہ ’’اسلام بارہ خلفا تک غالب رہے گا۔‘‘ پھر ایک فقرہ کہا جو میں سمجھ نہ سکا۔ میں نے اپنے باپ سے کہا کہ آپ نے کیا فرمایا ہے؟ میرے باپ نے کہا کہ آپ ﷺ نے فرمایا ہے۔ یہ سب قریش سے ہوں گے۔‘‘
علاوہ ازیں ایسے واضح اشارات بھی ملتے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ خلافت انصار میں نہیں ہو گی۔ مثلاً حضور اکرم ﷺ نے اپنی مرض الموت میں جو آخری خطبہ دیا اس میں مہاجرین کو یہ وصیت فرمائی کہ انصار سے نیک سلوک کرنا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
$13.اقبلوا عن محسنھم وتجاوزوا عن مسیئھم (بخاری۔ کتاب المناقب باب ایضاً)
’’انصار میں سے جو کوئی نیک ہو اس کی قدر کرنا اور جو بُرا ہو اس کے قصور سے درگزر کرنا۔‘‘
مہاجرین سے اس طرح کی سفارش کرنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ آپ کو علم ہو چکا تھا کہ میرے بعد خلافت انصار کو نہیں بلکہ مہاجرین کو ملنے والی ہے۔
اسی طرح آپ ﷺ نے انصار کو فرمایا:
$14.انکم ستلقون بعدی اثرۃ فاصبروا حتی ............ (البخاری۔ حوالہ ایضاً)
’’تم کو میرے بعد ناخوش گواری پیش آئے گی۔ تو تم صبر کرنا۔ یہاں تک کہ تم مجھ سے حوض کوثر پر آکر ملاقات کرو۔‘‘
اس صبر کی تلقین سے بھی یہ واضح ہے کہ امارت انصار میں نہیں ہو گی۔ اور اس تلقین کا پس منظر یہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ایک مرتبہ انصار کو بحرین کا ملک بطور جاگیر دینا چاہا تھا تو انصار نے یوں جواب دیا تھا:
$15.عن انس بن مالک قال دعا النبی ﷺ الانصار الی ان یقع لھم البحرین فقالوا: لا الا ان تقطع الاخوان من المھاجرین مثلھا۔ قال: اما لا فاصبروا حتی تلقونی فانه سیصیبکم بعدی اثرة۔ (بخاری، کتاب المناقب۔ باب قول النبی لانصار اصبرونی حتی تلقونی علی الحوض)
انس بن مالک کہتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے انصار کو بلایا اور ان کو بحرین کا ملک بطور جاگیر کے دنیا چاہا۔ انہوں نے کہا ’’ہم تو اس وقت تک نہیں لیں گے جب تک کہ ہمارے مہاجرین بھائیوں کو بھی ایسا ہی ملک نہ ملے۔‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا۔ ’’اگر اب تم قبول نہیں کرتے (امارت و حکومت) تو پھر مجھ سے ملاقات تک (زندگی بھر) صبر کئے رہنا۔ میرے بعد تمہیں (امارت سے محرومی) کی ناخوشگواری پیش آنے والی ہے۔‘‘
حضرت ابو بکرؓ کی خلافت کے متعلق واضح ارشادات
آپ ﷺ نے قریش میں سے حضرت ابو بکرؓ کو خلیفہ نامزد کرنے کا خیال بھی فرمایا تھا لیکن بعد میں یہ ارادہ ترک کر دیا کیونکہ مشیت خداوندی یہی تھی کہ آپ ﷺ کے بعد حضرت ابو بکرؓ ہی خلیفہ منتخب ہوں گے۔ جیسا کہ آپ ﷺ کے درج ذیل ارشاد سے واضح ہے۔
$11. لقد ھممت اَو اردت ان ارسل الی ابی بکر وابنه واعھد ان یقول القائِلون وَیَتَمَنَّی المتمتون ثم قلت: یابی اللّٰہ ویدفع المؤمنون او یدفع الله ویابی المومنون (بخاری۔ کتاب المرضٰی)
میں نے یہ قصد کیا کہ کسی کو بھیج کر ابو بکرؓ اور ان کے بیٹے عبد الرحمان کو بلا بھیجوں اور ابو بکرؓ کو اپنا جانشین کر جاؤں تاکہ میرے بعد کہنے والے کچھ اور کہیں اور آرزو کرنے والے (خلافت کی) آرزو کرنے لگیں۔ پھر میں نے (دل میں) کہا۔ خود اللہ کسی اور کو خلیفہ نہ ہونے دے گا۔ نہ مسلمان اور کسی کی اطاعت قبول کریں گے۔
اسی مضمون کی متعدد روایات مسلم (باب فضائل ابو بکرؓ) میں اس طرح وارد ہیں:
$12.عن عائشة قالت: قال لی رسول اللّٰہ ﷺ فی مرضه ادعی لی اَبَا بکرا باکِ واَخَاکِ حتّٰی اکتب کتابا فانّٰی اخاف ان یتمنّٰی متمنٍ ویقول قائل انا اولٰی ویابی الله والمومنون اِلَّا ابا بکر۔
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں۔ مجھے رسول اللہ ﷺ نے اپنی مرض موت کے دوران فرمایا: اپنے باپ ابو بکر اور اپنے بھائی (عبد الرحمان) کو بلا بھیجو تاکہ میں وصیت لکھ دوں۔ مجھے ڈر ہے کہ حریص اس کی آرزو کریں گے اور کچھ کہنے والے یہ بھی کہیں گے کہ خلافت کا حق دار میں زیادہ ہوں۔ مگر ابو بکرؓ کی خلافت کے سوا نہ ہی اللہ کسی دوسرے کی خلافت کو تسلیم کرے گا اور نہ مسلمان۔‘‘
$13.عن ابی ملیکة قال سمعت عائشة وسئلت من کان رسول الله ﷺ مستخلفا لو استخلفه؟ قالت: ابو بکر ’’قیل لَھَا ’’ثم من بعد ابی بکر؟‘‘ قالت: ’’عمر‘‘ ثم قیل لھا: ’’من بعد عمر؟‘‘ قالت ابو عبیدۃ بن الجراح۔ ثم انتھت الی ھذا۔
’’ابو ملیکہؓ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے سنا اور پھر ان سے پوچھا کہ اگر رسول اللہ ﷺ کسی کو خلیفہ بناتے تو کسے بناتے۔‘‘ فرمانے لگیں: ’’ابو بکرؓ۔‘‘ پوچھا گیا ’’حضرت ابو بکرؓ کے بعد پھر کون؟‘‘ فرمانے لگیں۔ ’’عمرؓ‘‘۔ پھر پوچھا گیا۔ ’’عمرؓ کے بعد پھر کون؟‘‘ فرمایا: ابو عبیدہ بن الجراح۔‘‘ اور یہاں بات ختم کر دی۔‘‘
حضرت ابو بکرؓ کی خلافت سے متعلق واضح ارشادات
علاوہ ازیں بہت سے ایسے واقعات بھی ملتے ہیں جو آنحضرت ﷺ کی وفات کے بعد حضرت ابو بکرؓ کی خلافت پر صریح دلالت کرتے ہیں۔ مثلاً:
$11.عن الجبیر ابن مطعم عن ابیه قال اتت النبی ﷺ امرأة فکلّمتْه فی شیءٍ فامرھا ان ترجع الیه: قالت ان جئتُ ولم اجدک کانھا ترید الموت قال فان لم تجدنی فأتی ابو بکر۔‘‘ (بخاری کتاب الاحکام۔ باب الاستخلاف) (مسلم باب فضائل ابو بکر)
’جبیر بن مطعم کے والد کہتے ہیں: ایک عورت آنحضرت ﷺ کے پاس آئی اور آپ ﷺ سے ایک امر میں کچھ عرض کیا۔ آپ نے فرمایا: ’’پھر کسی وقت آنا۔‘‘ اس نے کہا: ’’یا رسولؐ اللہ! اگر میں پھر آؤں اور آپ کو نہ پاؤں، یعنی آپ کی وفات ہو گئی ہو تو کیا کروں۔‘‘ فرمایا: اگر مجھے نہ پائے تو حضرت ابو بکرؓ کے پاس آئیو۔‘‘
حضور اکرم ﷺ کی زندگی میں (مرض الموت میں) مسجد نبوی میں جماعت کی امامت حضرت ابو بکرؓ کراتے تھے جس کا حکم خود حضور اکرم ﷺ نے دیا تھا۔
$12.عن عائشة ان النبی ﷺ قال لھا مُری ابو بکر یصل بالناس قالت انه رجل اَسِیْفٌ متی تقم مقامک۔ رَقَّ، فعاد، فعادت۔ قال شعبة: فقال فی الثالثة او الرابعة: ان کن صواحب یوسف مروا ابا بکر (بخاری، کتاب بدا الخلق۔ باب قول الله تعالٰی لقد کان فی یوسف واخوته.....)
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں رسول اللہ ﷺ نے مرض الموت میں فرمایا ابو بکرؓ سے کہو وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں‘‘ حضرت عائشہؓ نے عرض کیا۔ وہ تو نرم دل انسان ہیں۔ آپ کی جگہ کھڑے ہوں تو ان پر رقت طاری ہو جائے گی۔ آپ نے دوبارہ وہی بات دہرائی۔ حضرت عائشہؓ نے پھر وہی جواب دیا۔ حضرت شعبہؓ (اس حدیث کے راوی) کہتے ہیں آپ ﷺ نے تیسری یا چوتھی بار بھی یہی فرمایا اور کہا۔ ’’تم تو حضرت یوسف والی عورتیں ہو (ظاہر کچھ باطن کچھ) ابو بکر سے کہو نماز پڑھائیں۔
$13.عن ابی بردة ابی موسٰی عن ابیه قال مرض النبی ﷺ فقال مروا ابا بکر فلیصل بالناس فقالت ان ابا بکر؟ رجل رقیق القلب فقال مثله فقالت مثله فقال مروة فانّ کنّ صواحب یوسف فَاَمَّ ابو بکر فی حیاة النبی ﷺ فقال حسین .... زائدة دجل رقیق (بخاری حواله ایضا)
’’ابو بردہ اپنے والد موسیٰ اشعریؓ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ بیمار ہوئے تو فرمایا ابو بکرؓ سے کہو وہ نماز پڑھائیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا وہ تو (نرم دل) انسان ہیں۔ آپ نے پھر وہی حکم دیا۔ حضرت عائشہؓ نے پھر وہی کچھ عرض کیا۔ آپ نے فرمایا ابو بکرؓ سے کہو نماز پڑھائیں تم تو حضرت یوسف کی ساتھ والیاں ہو۔ پھر آپ کی زندگی بھر (وفات تک) حضرت ابو بکرؓ لوگوں کی امامت کراتے رہے۔ حسین بن علی جعفی نے اس حدیث کو زائدہ سے روایت کیا۔ یعنی ابو بکر نرم دل انسان ہیں۔‘‘
$14.عن انس بن مالک ان المسلمین بیناھم فی صلوۃ الفجر من یوم الاثنین وابو بکر یصلی لھم لَم یفجاھم الا رسول الله ﷺ قد کشف ستر حجرۃ عائشة فنظر الیھم وھم فی صفوف الصلوٰة ثم تبسم یضحک فنکص ابو بکر علٰی عقبيه لیصل الصف وظن ان رسول الله ﷺ یرید ان یخرج الی الصلوٰة۔ قال انس: وھَمَّ المسلمون ان یفتتنوا فی صلاتھم فرحًا برسول الله ﷺ۔ فاشار الیھم بیدہ رسول الله ﷺ ان اتمُّوا صلاتکم۔ ثم دخل الحجرۃ وَاَرحٰی الستر۔ (بخاری۔ کتاب المغازی باب مرض النبیﷺ)
’’حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ مسلمان پیر کے دن صبح کی نماز حضرت ابو بکرؓ صدیق کے پیچھے پڑھ رہے تھے۔ اتنے میں وہ چونک گئے۔ آنحضرت ﷺ نے حضرت عائشہؓ کا پردہ اٹھایا۔ مسلمانوں کو دیکھا کہ وہ نماز میں صفیں باندھے کھڑے ہیں۔ آپ ﷺ مسکرا کر ہنس دیئے۔ یہ دیکھ کر حضرت ابو بکرؓ ایڑیوں کے بل پیچھے سر کے تاکہ صف میں شامل ہو جائیں۔ وہ سمجھے کہ آنحضرت ﷺ نماز کے لئے برآمد ہوا چاہتے ہیں۔ انسؓ کہتے ہیں کہ آنحضرتﷺ کو دیکھ کر مسلمانوں کو اتنی خوشی ہوئی کہ نماز توڑنے ہی کو تھے کہ آپ ﷺ نے ہاتھ سے اشارہ فرمایا کہ اپنی نماز پوری کرو۔ پھر حجرے کے اندر داخل ہو گئے اور پردہ ڈال لیا۔
اور یہ تو ظاہر ہے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے نماز کی امامت اور ملک کی امامت فرد واحد کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔
$15.      حضور اکرم ﷺ نے      ۹   ؁ھ میں حضرت ابو بکرؓ کو اپنے قائم مقام کی حیثیت سے امیرُ الحج بنا کر بھیجا۔
ان ابا ھریرۃ اخبرہ ان ابا بکر الصدیق بعثة فی الحجة الّتی امر علیھا رسول الله ﷺ قبل حجة الوداع یوم النحر فی رھط یوذن فی الناس ان لا یحج البیت بعد العام لمشرک ولا یطوف بالبیت عُریانٌ۔ (بخاری۔ کتاب المناسک۔ باب لا یطوف بالبیت عریان)
’’انہیں حضرت ابو ہریرہؓ نے بتلایا کہ ابو بکر صدیقؓ نے ان کو چند اور لوگوں کے ساتھ اس حج میں بھیجا جو حجۃ الوداع سے پہلے تھا۔ جس میں آنحضرت ﷺ نے حضرت ابو بکر صدیقؓ کو امیر مقرر کیا تھا تاکہ وہ ذی الحجہ کی دسویں تاریخ کو لوگوں کو منادی کر دیں کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک بیت اللہ کا حج نہ کرے اور نہ ہی کوئی ننگا بیت اللہ کا طواف کرے۔‘‘
حج کی امارت بھی اس کی طرف واضح اشارہ تھا کہ آپ ﷺ کے بعد ملت کی امامت کی ذمہ داری حضرت ابو بکرؓ پر ہی ہو گی۔
اور درج ذیل حدیث میں حضرت ابو بکرؓ پھر اس کے بعد حضرت عمرؓ کی صرف خلافت کا ہی اشارہ نہیں تھا بلکہ ان کی مدّت خلافت اور انتظام مملکت پر بھی روشنی پڑتی ہے۔
$16. عن ابی ھریرة قال سمعت رسول الله ﷺ یقول: بینا انا نائم رایتنی عَلٰی قلیب علیھا دَلْوٌ فنزعت منھا ما شاء الله، ثم اخذہ ابن ابی قحافة فنزع بھا زنوبًا او ذنوبین وفی نزعه ضعف والله یغفر له ضعفه۔ ثم استحالت غربًا فاْخذھا ابن الخطاب فلم اَرَ عَبْقَرِیًّا من الناس ینزع نزع عمر حتّٰی ضرب الناس بعطنٍ۔ (بخاری۔ کتاب مناقب۔ باب فضائل ابو بکر)
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپ فرماتے تھے۔ ’’ایک بار ایسا ہوا، میں سو رہا تھا۔ میں نے خود کو ایک کنوئیں پر دیکھا جس پر ایک ڈول رکھا تھا۔ میں نے اس کنوئیں سے چند ڈول نکالے جتنے اللہ کو منظور تھے۔ پھر ابو بکرؓ نے ڈول پکڑا اور ایک یا دو ڈول نکالے مگر کمزوری کے ساتھ۔ اللہ اس کی کمزوری معاف فرمائے۔ پھر وہ ڈول ایک بڑا جرسہ بن گیا۔ عمرؓ نے اسے پکڑا اور میں نے ایسا شہ زور پہلوان نہیں دیکھا جو اس کی طرح پانی کھینچتا ہو۔ اس نے اتنا پانی نکالا کہ لوگوں نے اپنے اونٹوں کو حوض سے سیراب کر لیا۔
افضلیتِ حضرت ابو بکرؓ
امت مسلمہ کا امیر یا خلیفہ بھی وہی شخص ہو سکتا ہے جو سب سے بہتر ہو۔ حضرت ابو بکرؓ کی دیگر تمام صحابہؓ پر افضلیت کی بہت سی روایات ملتی ہیں۔ مثلاً
$11. وعن ابی سعید الخدری....... وکان ابو بکر اَعْلَمَنَا فقال رسول الله ﷺ: اَنَّ مِن اَمَنّ الناسِ عَلَیَّ فی صحبته وساله ابا بکر ولو کنت متّخذًا خلیلًا غیر ربّی لا تخذت ابا بکر ولٰکن اُخوَّۃ الاسلام ومُؤدَّته۔ لا یبقین باب فی المسجد الا سُدَّ الّا باب ابی بکر (بخاری۔ کتاب المناقب۔ فضائل ابو بکر)
حضرت ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں۔ اور حضرت ابو بکرؓ سب صحابہؓ سے زیادہ ظلم والے تھے اور آنحضرت ﷺ نے (اسی خطبہ میں) یہ بھی فرمایا۔ ’’صحبت کے لحاظ سے بھی اور مال کے لحاظ سے بھی ابو بکرؓ کا مجھ پر احسان اور سب لوگوں سے زیادہ ہے۔ اور اگر میں اپنے پروردگار کے سوا کسی اور کو جانی دوست بناتا تو ابو بکرؓ کو بناتا۔ البتہ اسلام کا بھائی چارہ اور محبت ان سے ہے، دیکھو مسجد کی طرف ابو بکرؓکے دروازہ کے سوا باقی سب کے دروازے بند کر دیئے جائیں۔
$12.عن ابن عمر قال کنا نخیِّرُ من الناس فی زمن النبی ﷺ فنخیَّرُ ابا بکر ثم عمر بن الخطاب ثم عثمان بن عفان (حوالہ مذکور)
(عبد اللہ) بن عمرؓ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں حضرت ابو بکرؓ کو سب سے افضل سمجھتے تھے پھر حضرت عمرؓ کو پھر حضرت عثمان بن عفّانؓ کو۔
$13.      ایک دفعہ حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ میں کچھ تکرار ہو گئی۔ اسی حالت میں پہلے حضرت ابو بکرؓ حضور ﷺ کے پاس آئے اور واقعہ بیان کر کے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔ پھر حضرت عمرؓ حضرت ابو بکرؓ کا پیچھا کرتے ہوئے حضور ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا (یعنی دونوں نے اپنی اپنی غلطی کا اعتراف کیا) پھر بھی حضور ﷺ نے یوں فرمایا:۔
ان الله بعثنی الیکم فقلتم کذبت وقال ابو بکر صدق وصانی بنفسه وما لِه فھل انتم تارکوا الی صاحِبیْ مَرَّتَیْنِ فما اُوْذِیَ بعدھا (حوالہ مذکور)
اللہ تعالیٰ نے مجھے تمہاری طرف مبعوث فرمایا تو تم نے مجھے جھوٹا کہا اور ابو بکرؓ نے مجھے سچا کہا۔ پھر اس نے مال اور جان سے میری خدمت کی۔ تو پھر کیا تم میرے دوست کو ستانا نہیں چھوڑتے؟‘‘ (دوبار ایسا کہا) اس کے بعد حضرت ابو بکرؓ کو کسی نے نہیں ستایا۔
$14.عن محمد بن الحنفیة قال: قلت لابی ای الناس خَیْرٌ بعد رسول الله ﷺ قال ’’ابو بکر‘‘ قلت ثُمّ مَنْ؟ قال ’’عمر‘‘ وخشیت ان یقول عثمان قلتُ ثمّ انت؟ قال ما انا الا رجلا من المسلمین۔ (حوالہ مذکور)
محمد بن حنیفہؒ کہتے ہیں میں نے اپنے والد (حضرت علیؓ) سے پوچھا۔ آنحضرت ﷺ کے بعد سب لوگوں سے بہتر کون ہے؟ آپ نے فرمایا۔ ’’ابو بکرؓ‘‘ میں نے پوچھا ’’پھر کون؟‘‘ فرمایا۔ ’’عمر‘‘ اب میں ڈرا کہ اب کی مرتبہ عثمان نہ کہہ دیں لہٰذا میں نے خود ہی کہہ دیا ’’پھر آپ؟‘‘ فرمانے لگے۔ میں تو عام مسلمانوں میں سے ایک شخص ہوں۔‘‘
$15.عن ابن عباس قال انی لواقفٌ علی قوم یَدَعَوُ الله لعمر بن الخطاب وقد وُضِعَ علٰی سریرہ اذا رجل من خلفی قد وضع مرفقته علی منکبی یقول: رحمک اللّٰہ ان کنتُ لارجوا ان یجعلک اللّٰہ مع صاحبیک لانه لانی کثیرا ما کنت اَسْمَعُ رسول الله ﷺ یقول کنت وابو بکر وعمر، وفعلت وابو بکر وعمر، وانطلقت وابو بکر وعمر، فاذا کنت لارجوا ان یجعلک الله معھما فالتفت فاذا ھو علی ابن ابی طلب (ایضا)
’’حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں میں ان لوگوں میں کھڑا تھا جو حضرت عمرؓ کے لئے مغفرت کی دعا کر رہے تھے اور ان کا جنازہ رکھا ہوا تھا۔ اتنے میں ایک شخص نے اپنی کہنی میرے مونڈھے پر رکھی اور کہنے لگا۔ اللہ تم پر رحم کرے مجھے یہی امید ہے کہ خدا تمہیں اپنے دونوں ساتھیوں کے ساتھ رکھے گا۔ کیونکہ میں اکثر رسول اللہ ﷺ سے سنا کرتا تھا، کہا کرتے تھے۔ فلاں جگہ میں تھا اور ابو بکرؓ اور عمرؓ۔ میں نے اور ابو بکرؓ او عمرؓ نے یہ کام کیا۔ میں اور ابو بکرؓ اور عمرؓ چل پڑے۔ سو مجھے یہی امید ہے کہ اللہ آپؓ کو ان کے ساتھ رکھے گا۔ میں نے مُڑ کر دیکھا تو یہ کہنے والے حضرت علیؓ ابن ابی طالب تھے۔‘‘
امتناع طلب امارت و مناصب
جیسا کہ ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ خلیفہ ابو بکرؓ کو نامزد کرنے کا خیال حضور ﷺ کو صرف اس وجہ سے آیا تھا کہ مبادا امارت کے لئے کچھ لوگ آرزو کریں اور کچھ دوسرے یوں کہیں کہ وہ تو ہمارا حق تھا اور ہم سے نا انصافی ہوئی وغیرہ وغیرہ ...... تو حضور اکرم ﷺ نے اپنے کئی ارشادات میں بالعموم یہ وضاحت فرما دی کہ امارت یا منصب طلب کرنا یا اس کی خواہش کرنا ایک مذموم فعل ہے۔ چنانچہ درج ذیل ارشادات ملاحظہ ہوں۔
$11. عن عبد الرحمٰن بن سمرۃ قال: قال لی رسول الله ﷺ یا عبد الرحمن بن سمُرَۃ! لا تسئل الامارۃ فان اعطیتھا عن مسئلۃ وکلت الیھا وان اعطیتھا من غیر مسئلة اُعِنْتَ علیھا۔ (بخاری۔ کتاب الاحکام۔ باب من سالِ الامارۃ) (مسلم۔ کتاب الامارۃ باب النھی عن طلب الامارۃ والحوص علیھا۔)
حضرت عبد الرحمٰن بن سمرہ کہتے ہیں مجھ سے آنحضرت ﷺ نے فرمایا! اے عبد الرحمان بن سمرۃ! حکومت اور سرداری کی درخواست نہ کیجیو۔ اگر درخواست پر تجھے ملے گی تو تمام تر ذمہ داری تمہی پر ہو گی اور تمہیں بغیر درخواست مل جائے تو اللہ تیری مدد کرے گا۔
$12.  عن ابی موسیٰ قال: دخلت علی النبی ﷺ انا ورجلان من بنی عمی فقال احدا الرجلین: یا رسول الله! اَمِّرنا علی بعض وَلَّاکَ الله عزوجل وقال الاٰخر مثل ذلک فقال: ’’اما والله لا نولی علی ھذا العمل احدا یَسْاَلٰه ولا احد حرص علیه (مسلم کتاب الامارۃ، باب النھی عن طلب الامارۃ والحرص علیھا) (بخاری، کتاب الاحکام، باب ما یکرہ من الحرص علی الامارۃ)
’’حضرت ابو موسیٰؓ کہتے ہیں میں اور میرے دو چچا زاد بھائی آنحضرت ﷺ کے پاس گئے۔ ان میں سے ایک نے کہا۔ ’’یا رسول اللہﷺ! اللہ نے آپ کو حکومت بخشی ہے اس کے کچھ حصہ پر ہمیں حاکم بنا دیجیے۔‘‘ پھر دوسرے نے بھی ایسی ہی بات کہی۔ آپ ﷺ نے فرمایا ’’خدا کی قسم! ہم کسی ایسے آدمی کو حاکم نہیں بنایا کرتے جو اس کے لئے درخواست کرے اور نہ ہی کسی ایسے شخص کو حاکم بناتے ہیں جو اس کی حرص رکھتا ہو۔‘‘
وفی روایۃ قال: لا نستعمل علٰی عملنا من ادارۂ (متفق علیہ۔ حوالہ مذکور)
ایک دوسری روایت میں ہے۔ آپ نے فرمایا۔ ’’ ہم اپنے انتظامی امور میں کسی ایسے شخص کو شریک نہیں کرتے جو اس کا ارادہ رکھتا ہو۔
$13.عن ابی ذرٍ قال: قلت: یا رسول الله الا تستعملنی؟‘‘ قال فضرب بِیَدہِ علٰی منکبی ثم قال: یا ابا ذر! انک ضعیف وانھا امانة وانھا یوم القیٰمة خزی وندامة الا من اخذھا بحقھا واَدّی الذی علیة فیھا۔ (مسلم۔ حواله مذکور)
حضرت ابو ذر (غفاریؓ) سے روایت ہے میں نے کہا۔ ’’اے اللہ کے رسولؐ! کیا آپ مجھے حاکم نہیں بنا دیتے؟‘‘ حضور اکرم ﷺ نے اپنا ہاتھ میرے مونڈھے پر رکھا اور فرمایا: ’’اے ابو ذر! تو ضعیف آدمی ہے اور حکومت ایک امانت ہے جو قیامت کے دن رسوائی اور پشیمانی کا باعث بنے گی۔ مگر جس نے اس کی ذمہ داریوں کو بنایا اور اس کے پورے حقوق ادا کیے۔
$14.عن ابی ھریرۃ عن النبی ﷺ قال: انکم مستَحْرِصُوْنَ علی الامارۃ وستکون ندامة یوم القیمة فنعم المرضعة وبئسَت الفاطمة۔ (بخاری، کتاب الاحکام۔ باب ما یکرہ من الحرص.....)
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ تم لوگ عنقریب حکومت اور سرداری کی حرص کرو گے اور قیامت کے دن اس کی وجہ سے شرمندگی ہو گی۔ (کیونکہ حکومت ایک انّا کی طرح ہے) دودھ پیتے وقت تو مزہ ہے مگر چھٹتے وقت سخت تکلیف۔
جاہ طلبی، دولت کی حرص دو ایسے جرائم ہیں جو ایک فلاحی مملکت کو بیخ و بُن سے ہلا کر رکھ دیتے ہیں۔ آپ نے ان دونوں باتوں سے ان الفاظ میں منع فرمایا:
$15.عن کعب ابن مالک عن ابیه قال: قال رسول الله ﷺ: ’’ما ذئبانِ جائعان اُرْسِلَا فی غنم بافسد لھا عن حوص المرءِ علی المالِ والشرف لدینه (ترمذی)
’’حضرت کعب بن مالک اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بکریوں کے ریوڑ میں دو بھوکے بھیڑیے اتنی تباہی نہیں مچا سکتے جتنی انسان کی حرصِ جاہ و مال اس کے دین کے لئے تباہ کن ہو سکتی ہے۔‘‘
آئندہ واقعات سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اس معیار پر بھی پورے اُترتے ہیں۔
[1]  یہ کوئی حکم نہیں تھا بلکہ اس کی حیثیت بھی ایسی ہی ہوتی تھی جیسے آپ ﷺ نے یہ خبر دی تھی کہ میرے بعد تیس سال تک خلافت علی منہاج النبوت رہے گی۔