قربانی کے بارے میں سوالات کے مختصر جوابات

س: قربانی کا جانور ذبح کرتے وقت مسنون دعا ذکر فرمائیں؟
(1)جانور ذبح کرنے کی مسنون دعا ہے: بسم الله والله اكبر (متفق علیہ)
س: کیا اُونٹ کی قربانی میں دس حصہ داروں کی شراکت صحیح حدیث سے ثابت ہے؟
(2) اُونٹ کی قربانی میں دس افراد کی شراکت والی حدیث کو مشکوٰۃ کے حاشیہ پر علامہ البانی حفظہ اللہ نے صحیح کہا ہے ۔۔ (1/421)
س: کیا گائے، اُونٹ وغیرہ کی اکیلا آدمی قربانی کر سکتا ہے یا سات حصہ دار ہونا ضروری ہے؟
(3) گائے، بیل اور اونٹ صرف ایک آدمی بھی کر سکتا ہے بلکہ اصل یہی ہے۔ شراکت محض اللہ کا فضل ہے۔ حجۃ الوداع کے موقعہ پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سو قربانیاں کی تھیں (زادالمعاد: 1/228-229) اور دوسرے موقعہ پر دو مینڈھے ذبح کیے (مشکوۃ: باب فی الاضحیہ)
س: قربانی کے بعض حصہ دار بے نماز ہوں تو باقی حصہ داروں کی قربانی درست ہے؟
(4) مشرک اور بے نماز کی حصہ داری سے احتراز کرنا چاہئے اگر کوئی ایسی صورت پیش آئے تو حتیٰ المقدور اس سے خلاصی کی سعی کرنی چاہئے۔ بصورتِ دیگر اللہ سے توبہ استغفار کر لینی چاہئے ۔۔وہ کوتاہی معاف کرنے والا ہے۔
س: کیا قربانی کی کھال ذاتی کتب خانے، ذاتی رستے یا عام رستے بنانے کے لیے استعمال ہو سکتی ہے؟
(5) قربانی کی کھال فقراء، مساکین کو دینی چاہئے۔ اگر مصلیٰ یا ڈول وغیرہ بنا لیا جائے تو اس کا بھی جواز ہے لیکن رفاہِ عامہ کے کاموں میں صرف نہیں کرنی چاہئے اور فروخت کر کے پیسے کھانے کی بھی اجازت نہیں۔
س: "قربانی تمہارے باپ ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ۔۔۔ الحدیث" کیا یہ روایت صحیح ہے؟
(6) ضعیف ہے ۔۔۔ بحوالہ مشکوٰۃ/حاشیہ از علامہ البانی (1/446)
س: مخنث (نہ مذکر نہ مؤنث) جانور کی قربانی کا کیا حکم ہے؟
(7) مخنث جانور کی قربانی درست ہے، عدم جواز کی کوئی وجہ نہیں۔ تذکیر و تانیث کا شرع میں تعین نہیں۔
س: بے نماز مسلمان کا ذبیحہ درست ہے یا نہیں؟
(8) بے نماز کے ذبیحہ سے بچنا چاہئے۔
س: مشرک کے ذبیحہ کے بارے میں کیا حکم ہے؟
(9) مشرک کے ذبیحہ سے اجتناب ضروری ہے البتہ یہودونصاریٰ کا ذبیحہ اس سے مستثنیٰ ہے۔
س: مشینی ذبیحہ کے بارے میں کیا حکم ہے؟
(10) مشینی ذبیحہ درست نہیں کیونکہ اس طرح خون نہیں بہتا جب کہ حدیث میں ہے ما انهر الدم (جو چیز خون بہائے) اور جواہر الفقہ (2/416) میں ہے: "اتنی بات متعین ہے کہ جانور کی رگیں نہیں کاٹی گئیں یا ذبح کرنے والا مسلمان یا کتابی نہیں ہے یا سب کچھ ہے مگر ذبح کے وقت اللہ کا نام لینا قصدا چھوڑ دیا یا کسی غیراللہ کا نام اس پر ذکر کیا ہے تو وہ ذبیحہ حلال نہیں۔"
کسی مشین میں شرائطِ مذکورہ کی خلاف ورزی نہ ہو تو اس کا ذبح کیا ہوا جانور حلال ہے اور ان سے ایک شرط بھی فوت ہو جائے تو ذبیحہ حرام ہو جائے گا اور جب تک صحیح صورت معلوم نہ ہو اس وقت تک مشینی ذبیحہ کے گوشت سے احتیاط کرنا واجب ہے ۔۔۔ واللہ اعلم!
س: کسی مسلمان کے پاس صرف 2000 ہزار روپیہ ہے۔ کیا وہ بھی زکوٰۃ ادا کرے گا؟
(11) زکوٰۃ ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی قیمت پر واجب ہوتی ہے۔ ظاہر ہے کہ دو ہزار روپے آج کل اس کی قیمت سے کم ہیں لہذا اس میں زکوٰۃ واجب نہیں۔
س: فی زمانہ کم از کم کتنے ہزار روپیہ نقدی ہو تو زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہو گی؟
(12) ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی قیمت، جو بھی موجودہ نرخ کے حساب سے ہو۔
س: زکوٰۃ کا نصاب نقد رقوم میں سونے کی بنیاد پر ہو گا یا چاندی کی؟
(13) نقدی/رقم میں زکوٰۃ کا نصاب چاندی کی بنیاد پر ہو گا کیونکہ یہ صحیح ترین نص سے ثابت ہے۔
س: ایک شخص کے پاس اتنی نقد رقم ہے کہ وہ حج کر سکتا ہے مگر اس کا خیال ہے کہ ابھی حج کے مہینہ میں چند ماہ باقی ہیں لہذا وہ کوئی کاروبار شروع کرتا ہے اور حج سے محروم ہو جاتا ہے۔ جب کہ دوسرا ایسا ہی شخص حج کر لیتا ہے جبکہ تیسرا شخص ایسا ہے کہ اس کے پاس عین حج کے مہینہ میں زادِ راہ پورا ہے مگر وہ کاروبار وغیرہ کو ترجیح دیتا ہے اور حج نہیں کرتا ۔۔۔ ان تینوں اشخاص کے طرزِ عمل ازروئے شریعت کیسے ہیں؟
(14) گھریلو اخراجات کے علاوہ اگر حج کی رقم موجود ہو تو فورا حج کا اہتمام کرنا چاہئے اور کاروباری معاملہ کو مؤخر کر دینا چاہئے۔ درمیانے آدمی کا طرزِ عمل درست ہے اور تیسرا خطاکار ہے۔۔ ان کو اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کرنی چاہئے۔
س: کیا فرضی روزوں کی قضا ماہِ شوال میں دینا درست ہے یا ممنوع؟
(15) فرضی روزوں کی قضا ماہ شوال میں درست ہے، ممانعت کی کوئی وجہ نہیں۔
س: جہاد کشمیر میں شریک ہونے والے مجاہدین کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
(16) مجاہد کے ثواب کی حد تک، اگر اللہ کے کلمہ کی سربلندی کی خالص نیت ہے تو بلاشبہ شرعی جہاد ہے۔
س: عذابِ قبر روح کو ہوتا ہے یا میت کو، یا دونوں کو؟
(17) نصوص سے ظاہر ہوتا ہے کہ عذابِ قبر کا تعلق جسم اور روح دونوں سے ہے۔
س: ایک آدمی دنیاوی قبر کے عذاب کا منکر ہے اور کہتا ہے کہ برزخی قبر میں عذاب ہوتا ہے۔ اسی طرح مومن کی برزخی قبر کشادہ ہوتی ہے، دنیاوی قبر نہیں ۔۔۔ یہ عقیدہ اسلام کی نظر میں کیسا ہے؟
(18) دنیاوی قبر کا تعلق بھی اصلا برزخ سے ہے لہذا اس تفریق کی کوئی ضرورت نہیں۔ عذاب قبر ہر دو صورت میں برحق ہے۔ تاویل اور انکار کی کوئی گنجائش نہیں۔
س: عليين و سجين میں اعمال نامے اور روح دونوں رکھے جاتے ہیں یا کوئی ایک؟
(19) عليين و سجين سے اعمال نامے اور روح دونوں کا تعلق ہوتا ہے (فتاویٰ عزیزیہ)
س: قبر میں میت سے تین مشہور سوال: مَن ربك، ما دينك، من نبيك کا پوچھا جانا صحیح حدیث سے ثابت ہے؟
(20) ہاں یہ تینوں سوالات صحیح احادیث سے ثابت ہیں؟
س: محلہ کی جامع مسجد میں مکتبہ اور تعلیم قائم اور جاری و ساری ہونے کی صورت میں کوئی آدمی اسی محلہ کے کسی دوسرے گھر وغیرہ میں مکتبہ اور تعلیم کا سلسلہ قائم کر دے جس کی وجہ سے مسجد کی آبادی اور محلہ کی جماعت میں تفرقہ پڑ جائے تو ایسے فرقہ پسند شخص کے بارے میں فرمائیں؟
(21) افراد کو جوڑنا چاہئے، توڑنا نہیں چاہئے۔ تفرقہ کے اسباب کا کھوج لگا کر ہر ممکن طریقہ سے اتحاد کی سعی کرنی چاہئے، اسی میں خیروبرکت ہے۔ جھگڑا اور تفرقہ بازی سے قرآن میں سختی سے روکا ہے وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ ۖ "آپس میں جھگڑا مت کرو، اس سے تم (راہ حق) سے پھسل جاؤ گے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی" ۔۔۔ دین و دنیا کی فلاح اسی پر منحصر ہے کہ  افرادِ امت میں خلوص پیدا ہو اور اتفاق و یگانگت پروان چڑھے۔
س: دینی تعلیم دینے والے قاری صاحب کی تنخواہ کا بیشتر حصہ کوئی صاحب یا ادارہ سود کی رقم سے ادا کرے تو ایسی تنخواہ لے کر دینی ادارہ چلانا صحیح ہے؟
(22) قاری صاحب کو سودی تنخواہ وصول نہیں کرنی چاہئے، سود میں معمولی سی شرکت بھی حرام ہے۔ اور جانتے بوجھتے ہوئے حرام مال کو معاوضے کے طور پر وصول کرنا شرعی اعتبار سے جائز نہیں۔
س: دینی مدرسے کے لیے سود اور حرام رقوم لے کر مدرسہ چلانا اسلام کی رو سے کیسا ہے؟
(23) سودی اور حرام رقم سے دینی ادارہ چلانا بھی بلاشبہ حرام ہے۔
س: آپ کی کتابِ سند جو کہ غالبا فاروقی کتب خانہ والوں نے چھاپی تھی، کہاں سے مل سکتی ہے؟
(24) تذكرة الجهابذة الدرري میرے پاس ہے لیکن عام مطالعہ کی کتاب نہیں یہ تو صرف اس کو دی جاتی ہے جس کے تلمذ کا انتساب میری طرف ہے۔
س: روایتِ ابن عباس رضی اللہ عنہ و ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ از صحیح بخاری (بحوالہ تفہیم القرآن: جلد6، ص 560 تا 526) کی رو سے روایتِ عبادۃ بن صامت رضی اللہ عنہ (بحوالہ ابوداود وغیرہ از مشکوٰۃ باب الاجارۃ) جس کو شیخ البانی نے شواہد کی بنا پر صحیح اور صاحب نیل نے قابل عمل قرار دیا کی رُو سے ہدیہ، امامت، نکاح، خطابت وغیرہ کا معاوضہ لینا حرام/ناجائز معلوم ہوتا ہے، تطبیق و توفیق کی صورت سے آگاہ فرمائیں۔
(25) اگر اُجرت سے مراد تبلیغ، وعظ اور تعلیم قرآن کی اُجرت ہے تو پھر اُجرتِ تبلیغ، وعظ اور تعلیم قرآن کو اعلیٰ ترین کسب ہونا چاہئے حالانکہ اس کو اعلیٰ کسب کسی صورت نہیں کہا جا سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ انبیاء کی بابت قرآن میں کثرت کے ساتھ اُجرت کی نفی کی گئی ہے تو انبیاء کے وارثوں کے لیے یہ اعلیٰ کسب کیسے ہو گا۔ بہرصورت اس سے اجر تبلیغ و تعلیم کا جواز پیش کرنا تسلی بخش نہیں، خصوصا جب ممانعت کی آٹھ احادیث اس بارے میں صاف موجود ہیں۔ امام شوکانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "ان احادیث کا مجموعہ جس بات کا فیصلہ کرتا ہے اس سے عدمِ جواز کو ہی ترجیح معلوم ہوتی ہے" (نیل الاوطار) اور پہلی حدیث میں دم جھاڑے کی صورتیں مراد ہیں، ائمہ حدیث کے تراجم بھی اس بات کے مؤید ہیں۔
س: چمچہ کے ساتھ کھانا کھانے کا عمل صحیح ہے یا غیر صحیح؟
(26) چمچہ کے ساتھ کھانا کھانے کا کوئی حرج نہیں محض سہولیات کی ایک شکل ہے لیکن بہتر ہے کہ انگلیوں سے کھانا کھایا جائے۔
س: حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے کلمہ اشهد کو اسهد پڑھتے تھے ۔۔ کیا یہ روایت صحیح ہے؟
(27) حافظ ابن کثیر کو کہتے ہیں: "اس روایت کی کوئی اصل نہیں" ۔۔ (المقاصد الحسنۃ ص 247)
(سائل: محمد صدیق، ایبٹ آباد)
س: مقتدی امام کے ساتھ جس رکعت میں شامل ہو گا، وہ مقتدی کی پہلی رکعت تصور ہو گی یا جو رکعت امام کی ہے وہی مقتدی کی ہو گی؟
(1)متقدی امام سے جس رکعت میں ملتا ہے وہ اُس کی پہلی رکعت ہوتی ہے ۔۔ راجح مسلک یہی ہے۔
س: ایک مسلمان انسان مرنے سے قبل وصیت کر جائے کہ مرنے کے بعد اس کے اعضاء کسی اور کو لگا دیے جائیں تو کیا یہ شرعا درست ہے؟
(2) مرنے کے بعد اپنے اعضاء کی کسی دوسرے کے لیے وصیت کرنا درست نہیں کیونکہ انسانی بدن اللہ کی امانت ہے، بندے کی ملک نہیں۔ اسی بنا پر تو خودکشی کو جرم قرار دیا گیا ہے۔
س: حدیث میں احب سنتى فقد احبنى "جس نے میری سنت سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی" کی سند صحیح ہے یا ضعیف؟
(3) اس حدیث میں علی بن زید بن جدعان ضعیف راوی ہے۔
س: حدیث "مسواک کر کے پڑھی گئی نماز بغیر مسواک کی گئی نماز سے ستر درجے زیادہ فضٰلت رکھتی ہے" صحیح ہے یا ضعیف؟ (شیخ محمد علی محسن بہار کالون کراچی)
(4) روایت ضعیف ہے (مزید تحقیق کے لیے ملاحظہ ہو: الفوائد المجموعۃ للشوکانی، ص 11 و مشکوٰۃ بتحقیق علامہ البانی (1/124) اور تلخیص الحبیر (1/6867) تخریج صلوۃ الرسول صلی اللہ علیہ وسلم ص 102)