تبصرہ کتب
نام کتاب: شرف المسلم
تالیف: الدکتور محمد اسحاق (مدینہ منورہ)
ضخامت: 108 صفحات
ناشر: الدکتور محمد اسحاق ص ب 7558۔ المدینہ المنورہ، المملکۃ العربیۃ السعودیۃ
عربی ٹائپ، سفید کاغذ، قیمت درج نہیں۔
ڈاڑھی رکھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور مسلمان کے لیے باعثِ شرف بھی۔۔۔لیکن افسوس، آج کا مسلمان اس شرف سے عاری ہو چکا ہے، الا ماشاءاللہ۔۔۔مؤلف کی یہ کتاب اسی موضوع پر ہے۔ موصوف نے مقدمۃ الکتاب میں تحریر فرمایا ہے کہ:
اللہ تعالیٰ ہمارا خالق ہے اور اللہ تعالیٰ ہی نے ڈاڑھی کو ہمارے چہروں پر سجا کر ہمیں شرف و جمال سے نوازا ہے۔ لیکن مسلمانوں کی ایک کثیر تعداد اس عطیہ خداوندی کی اس قدر دشمن ہے کہ اس کو مونڈنا ان کے یومیہ وظائف کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ حالانکہ ایک بچہ جب جوان ہوتا ہے اور ابھی اس کی ڈاڑھی نہیں ہوتی تو لوگ اسے "امرد" کہتے ہیں۔ لیکن جب ڈاڑھی اس کے چہرے پر اترتی ہے تو وہ اسے مونڈ کر اپنے تئیں گویا مخنث بنا لیتا ہے۔۔۔ علاوہ ازیں ڈاڑھی مونڈنا کئی طرح سے قابلِ مذمت ہے۔ مثلا:
1۔ اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کہ "اپنی ڈاڑھیوں کو بڑھاؤ" کی مخالفت پائی جاتی ہے۔
2۔ کفار سے مشابہت
3۔ عورتوں سے مشابہت
4۔ اللہ کی پیدائش میں تبدیلی۔۔۔اور
5۔ اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ترک کرنا وغیرہ
مؤلف موصوف نے اس کتاب میں، ڈاڑھی کے سلسلہ میں وارد شدہ احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، صحاح ستہ اور دیگر کتبِ حدیث سے الگ الگ ابواب میں درج کرنے کے علاوہ اس مسئلہ میں ائمہ حدیث کی آراء بھی نقل فرمائی ہیں، پھر ایسے امراض گنوائے ہیں جو ڈاڑھی مونڈنے کی بناء پر لاحق ہو سکتے ہیں اور ان اعضائے جسمانی کی نشاندہی کی ہے جو اس حرکت سے متاثر ہوتے ہیں۔۔۔ الغرض اس موضوع پر یہ کتاب انتہائی مفید ہے، زبان اگرچہ عربی ہے لیکن الفاظ دقیق نہیں۔ چنانچہ عربی زبان سے معمولی شُد بُد رکھنے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں، بایں ہمہ مولف موصوف اس کا عربی ترجمہ بھی شائع کر دیں تو ظاہر ہے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔فجزاه الله عنا وعن سائر المسلمين