تبصرہ کتب

کتاب: ہمارے فرائض اور ہمارے حقوق

مؤلفہ: حافظ نذر احمد، پرنسپل شبلی کالج لاہور

صفحات: بڑا کتابی سائز 36*23/16 : 336 صفحات

معیاری کتابت و طباعت، سنہری جلد، قیمت 33 روپیہ

ناشر: مسلم اکادمی، محمد نگر، لاہور 5

حقوق و فرائض کے موضوع پر اردو میں صرف چند کتابیں لکھی گئی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ان میں کئی اعتبار سے انفرادی حیثیت رکھتی ہے۔ مؤلف موصوف نے قدیم اور معروف عنوانات کے علاوہ عصرِ حاضر کے جدید رشتوں کو بھی شامل کیا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ حقوق سے پہلے فرائض بیان کیے ہیں۔ کتاب ایک مسلسل مضمون کی صورت مین نہیں بلکہ معین طور پر ذیلی عنوانات کے تحت ایک ایک فرض اور پھر جدا جدا حقوق کو بیان کیا گیا ہے۔

کوئی فرض یا کوئی حق ایسا نہیں جو کتاب و سنت کے حوالے کے بغیر درج ذیل کیا گیا ہو۔ ہر آیت قرآنی اور حدیث، نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا متن مع ترجمہ موجود ہے۔ حوالہ اس کے ساتھ ہے۔

کتاب "حقوق و فرائض" پانچ حصوں پر مشتمل ہے:

انسانی رشتے، عائلی رشتے، سماجی رشتے، دینی رشتے، اور سیاسی رشتے، کتاب میں سربراہِ مملکت اور حاکمِ عدالت سے لے کر ایک معالج، مریض، تاجر، خریدار، آجر اور اجیر اکیاون (51) رشتوں پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔

عصر حاضر کے سماجی انتشار کا بڑا سبب یہی ہے کہ ہر کسی کو اپنے حقوق کی دھن ہے۔ اسی کی شب دردز تگ و دو ہے، اپنے فرائض کی نہ کسی کو فکر ہے نہ ان کا احساس ہے۔ حد تو یہ ہے کہ حقوق بھی متعین طور پر معلوم نہیں۔ حافظ صاحب نے فرائض و حقوق کی جدا جدا نشاندہی کر کے ایک بڑی خدمت کی ہے۔ یہ کتاب قوم کے ہر طبقے کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ ہم اپنے جملہ قارئین سے بلا استثناء اس کتاب کے مطالعہ کی سفارش کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔2۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


کتاب: یہودیت اور مسیحیت

مؤلف: ڈاکٹر احسان الحق رانا (ایم ایس سی (آنرز) پی۔ ایچ۔ ڈی (پنجاب) ایم۔ ایس (کولمبیا)

صفحات: بڑا سائز 22*18/8 400 صفحات

قیمت: چالیس روپیہ

ناشر: مسلم اکادمی 29/18 محمد نگر لاہور 5

زیر نظر کتاب دنیا کے دو قدیم مذاہب یہودیت اور مسیحیت پر ایک تحقیقی اور تنقیدی کتاب ہے۔ اس کتاب میں ان مذاہب پر ہر پہلو اور ہر گوشہ سے بحث کی گئی ہے۔ مؤلف کا اندازِ تحریر یہ ہے کہ ایک عنوان قائم کرتے ہیں، چند تمہیدی کلمات کے بعد بائبل اور مسیحی کتب کے اقتباسات پیش کرتے ہیں۔ آخر میں ان کا جچے تلے انداز میں تجزیہ کرتے ہیں۔ چنانچہ چار صد صفحات کی کتاب میں پانچ صد (500) سے زائد اقتباسات موجود ہیں۔

اس کتاب میں یہودیت اور مسیحیت کا مکمل تعارف ہے۔ کتبِ عہدِ عتیق اور عہدِ جدید پر علمی انداز میں سیر حاصل بحث ہے۔ عقائد اور تاریخ کا تنقیدی جائزہ ہے۔ اس کتاب کا مسودہ "اہلِ کتاب کے مذاہب کی حقیقت" کے نام سے مرتب کیا گیا تھا جسے حکومتِ پنجاب نے اشاعت سے قبل ہی ضبط کر لیا۔ ضبط شدہ مسودہ کی بازیابی کے بعد اسے اس ضیخم کتاب کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔

تقابل ادیان سے دلچسپی رکھنے والے اور یہودیت و مسیحیت کے مطالعہ کے ہر خواہش مند کے لیے یہ کتاب ایک ارمغانِ علمی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کتاب کئی ابواب اور متعدد گوشواروں پر مشتمل ہے۔ اردو بازار لاہور میں اسلامی اکادمی سے بھی مل سکتی ہے۔