'سجدہ سہو' ایسے دو سجدوں کو کہتے ہیں جنہیں ایک نمازی بھول چوک کی وجہ سے اپنی نماز میں پیدا ہونے والے خلل کو پورا کرنے (نقص کی تلافی) کے لیے کرتا ہے۔ اس کے اسباب تین ہیں: 1۔زیادتی 2۔کمی اور 3۔شک
ذیل میں ہر صورت کے احکام ومسائل علیحدہ علیحدہ پیش کیے جاتے ہیں:
1۔زیادتی (سلام پھیرنے کے بعد سجدہ سہو)
جب کوئی نمازی جان بوجھ کر اپنی نماز میں قیام، رکوع ، سجدہ یا قعدہ کا اضافہ کردیتا ہے تو اس کی نماز باطل ہو جاتی ہے اور اگر یہی عمل اس سے بھول کر سرزد ہو جاتا ہے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد اس کو یاد آتا ہے تو ایسے موقع پر اس کے لیے سجدہ سہو کر لینا کافی ہے۔ سجدہ سہو کر لینے سے اس کی نماز صحیح ہو جائے گی۔اور اگر اضافی عمل کے دوران اسے یاد آجائے تو اس اضافی عمل سے لوٹنا اور آخر نماز میں سجدہ سہو کرنا واجب ہے۔ ایسا کرلینے سے اس کی نماز صحیح ہو جائے گی۔
اس کی صورت یہ ہے کہ ایک شخص نے ظہر کی نماز پانچ رکعت پڑھ لی اور تشہد میں اس کو یاد آیا کہ چار کی جگہ اُس نے پانچ رکعتیں پڑھ لی ہیں۔ ایسے موقع پر وہ تشہد کو پورا کرے گا اور سلام پھیرے گا، پھر سجدہ سہو کرے گا اور دوبارہ سلام پھیرے گا اور اگر اس اضافی عمل کی یاد اس کو سلام پھیرنے کے بعد آئی ہے، تو صرف سجدہ سہو کرے گا اور سلام پھیر دے گا۔ اگر اس اضافی عمل کی یاد پانچویں رکعت کے دوران آ جائے تو فوراً اسی وقت بیٹھ جائے گا اور تشہد پڑھے گا اور سلام پھیرے گا، پھر سجدہ سہو کر کے سلام پھیر دے گا۔
اس مسئلہ کی دلیل حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے مروی یہ حدیث ہے کہ
أَنَّ النَّبِىَّ ﷺ صَلَّى الظُّهْرَ خَمْسًا فَلَمَّا سَلَّمَ، قِيلَ لَهُ: أَزِيدَ فِى الصَّلاَةِ؟ قَالَ:«وَمَا ذَاكَ».قَالُوا: صَلَّيْتَ خَمْسًا. فَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ بَعْدَ مَا سَلَّمَ...1
''نبی کریمﷺ نے ظہر کی نماز پانچ رکعت پڑھ لی، صحابہ کرام نے عرض کیا کہ کیا: نماز میں کچھ اضافہ ہوا ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: کیوں کیا ہوا؟ صحابہ کرام نے عرض کیا، آپ نے پانچ رکعت پڑھ لی ہے، لہٰذا آپ نے سلام کے بعد دو سجدے کیے، اور ایک روایت میں یہ بھی آیا ہے کہ آپ نے اپنے پاؤں پھیر لیے اور قبلہ کا رخ کیا اور دو سجدے کیے، پھر اس کے بعد سلام پھیرا۔''
نماز پوری ہونے سے پہلے سلام
نماز پوری ہونے سے پہلے سلام پھیرنا نماز میں اضافہ کرنا ہے، لہٰذا اگر کوئی نمازی جان بوجھ کر نماز پوری ہونے سے پہلے سلام پھیر دیتا ہے تو اس کی نماز باطل ہو جائے گی۔
اور اگر یہ عمل بھول کر کرتا ہے اور اس کی یاد کافی دیر کے بعد آتی ہے تو نئے سرے سے نمازکو دہرائے گا اور اگر تھوڑی دیر کے بعد اس کی یاد آتی ہے، جیسے دو یا تین منٹ بعد تو اپنی نماز کو پوری کرےگا، سلام پھیرے گا پھر سجدہ سہو کرے گا اور دوبارہ سلام پھیرے گا۔ اس مسئلہ کی دلیل حضرت ابو ہریرہ سے مروی یہ حدیث ہے کہ
''نبی کریمﷺ نے صحابہ کرام کو ظہر یا عصر کی نماز پڑھائی اور دو ہی رکعت پر سلام پھیر دیا۔ اس پر کچھ جلد باز لوگ یہ کہتے ہوئے مسجد کے دروازوں سے نکلے کہ 'نماز کم کر دی گئی ہے۔' یہ سن کر نبی اکرمﷺ نے مسجد کی لکڑی پر ٹیک لگائی اس وقت آپ کے چہرہ سے غصہ کا اظہار ہو رہا تھا۔ اتنے میں ایک شخص کھڑا ہوا اور اس نے عرض کیا: اے اللہ کے رسولﷺ! آپ بھول گئے ہیں یا واقعی نماز میں کمی کر دی گئی ہے؟ نبی اکرمﷺ نے فرمایا : نہ میں بھولا ہوں نہ نماز میں کمی کی گئی ہے۔ یہ سن کر اس آدمی نے عرض کیا: نہیں، آپ بھول گئے ہیں۔ یہ سن کر آپﷺ نے صحابہ کرام سے پوچھا: کیا یہ شخص صحیح کہہ رہا ہے؟ صحابہ کرام نے عرض کیا: جی ہاں، لہٰذا آپﷺ آگے بڑھے، باقی ماندہ نماز پوری کی پھر سلام پھیرا، دو سجدے کیے اور آخری سلام پھیرا۔''2
جب امام نماز پوری ہونے سے پہلے ہی سلام پھیر دے، اور مقتدیوں میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوں جن کی بعض رکعتیں چھوٹ گئی ہوں، پھر امام کو یاد آیا ہو کہ اس کی نماز پوری نہیں ہوئی ہے، لہٰذا اسے پوری کرنے کے لیے کھڑا ہو گیا ہو، ایسے موقع پر ان مقتدیوں کو اختیار ہے جن کی کچھ رکعتیں چھوٹ گئی تھیں کہ چاہیں تو اپنی چھوٹی ہوئی رکعتوں کو پورا کریں اور سجدہ سہو کر لیں، یا پھر امام کے ساتھ ہو جائیں اور اس کی اتباع کرنے لگیں اور جب امام سلام پھیر دے تو پھر اپنی چھوٹی ہوئی رکعتوں کو پورا کریں اور سلام کے بعد سجدہ سہو کر لیں۔ یہی مناسب اور بہتر ہے۔
2۔نقص ؍کمی (رکن کی سہواً کمی کی صورت میں رکعت لغو)
دوسری صورت یہ ہے کہ ارکانِ نماز 3میں کمی واقع ہو جائے۔ اگر کوئی نمازی اپنی نماز کے کسی رکن کو چھوڑ دے اور وہ رکن تکبیر تحریمہ ہو تو اس کی نماز ہی نہیں ہو گی، چاہے اس نے عمداً (جان بوجھ) کر چھوڑا ہو یا سہواً، اس سے چھوٹ گئی ہو، اس لیے کہ تکبیر تحریمہ چھوڑنے کی وجہ سے اس کی نماز ہی نہیں ہوئی۔ اور اگر تکبیر تحریمہ کے علاوہ کسی دوسرے رکن کو عمداً چھوڑا ہے یا سہواً۔ اگر عمدا چھوڑا ہے تب بھی اس کی نماز باطل ہو جائے گی اور اگر سہواً چھوڑا ہے، اور اس رکن کو چھوڑ کر نماز جاری رکھتے ہوئے دوسری رکعت میں اس چھوڑے ہوئے رکن تک پہنچ گیا ہے، تو وہ رکعت لغو (رائیگاں) ہو جائے گی۔ جس رکعت میں ایک رکن کو چھوڑا ہے تو دوسری رکعت جو ناقص رکعت کے بعد آئے گی، ناقص رکعت کے قائم مقام ہو گی اور اگر دوسری رکعت میں اس جگہ پر نہیں پہنچا ہے جس جگہ پہلی رکعت میں ایک رکن کو چھوڑا ہے تو چھوٹے ہوئے رکن کو ادا کرے گا، اس کے بعد باقی ماندہ نماز پوری کرے گا، لیکن دونوں حالتوں میں سلام کے بعد اس پر سجدہ سہو واجب ہو گا۔
اس کی صورت یہ ہے کہ ایک شخص پہلی رکعت میں دوسرا سجدہ بھول گیا اور یہ بھول اس کو تب یاد آئی جب وہ دوسری رکعت کے دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھا تھا، تو اس کی پہلی رکعت کالعدم ہوئی اور دوسری رکعت کو پہلی رکعت سمجھ کر اپنی نماز پوری کرے گا اور سلام پھیر کر سجدہ سہو کرے گا، پھر سلام پھیرے گا۔
دوسری صورت یہ ہے کہ ایک شخص نے پہلی رکعت کے سجدہ ثانیہ اور اس سے پہلے کے قعدہ کو بھول کر چھوڑ دیا اور یہ اسے اس وقت یاد آیا جب وہ دوسری رکعت میں رکوع سے کھڑا ہوا، تو ایسی حالت میں وہ بیٹھ کر سجدہ کرے گا، پھر اپنی نماز پوری کرے گا اور سلام پھیرے گا، پھر سجدہ سہو کر کے دوبارہ سلام پھیرے گا۔
ترکِ واجب (واجب کی سہواً کمی کی صورت میں سجدہ سہو)
جب کوئی نمازی نماز کے کسی واجب4 کو عمداً چھوڑ دیتا ہے تو اس کی نماز باطل ہو جاتی ہے، اور اگر بھول کر چھوٹ جاتا ہے اور اس واجب کی جگہ کو چھوڑنے سے پہلے اسے یاد کر لیتا ہے تو اس کو ادا کرے گا اور اس پر سجدہ سہو واجب نہیں ہو گا اور اگر اس چھوٹےہوئے واجب کی جگہ کو چھوڑنے کے بعد اور اس کے بعد والے رکن تک پہنچنے سے پہلے اس کو یاد کر لیا ہے تو اس چھوٹے ہوئے واجب کو ادا کرے گا، پھر اپنی باقی نمازپوری کرے گا اور سلام پھیرے گا، پھر سجدہ سہو کرے گا اور دوبارہ سلام پھیرے گا۔ اور اگر اس واجب کو چھوڑ کر دوسرے رکن میں پہنچ جاتا ہے تو وہ واجب ساقط ہو جائیگا، لہٰذا اسے ادا کیے بغیر اپنی نماز کو جا ری رکھے گا اور سلام پھیرنے سے پہلے سجدہ سہو کرے گا۔
مثال کے طور پر ایک شخص دوسری رکعت کےسجدہ ثانیہ کے بعد بھول کر اور تشہد اول چھوڑ کر تیسری رکعت کی نیت سے اٹھا اور پوری طرح کھڑا ہونے سے پہلے اس کو اپنا سہو یاد آ گیا تو بیٹھ جائے گا اور تشہد پڑھے گا، پھر اپنی نماز پوری کرے گا، اس حالت میں اس پر سجدہ سہو واجب نہ ہو گا اور اگر اسکی یاد اس کو اچھی طرح سیدھے کھڑے ہونے سے پہلے آئی تو لوٹ کر بیٹھ جائے گا اور تشہد پڑھے گا، پھر اپنی باقی نماز پوری کرے گا اور سلام پھیر کر سجدہ سہو کرے گا پھر آخری سلام پھیرے گا۔
اور اگر اس کی یاد اس کو پوری طرح کھڑے ہونے کے بعد آئی تو اس کو لوٹ کر ادا نہیں کرے گا بلکہ اپنی باقی نماز پوری کرے گا اور سلام پھیرنے سے پہلے سجدہ سہو کرے گا۔
اس مسئلہ کی دلیل عبد اللہ بن بحینہ سے مروی یہ حدیث ہے کہ
«أَنَّ النَّبِىَّ ﷺ صَلَّى بِهِمُ الظُّهْرَ فَقَامَ فِى الرَّكْعَتَيْنِ الأُولَيَيْنِ لَمْ يَجْلِسْ، فَقَامَ النَّاسُ مَعَهُ حَتَّى إِذَا قَضَى الصَّلاَةَ ، وَانْتَظَرَ النَّاسُ تَسْلِيمَهُ ، كَبَّرَ وَهُوَ جَالِسٌ ، فَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ قَبْلَ أَنْ يُسَلِّمَ ثُمَّ سَلَّمَ»5
''نبی اکرمﷺ نے ظہر کی نماز پڑھائی اور پہلی دو رکعتوں کے بعد کھڑے ہو گئے اور تشہد اول کے لیے بیٹھنا بھول گئے، لوگ بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔ یہاں تک کہ جب آپ نے نماز پوری کی تو لوگ آپ کے سلام کا انتظار کرنے لگے، آپ نے سلام سے پہلے ہی بیٹھے ہوئے تکبیر کہی اور سلام سے پہلے دو سجدے کیے، پھر سلام پھیرا۔''
3۔ شک
شک کہتے ہیں دو ایسے امور کے مابین تردد کو جس میں یہ فیصلہ نہ ہو سکے کہ ان دونوں امور میں سے کونسا امر واقع ہوا ہے، عبادات کے اندر تین صورتوں میں شک کا اعتبار نہ ہو گا۔
1۔ جب یہ شک وہم کے درجہ میں ہو، اس کی کوئی حقیقت نہ ہو، جیسے وسوسہ۔
2۔ جب آدمی ایسا شکی بن جائے کہ جب بھی کوئی عبادت ادا کرے اس میں اسکو شک ہونے لگے۔
3۔ جب یہ شک عبادات سے فارغ ہونے کے بعد لاحق ہو تو اس کا بھی کوئی اعتبار نہ ہو گا، جب تک کہ یقینی حالت نہ پیدا ہو جائے اور اگر یہ شک یقین میں تبدیل ہو جائے تو یقین کے مطابق اپنا عمل کرے گا۔
مثال کے طور پر ایک شخص نے ظہر کی نماز پڑھی اور نماز سےفارغ ہونے کے بعد اس کو شک ہو گیا کہ اس نے تین رکعت پڑھی ہیں یا چار رکعت، اس حالت میں اس شک کا کوئی اعتبار نہ ہوگا۔الا یہ کہ اس کو یہ یقین ہو جائے کہ اس نے تین ہی رکعت پڑھی ہیں۔ لہٰذا اگر نماز پڑھے ہوئے زیادہ دیر نہیں ہوئی تو ایک رکعت اور پڑھ کر اپنی نماز مکمل کرے گا پھر سلام پھیر کر سجدہ سہو کرے گا، پھر اخیر میں سلام پھیرے گا۔ اور اگر بہت دیر کے بعد اس کو تین رکعت کا یقین ہوا تو از سر نو نماز پڑھے گا، ان تین حالتوں کے علاوہ دوسری جگہوں میں شک کا اعتبار ہو گا۔
نماز میں جو شک ہوتا ہے وہ دو حالتوں سے خالی نہیں:
پہلی حالت: دو حالتوں میں سے ایک کا راجح ہونا، لہٰذا جو حالت اس کے نزدیک راجح ہو گی اس کے مطابق عمل کرے گا اور اسی پر اپنی نماز پوری کرے گا۔ پھر سلام کے بعد سجدہ سہو کرے گا اور اس کے بعد آخری سلام پھیرے گا۔
جیسے ایک شخص ظہر کی نماز پڑھتا ہے اور کسی رکعت کے بارے میں اس کو شک ہو جاتا ہے کہ آیا وہ دوسری رکعت ہے یا تیسری، لیکن آخر کار یہ راجح ہو جاتا ہے کہ یہ تیسری رکعت ہے، لہٰذا وہ اس کو تیسری رکعت مان کر ایک رکعت اور پڑھے گا اور سلام پھیرے دے گا، پھر سجدہ سہو کر کے آخری سلام پھیرے گا۔
اس مسئلہ کی دلیل عبد اللہ بن مسعودؓ سے مروی وہ حدیث ہے جسے صحیحین میں نقل کیا گیاہے کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:
''اگر تم میں سے کسی کو نماز میں شک ہو جائے تو صواب ودرستگی تک پہنچنے کی بھر پور کوشش کرے اور جو راجح ہو اس پر اپنی نماز پوری کرے، پھر سلام پھیرے اس کے بعد دو سجدے کرے۔ '' 6(یہ الفاظ بخاری کے ہیں)
دوسری حالت: نمازی کے نزدیک دو حالتوں میں سے کوئی حالت راجح نہ ہو، تو اس صورت میں یقین پر یعنی کم تر صورت پر بنیاد رکھے گا اور اسی کے حساب سے اپنی باقی نماز پوری کرے گا اور سلام سے پہلے سجدہ سہو کرے گا، پھر سلام پھیرے گا۔
جیسے ایک شخص نے عصر کی نماز شروع کی اور کسی رکعت میں اس کو شک ہو گیا کہ آیا یہ دوسری رکعت ہے یا تیسری، اور ان دونوں میں سے کوئی بھی اس کے نزدیک راجح نہ ہو، تو اس صورت میں اس کو دوسری مانے گا اورتشہد اول پڑھے گا اور اس کے بعد دو رکعت اور پڑھے گا اور سجدہ سہو کر کے سلام پھیرے گا۔
اس مسئلہ کی دلیل حضرت ابو سعید خدریؓ سے یہ حدیث ہے کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:
عَنْ أَبِى سَعِيدٍ الْخُدْرِىِّ قَالَ قَالَ رَسُولُ الله ﷺ: « إِذَا شَكَّ أَحَدُكُمْ فِى صَلاَتِهِ فَلَمْ يَدْرِ كَمْ صَلَّى ثَلاَثًا أَمْ أَرْبَعًا؟ فَلْيَطْرَحِ الشَّكَّ وَلْيَبْنِ عَلَى مَا اسْتَيْقَنَ، ثُمَّ يَسْجُدُ سَجْدَتَيْنِ قَبْلَ أَنْ يُسَلِّمَ. فَإِنْ كَانَ صَلَّى خَمْسًا شَفَعْنَ لَهُ صَلاَتَهُ وَإِنْ كَانَ صَلَّى إِتْمَامًا لأَرْبَعٍ كَانَتَا تَرْغِيمًا لِلشَّيْطَانِ»7
''جب تم میں سے کسی کو اپنی نماز میں شک ہو جائے اور یہ نہ معلوم ہو سکے کہ اس نے تین رکعتیں پڑھی ہیں یا چار رکعتیں تو شک کو چھوڑ دے اور جس پر یقین ہو اس کے مطابق نماز پوری کرے۔ پھر سلام سے پہلے دو سجدے کرے اور اگر اس نے پانچ رکعتیں پڑھ لی ہیں تو ایک اور ملا کر (چھ) جڑواں بنا لے اور اگر چار کو پورا کرنے کے لیے ہو تو یہ سجدہ سہو شیطان کی تذلیل وتوہین ہے۔''
شک کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ ایک شخص ایسے وقت میں آ کر جماعت میں شامل ہو جاتا ہے جب امام رکوع میں ہوتا ہے، وہ سب سے پہلے آ کر سیدھے کھڑا ہو جاتا ہے اور تکبیر تحریمہ کہہ کر ہاتھ باندھتا ہے، پھر رکوع میں جاتا ہے، اس وقت وہ تین حالتوں میں سے کسی ایک حالت سے خالی نہیں ہوتا۔
پہلی حالت: اس کو اس کا یقین ہو جاتا ہے کہ اس نے امام کو رکوع کی حالت میں پایا ہے، اور اس کے جماعت میں شامل ہوتے وقت امام نے اپنا سر رکوع سے نہیں اٹھایا تھا تو اس حالت میں وہ اس رکعت کا پانے والا سمجھا جائے گا اور فاتحہ کا پڑھنا اس سے ساقط ہو جائے گا۔8
دوسری حالت: اس کو اس بات کا یقین ہو جاتا ہے کہ وہ جب جماعت میں شامل ہوا تو اس کے شامل ہونے سے پہلے ہی امام رکوع سے اپنا سر اُٹھا چکا تھا، اس صورت میں یہ رکعت اس سے چھوٹ جائے گی۔
تیسری حالت: تیسری صورت یہ ہے کہ اس کو اس بات میں شک ہو جاتا ہے کہ اس نے امام صاحب کے رکوع کی حالت میں پایا تھاکہ امام صاحب رکوع سے سر اٹھا چکے تھے، لہٰذا اس کی وہ رکعت چھوٹ جائے گی، اس طرح شک میں جو حالت بھی اس کے نزدیک راجح ہو اس پر عمل کرے گا اور اسی کے مطابق اپنی نماز پوری کر کے سلام پھیرے گا۔ پھر سجدہ سہو کر کے سلام پھیرے گا اور اگر اس سے نماز کا کچھ بھی حصہ چھوٹا نہیں تو پھر اس پر کوئی سجدہ نہیں۔
اور اگر کوئی حالت راجح نہ ہو تو یقین پر عمل کرے گا، یعنی یہ سمجھ کر کہ اس سے وہ رکعت چھوٹ ہی گئی ہے، لہٰذا اسی کے مطابق اپنی نماز کو پوری کرے گا اور سلام سے پہلے سجدہ سہو کرے گا اور سجدہ سہو کے بعد سلام پھیرے گا۔
فائدہ
ایک شخص کو اپنی نماز میں شک ہو جاتا ہے کہ کتنی پڑھی ، لہٰذا وہ یقینی حالت پر یا اس کے نزدیک جو راجح ہے اس پر مذکورہ تفصیل کے مطابق عمل کرتا ہے، پھر بعد میں نماز کے اندر اس پر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ اس نے جو عمل کیا ہے وہ حقیقت حالت کے مطابق ہے اور اس کی نماز میں کوئی کمی وبیشی نہیں ہوئی ہے تو اس صورت میں اس سے سجدہ سہو ساقط ہو جائے گا، اکثر علماء کا اس پر فتویٰ ہے، اس لیے کہ یہاں سجدہ سہو واجب کرنے والا سبب یعنی شک ختم ہو گیا ہے۔ بعض اہل علم نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سے سجدہ سہو ساقط نہ ہو گا، اس لیے کہ اس صورت میں سجدہ سہو کرنے سے شیطان کی تذلیل ہوتی ہے، جیسا کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا: ''اور اگر اس نے پوری نماز پڑھی تو یہ دونوں سجدہ سہو شیطان کی تذلیل کے لیے ہوں گے۔'' اس لیے کہ اس نے اپنی نماز کے بعض حصہ کو شک کی حالت میں ادا کیا ہے، یہی راجح قول ہے۔
اس کی مثال یہ ہے کہ ایک شخص نے نماز شروع کی اور ایک رکعت میں اس کو شک ہو گیا کہ آیا یہ رکعت دوسری ہے یا تیسری؟ اور ان دونوں میں سے کوئی بھی اس کے نزدیک راجح نہ ہو سکا، لہٰذا اس پر واضح ہو گیا کہ واقع میں وہ دوسری رکعت تھی، لہٰذا مشہور قول کے مطابق اس پر سجدہ سہو نہیں ہے اور دوسرے قول کے مطابق اس پر سجدہ سہو اس میں بھی واجب ہے اور اسی کو ہم نے راجح قرار دیا ہے۔