بیرونی بین الاقوامی جامعات میں تعلیمی وظائف کیلئے

جامعۃ لاہور الاسلامیۃ میں مقابلہ کا امتحان


جامعہ ہذا میں زیر تعلیم طلبہ کی یہ خواہش بجا طور پر حوصلہ افزا ہوتی ہے کہ وہ بیرونِ ملک عربی اور اسلامی جامعات میں اعلی ٰتعلیم کے حصول کے لئے جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے بعض طلبہ وفاق المدارس کے امتحان (ثانویہ عامہ یا خاصہ) میں کامیابی کی بنیاد پر جامعہ ہذا کے ذیلی ادارے مدرسہ رحمانیہ کی 'ثانویہ عالیہ' کی سند حاصل کرنے کے لئے سفارشیں لانا شروع کردیتے ہیں، حالانکہ ایسے امتحانات جو 'وفاق' کے تحت ہوتے ہیں، ان کی سندیں صرف 'وفاق' ہی کی طرف سے جاری ہوتی ہیں۔ جو بالعموم جامعہ کے بڑے اجتماعات میں تقسیم کی جاتی ہیں۔

مجلس الجامعہ کے اجلاس منعقدہ ۲۷؍ جولائی۲۰۰۳ء میں فیصلہ کیا گیاتھا کہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے تحت المدرسۃ الرحمانیۃ سے فراغت کی سند ثانویہ عالیہ(Higher Secondary Certificate) جو بین الاقوامی جامعات کے درجۃ الإجازۃ اللیسانس ( مرحلۃ الفضیلۃ) میں براہِ راست داخلہ کی اہلیت کی حامل ہے، اس کا امتحان ۱۱؍شوال ۱۴۲۴ھ؍ ۶؍دسمبر ۲۰۰۳ء جامعہ ہذا کے زیر اہتمام منعقد ہوگا۔

مذکورہ بالاامتحان اُصولی طور پر درسی کتابوں کے متن سے بڑھ کر علوم و فنون میں قابلیت کا ایک جائزہ ہوگا۔ اس جائزہ کے لئے امتحان میں تحریری اور تقریری دونوں طریقوں کو اہمیت دی جائے گی بلکہ اخلاق و کردار اور تربیتی پہلو کو بھی خصوصی طور پر ملحوظ رکھا جائے گا۔ چنانچہ کل ایک ہزار نمبروں میں سے تحریری امتحان کے لئے صرف چھ سو نمبر مخصوص ہوں گے بقیہ چار سو زبانی امتحان کے لئے ہوں گے۔

اس امتحان میں اِمسال ثانویہ خاصہ سے فارغ ہونے والے کلیہ کی تمام کلاسوں کے طلبا شریک ہونے کے اہل ہوں گے بلکہ کلیات کے فاضل طلبا بھی شریک ہوسکتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ مسابقت و مقابلہ کا امتحان ہوگا جو G.MAT کے انداز پر اسلامی علوم و فنون میں 'A' لیول کا ہوگا۔ ان شاء اللہ

جامعہ اس امتحان کی بنیاد پر بیرونِ ملک وظائف کیلئے طلبا کا انتخاب کرے گا۔ لہٰذا شعبان کے آخری ہفتہ میں رمضان المبارک کی تعطیلات سے قبل خواہش مند طلبہ دفتر جامعہ میں اپنی درخواستیں برائے اجازت شرکت ِامتحان جمع کرائیں اور تعطیلات میں ہی اس کی تیاری کا اہتمام کریں بالخصوص زبانی امتحان میں علومِ آلیہ (صرف ونحو، بلاغت کے علاوہ اُصول اورعربی زبان ) کی قابلیت اور ایسے فنون کا اجرا قابل ترجیح ہوگا۔