تبصرہ کتب

صلوٰۃ الرسول:مولانا حکیم محمد صادق صاحب سیالکوٹی مرحوم ومغفور
تخریج وتعلیق وحواشی:مولانا حافظ عبدالرؤف صاحب ،مولانا حکیم محمد اشرف صاحب سندھو مرحوم ومغفور
صفحات: 548۔قیمت 100 روپے
ناشر  :دارالاشاعت اشرفیہ،سندھو بلو کی ضلع قصور
تاریخ اشاعت : جنوری 1989ء طبع :اول
اردو زبان میں نماز کے موضوع پرچھوٹی ،بڑی ،مختصر اور مفصل اس قدر کتب لکھی گئی ہیں کہ اُن کا شمار نا ممکن ہے۔مگر جس کتاب کو سب سے زیادہ  شرف قبولیت حاصل ہوا وہ معروف اہل قلم مرحوم ومغفور حضر ت مولانا حکیم محمد صادق سیالکوٹی (عربی) آمین)کی ترتیب دادہ کتاب"صلواۃ الرسول" سے۔یہ کتاب اپنے موضوع پر سب سے زیادہ جامع اور مفصل ہے۔اس کے ساتھ ساتھ اس کی خوبی یہ ہے کہ اس کی بڑی زبان سادہ اور عام فہم ہے۔جیسا کہ مولانا مرحوم کی تحریر کا انداز تھا۔
یہ کتاب اتباع سنت کی اہمیت ،نماز کی فرضیت واہمیت ،مسائل طہارت وضو اور غسل کے مسائل ،وضو ،تیمم ،آداب مساجد کے علاوہ نماز کے تفصیلی احکام پر مشتمل ہے۔

فرضی نماز کے علاوہ کتاب میں نماز تہجد،تراویح،جمعہ ،نماز،قصر ،عیدین ،سورج اور چاند گرہن کی نماز ،نماز جنازہ کے احکام بھی تفصیل سے ذکر کئے گئے ہیں۔آخر میں مسنون دعائیں بھی ہیں۔

گویا یہ کتاب مسائل نماز پر ایک انسائیکلو پیڈیا ہے کہ انسان مختصر وقت میں مختلف کتابوں کی ورق گردانی کرنے کی بجائے ایک اسی کتاب سے ضرورت کے مسائل جامعیت اور اختصار کے ساتھ معلوم کرسکتا ہے۔

جب سے مصنف نے یہ کتاب لکھی اس وقت سے اب تک کتنی تعداد میں یہ کتاب طبع ہوئی۔اور کتنے لوگوں نے اس کے زریعہ نہ  صرف اپنی نمازوں کو درست کیا بلکہ بہت سوں نے اسی کتاب کو پڑھ کر مسلک حقہ اہل حدیث  کی طرف راہ پائی۔ان امور کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔

کتاب کی اس قدر خصوصیات اور جامعیت کے باوجود اس میں ایک کوتاہی رہ گئی تھی۔کہ ہندو پاک کے عوامی ذہن کے مطابق کتاب میں احادیث کو صحت وضعیف اور اُن کے راوی مجروح اور متکلم فیہ تھے۔

مصنف ایک بلند  پایہ عالم دین ہونے  کے باوجود نہ معلوم کیوں اس طرف توجہ نہ دے سکے۔

اصحاب علم بوقت ضرورت کتاب سے استفادہ کرنے کے باجود احادیث کی تخریج وتحقیق کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے تھے۔

چنانچہ یہ سعادت ہمارے محترم برادر فاضل نوجوان مولانا حافظ عبدالرؤف صاحب  فاضل مدینہ یونیورسٹی کے حصہ میں آئی۔انھوں نے کمر ہمت باندھی اور اس کتاب کی احادیث کی نہ صرف تخریج کی بلکہ مفید اسنادی مباحث بھی رقم فرمائے۔اس سے کتاب کی افادیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

مولانا موصوف جماعت کے مرحوم بزرگ مولانا حکیم محمد اشرف سندھو رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے ہیں۔مرحوم حکیم صاحب ایک پختہ کار مناظر قسم کے عالم تھے۔اُن کی تصانیف سے آج بھی ہم جیسے ہیچمداں مستفید ہوکر ان کے حق میں بلندی درجات کی دعائیں کرتے ہیں۔

دادا کی طرح پوتے نے بھی علمی میدان میں قدم رکھا ہے۔یہ اگرچہ اُن کی پہلی علمی کاوش ہے۔تاہم اس میں وہ ماشاء اللہ انتہائی کامیاب رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اُن کی محنت کو قبول  فرمائیں اور دین کی مزید خدمت کی توفیق سے نوازیں۔آمین!

ہم حافظ صاحب موصوف کے علم وعمل میں برکت کی دعا کے ساتھ کتاب کی افادیت واہمیت کے پیش نظر علماءوطلباء سے سفارش کرتے ہیں کہ "صلواۃ الرسول" کامطالعہ کرتے  کراتے وقت کتاب کا یہ محقق نسخہ سامنے رکھ کر احادیث سے متعلقہ مباحث سے بھی مستفید ہوں۔