تبصرہ کتب

محمدی نماز:
مصنفہ۔۔۔۔۔۔۔ابو عبدالرحمٰن محمد شفیع مسکین
ضخامت ۔۔۔۔۔۔۔450 صفحات کتابی سائز
ہدیہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔24 روپے
ناشر۔۔۔۔۔محمدی مسجد اہل حدیث کیر کلاں ٹاؤن شپ لاہور
ہمارے زیر نظر اس کتاب کاتیسرا ایڈیشن ہے۔۔۔یوں تو نماز پر سینکڑوں کتابیں لکھی  گئی ہیں،لیکن یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے۔کہ آج کامسلمان زیادہ  تر بے نماز ہے۔پھر جو لوگ نماز پڑھتے ہیں۔ان میں سے اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو نماز کا صحیح طریقہ نہیں مانتے۔حالانکہ نماز  دین کاستون ہے۔اوررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، جس نے اس ستون کو گرایا،اس نے پورے دین کو گویا مسمار کرڈالا۔نیز فرمایا:
"صَلُّوا كَمَا رَأَيْتُمُونِي أُصَلِّي"
کہ:اسی طرح نماز پڑھو جس طرح تم مجھے نماز پڑھتے دیکھتے ہو!"

مولانا محمد شفیع مسکین نے یہ کتاب اسی جذبہ کےتحت لکھی ہے۔کہ اس کو پڑھ کرنماز کاصحیح اور مسنون طریقہ ہراس شخص کی سمجھ میں آجائے۔جو اس کتاب کو پڑھ اورسمجھ سکتا ہے۔کتاب کے تین ابواب ہیں۔پہلے باب میں توحید کی خوبی،شرک کی اقسام اور اس کے نقصانات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دوسرے باب میں تارکین نماز کو دلائل سے قائل کرکے نماز کے مسائل وفضائل بیان کئے ہیں اوراسی سلسلہ میں اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی زور دیا گیا ہے۔جب کہ تیسرے باب میں خدائی قانون کے باغیوں کے چال چلن اور موت کے بعد بے نمازوں کے ساتھ کیا ہوگا؟وغیرہ احوال وواقعات احادیث کی روشنی میں بیان کئے گئے ہیں۔اور اسی طرح یہ کتاب جامع المسائل بن گئی ہے۔خدا کرے کہ جس مقصد کے تحت یہ کتاب لکھی گئی ہے۔وہ پُورا ہو۔۔۔مسلمان نمازی بنیں ،نمازی مسنون نماز پڑھیں اور اللہ تعالیٰ مصنف کی اس مخلصانہ محنت کو قبول فرمائے۔آمین!

کتاب طباعت عمدہ ۔سفید کاغذ۔مجلہ سنہری ڈائی دار

2۔آفتاب نبوت ورد مرزائیت

مولفہ۔چوہدری محمد سرفراز خاں

ضخامت۔288 صفحات،سائز

ناشر۔چوہدری محمد سرفراز چیمہ جفالی برادر جدہ(سعودی عرب)

ملنے کا پتہ۔مجلس تحفظ ختم نبوت کالرہ کلاں ضلع گجرات

چوہدری محمد سرفراز خاں صاحب متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔آپ کی زیر نظر کتاب،جیسا کہ نام سے ظاہر ہے۔رد مرزائیت کے موضوع پر ہے۔مولف نے اس کتاب میں پورے ایک سود لائل سے مسئلہ ختم نبوت کو قرآن وحدیث اور اقوال مرزا صاحب سے واضح اورثابت کیا ہے۔کتاب کے چار حصے ہیں۔پہلے حصہ میں مذکورہ تمام دلائل در ج ہیں۔حصہ دوم"میعار صداقت مرز    اصاحب"پرمشتمل ہے۔حصہ سوم میں واضح کیاگیا ہے کہ امت مرزائیہ کیوں اور کیسے وجود میں آئی؟ اور اس نے کیا کام سر انجام دیا؟

اور حصہ چہارم میں مرزا صاحب کے دعاوی کی لغت کی نشاندہی کے علاوہ یہ واضح کیاگیا ہے کہ حقیقی مدار نجات فقط اللہ تعالیٰ کی اطاعت انبیائے سابقین علیہم السلام اور ختم نبوت پر ایمان محکم اورصرف اتباع نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر موقوف ہے۔یہ کتاب پڑھ کر آپ اس نتیجہ پر پہنچیں گے کہ اس موضوع پر جس مدلل سنجیدہ اور سیر حاصل انداز میں مولف موصوف نے گفتگو کی ہے۔یہ انہی کا حصہ ہے۔اللہ تعالیٰ اس سعی جمیلہ پر مولف کو جزائے خیر عطافرمائے۔آمین

سفید کاغذ ۔کتاب وطباعت عمدہ۔غیرمجلد ہے۔قیمت درج نہیں۔

3۔مصداق بشارت احمد مع کامل تفسیر سورہ صف:

مولفہ:          چوہدری محمد سرفراز خاں ۔ضخامت:پونے دو سو صفحات بڑا سائز

ناشر:            محمد اشرف چوہدری پوسٹ بکس 3515 دہران(سعودی عرب)

سفید کاغذ،کتاب وطباعت بہترین غیر مجلد قیمت درج نہیں ہے۔

زیرنظر کتاب میں مولف نے 330 دلائل وشہادات اور حوالہ جات سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آیت قرآنی

﴿مُبَشِّرًا بِرَسُولٍ يَأْتِي مِن بَعْدِي اسْمُهُ أَحْمَدُ﴾

کامصداق ثابت کیا ہے۔

کتاب کا مقدمہ جو 29 صفحات پر حاوی ہے،در اصل اس خط وکتابت پر مشتمل ہے جو مولف موصوف اور مرزا بشیر الدین محمود کے مابین اصول تفسیر ،اصول حدیث اور اصول فقہ کے متعلق کچھ عرصہ تک جاری رہی۔

اس کے بعد پوری کتاب خط وکتابت پرمشتمل ہے۔جس میں مذکورہ آیت کا مصداق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ثابت کرتے ہوئے ،سورۃ صف (جس کی یہ آیت ہے) کی پوری تفسیر بیان کردی گئی ہے۔

اس کتاب کا مکمل تعارف چند سطور میں ممکن نہیں،دیہانت داری کی بات یہ ہے کہ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔بالخصوص قادیانیت سے متعلق حکومت پاکستان  کے حالیہ مستحسن اقدام نے جو صورتحال پیدا کردی ہے۔اس کی روشنی میں یہ کہنابے جا نہ ہوگا کہ سنجیدہ اور مثبت انداز میں اگر آج قادیانیوں کو اسلام کی دعوت دی جائے تو خاطر خواہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ہماری نظر میں چوہدری محمدسرفراز صاحب کی مذکورہ دونوں کتابیں اس سلسلہ میں بہت مفید ثابت ہوسکتی ہیں لہذا ہم ان کے مطالعہ کی پرزور سفارش کرتے ہیں۔جزاہم اللہ عنا وعن سائر المسلین آمین!