تبصرہ کتب
نام کتاب۔دعوت واصلاح کے چند اہم اصول۔قرآن و حدیث کی روشنی میں۔
مصنف۔قاری نعیم الحق صاحب نعیم۔
قیمت۔15 رو پے
ناشر۔رضیہ شریف ٹرسٹ۔446۔شادمان کالونی ۔لاہور
احوال وظروف کے لحاظ سے دین کی دعوت وتبلیغ اور اصلاح معاشرہ کی کوشش ہر مسلمان پر حسب استطاعت لازم اور ضروری ہے۔تاکہ دین کی دعوت عام ہو اور لوگ بے دینی کی بجائے دین داری کی طرف مائل ہوں۔
تبلیغ کی اہمیت کے لئے یہی بات کافی ہے۔کہ اللہ تعالیٰ نے اس مقصد کے لئے بے شمار انبیاءؑ ورسلؑ کو مبعوث فرمایا اور چونکہ یہ سلسلہ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر مکمل ہوچکا ہے۔اس لئے اب یہ ذمہ داری امت مسلمہ پر ہے۔تبلیغ کے مؤثر اور نتیجہ خیز ہونے کے لئے ضروری ہے کہ اس سلسلہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ اور دیگر شرعی اصول مبلغ کے پیش نظر رہیں۔
مگر یہ موضوع جس قدر اہم ہے عموماً اس کی طرف سے اتنی ہی غفلت کی جاتی ہے۔
ہمیں زندگی میں پیش آنے والے تقریباً ہر موضوع پرکتابیں مل جاتی ہیں۔مگر مبلغین اور واعظین کی راہنمائی کے لئے دعوت وتبلیغ کے اصولوں پر مشتمل کوئی کتاب نہیں ملتی۔حالانکہ اس کی اشد ضرورت تھی۔
محترم قاری نعیم الحق صاحب نعیم ایک پختہ علم نوجوان عالم دین ہیں۔دینی علوم پر گہری نظر رکھتے ہیں ۔ایک عرصہ تک ہمارے ادارے "کلیۃ الشریعۃ" میں تدریسی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔
اللہ تعالیٰ انھیں جزائے خیر عطا فرمائیں۔کہ انھوں نے موضوع کی اہمیت کے پش نظر یہ کتاب ترتیب دی ہے۔اس میں دعوت وتبلیغ کی اہمیت وفضیلت ،اس کی شرعی حیثیت ،دعوت وتبلیغ میں اخلاق حسنہ کی اہمیت،تبلیغ کا صحیح طریقہ اور بہت مفید اصولی باتیں ذکر کی ہیں دین کے داعی،مبلغین اور واعظین ان اصولوں کو پیش نظر رکھیں تو ان شاء اللہ تبلیغ کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد ہوگا۔