تعارف و تبصرۂ کتب
نام کتاب : ہم ماتم کیوں نہیں کرتے؟
مؤلف : مولانا قاضی مظہر حسین
ضخامت : 48 صفحات
قیمت : 1 روپیہ
ملنے کا پتہ : منیر اقبال، دواخانہ عثمانیہ جامع مسجد برکت علی ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور
'ہم ماتم کیں نہیں کرتے' اڑتالیس صفحے کا کتابچہ ہے جو ایک پمفلٹ بعنوان 'ہم ماتم کیوں کرتے ہیں' اور سائیکلو سٹائل کی ہوئی 'کھلی چٹھی بنام مظہر حسین مولوی چودھویں صدی' کے جواب میں قاضی مظہر حسین صاحب امیر خدام اہل سنت والجماعت صوبہ پنجاب نے لکھا ہے۔ قاضی صاحب نے قرآنی آیات، احادیثِ رسولِ مقبول ﷺ اور ائمہ کرامؒ کے اقوال سے ثابت کیا ہے کہ شہادتِ حسینؓ کے سلسلہ میں مروجہ ماتم دینِ اسلام کی رو سے حرام ہے۔ اپنے موقف کی تائید میں قاضی صاحب نے ائمہ اہل بیت حضرت امام باقرؒ اور امام جعفر صادقؒ کے ارشادات بھی نقل کیے ہیں۔ یہ کتابچہ 'ماتم' کے موضوع پر ٹھوس دلائل پیش کرتا ہے۔ انداز بیاں چونکہ جوابی ہے اس لئے بعض جگہ پر 'تلخ نوائی' کا احساس ہوتا ہے۔ اگرچہ فریق ثانی نے جو تحریری رویہ اختیار کیا ہے (اور وہ کھلی چٹھی کے عنوان سے واضح ہے) یہ تلخ نوای اس کا فطری رد عمل ہے لیکن افہام و تفہیم کا فریضہ اس امر کا متقاضی ہے کہ انسان ذاتی چوٹ بھلا کر دوسرے کے فکری و نظری کھوٹ کو دور کرنے میں مخلصانہ اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرے۔ بہرحال موضوع کے لحاظ سے قاضی صاحب کی کاوش قابلِ قدر ہے۔
-----------------------
نام کتاب : ڈھول کا پول
مصنف : مبلغ اسلام محمد امین (سابق مہنگا پادری)
ضخامت : 88 صفحات
قیمت : 50/1 روپے
ملنے کا پتہ : عوامی اسلامک مشن سول لائن لاہور
'ڈھول کا پول انہی کی زبانی' کا موضوع یہ ہے کہ کیا موجودہ بائبل الہامی کتاب ہے یا غیر الہامی؟ یہ کتابچہ مبلغِ اسلام محمد امین کی تصنیف ہے جو کہ نو مسلم ہیں اور مہنگا پادری کے نام سے معروف تھے، اور ہیں۔ اپنا تعارف کراتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ 'آج تک مجھے کسی مسلمان بھائی نے اسلام کی دعوت نہیں دی بلکہ میری تحقیق چالیس سالہ نے یہ ثابت کیا کہ یہ مذہب افراط و تفریط کے مابین اعتدال کی تعلیم دینے والا ہے۔'
تمہید میں بیان کرتے ہیں کہ 'مسلمان کہلانے والے ہزارہا کی تعداد میں عیسائیت و دہریت اختیار کر کے اسلام سے مرتد ہو رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ اسلام کی حقیقت سے نا آشنا اور عیسائیت کی حقیقت سے ناواقف ہونے کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں۔ ہر بہی خواہ اسلام کا فرض ہے کہ ایسے مسلمانوں کو اسلامی تعلیم کی برتری اور عیسائیت کی حقیقت سے روشناس کرانے کے لئے کوشش کرے۔' اسی مقصد کے پیش نظر مصنف نے یہ کتابچہ تحریر کیا ہے تاکہ تحقیق سے ثابت کر دیا جائے کہ عیسائیت کی بنیاد جن کتابوں پر ہے یا جن کتب کو عیسائی الہامی اور خدا کا کلام مانتے ہیں وہ خدا کا کلام نہیں۔
فاضل مضمون نگار نے نہایت ٹھوس دلائل سے موجود اناجیل اور بائیبل (من حیث المجموع) کو انہی کتب کے تضادات اور عیسائی حضرات کے بیانات سے کلامِ غیر الٰہی ثابت کیا ہے۔ تبلیغی اور تحقیقی لحاظ سے یہ کتاب گراں قدر ہے۔ ضرورت ہے کہ اس کتاب کے تراجم مختلف زبانوں میں کئے جائیں اور مختلف ممالک میں اس کی اشاعت کا انتظام و اہتمام کیا جائے۔
------------------------------
نام کتاب : عیسائی صاحبان کے سوالات کے جوابات
مصنف : مبلّغِ اسلام محمد امین (سابق مہنگا پادری)
ضخامت : 80 صفحات
قیمت : 75 پیسے
ملنے کا پتہ : عوامی اسلامک مشن سول لائن لاہور
اس کتاب میں ان سترہ ۱۷ سوالوں کے جواب دیئے گئے ہیں جو عام طور پر عیسائیوں کی طرف سے کئے جاتے ہیں۔ ان سطحی قسم کے سوالوں کا جواب بڑے دلکش اور دلچسپ انداز میں دیا گیا ہے۔ مثلاً سوال ہے: ''مسیح مردوں کو زندہ کرتے تھے، یہی ان کے ابنُ اللہ ہونے کی کافی دلیل ہے۔'' اس کا جواب یوں دیا گیا ہے: ''عصائے موسوی کا معجزہ مردوں کے زندہ کرنے کے معجزہ سے کہیں بڑھ کر ہے کیوں کہ مردہ انسان کا تمام ڈھانچہ تو موجود ہوتا ہے صرف روح کی کمی ہوتی ہے جس کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام 'قم باذن اللہ' کہہ کر پورا فرما دیا کرتے تھے۔ لیکن ایک سوکھی لکڑی کا اول سانپ کا جسم میں تبدیل ہونا پھر اس میں جان کا پڑ جانا اس معجزہ سے اعلیٰ و ارفع ہے۔' ایک دوسرا سوال ملاحظہ ہو۔ 'مسیح بغیر باپ کے بطور اعجاز پیدا ہوئے، کیا اور کوئی نبی ایسا ہوا ہے؟'' اس کا جواب یوں لکھا ہے: 'آدم علیہ السلام کی پیدائش جو بغیر ماں اور باپ کے ہوئی۔ مسیح کی پیدائش سے بڑھ کر اعجاز ہے۔ حضرت مسیح کی کم از کم والدہ تو موجود تھیں۔'' ایسے جوابات بعض اوقات اعلیٰ علمی مباحث سے زیادہ کارگر ہوتے ہیں۔ یہ کتاب محمد امین صاحب کی ذہانت، نکتہ رس طبیعت اور حاضر جوابی کا بہترین نمونہ ہے۔
--------------------
نام کتاب : حسناتی نظمیں
حصہ اول : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے
حصہ دوم : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے
حصہ سوم : 24 صفحات قیمت : 75 پیسے
آسان نظمیں : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے
ناشر : ادارہ الحسنات ۴۔اے ذیلدار پارک اچھرہ لاہور
حسناتی نظمیں (حصہ اول، دوم، سوم) بچوں کے لئے مختلف شعراء کی اسلامی اور اخلاقی نظموں کے مجموعے ہیں۔ 'آسان نظمیں' حافظ دھام پوری کی اسی نوعیت کی نظموں کا مجموعہ ہے۔ بچوں کے لئے عام طور پر تفریحی اور مزاحیہ انداز کی نظمیں لکھی جاتی ہیں۔ اس میں اگرچہ کوئی قباحت تو نہیں لیکن بچوں کی تربیت کے پیشِ نظر مناسب یہی ہے کہ ان کے لئے حسناتی نظمیں اور آسان نظموں کے انداز کو اپنایا جائے۔ یہ نظمیں عمومی طور پر سادہ زبان اور دلچسپ پیرایہ میں کہی گئی ہیں اور 'ادرۂ الحسنات' نے انہیں بڑی خوبصورت گٹ اپ کے ساتھ پیش کیا ہے۔ سرورق جاذبِ نظر، کاغذ عمدہ، طباعت و کتابت اعلیٰ، غرض صوری و معنوی لحاظ سے نظموں کے یہ مجموعے قابل تحسین و تعریف ہیں۔
--------------------------
نام کتاب : دلیلِ سحر
مصنف : شیخ الحدیث مولانا عبد الحق (اکوڑۃ خٹک)
ضخامت : 48 صفحات
قیمت : 50/1 روپے
ملنے کا پتہ : عزیز پبلیکیشنز۔ 56 میکلوڈ روڈ لاہور
دلیل سحر جمعیت علمائے اسلام کے سر کردہ راہنما شیخ الحدیث مولانا عبد الحق (اکوڑہ خٹک) کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو انہوں نے ایم۔ این۔ اے کی حیثیت سے قومی اسمبلی کے مختلف اجلاسوں میں کیں۔ مولانا موصوف اگرچہ دینی اور علمی حلقوں میں پہلے سے ہی ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں لیکن بے دین سیاست کی وادیٔ پر خار میں قدم رکھتے ہوئے انہوں نے جس طرح بعض اسلامی دفعات کے لئے آواز اُٹھائی ہے، وہ لائقِ صد تحسین ہے، خصوصاً متجد دین، علماء کے جزوی اور فروعی مسائل کو بہانہ بنا کر اسلام پر جو کلہاڑا چلاتے ہیں۔ موصوف نے حزبِ اختلاف کی صفوں میں ہوتے ہوئے اس کا اچھا دفاع کیا ہے اور غوطۂ آرائی میں مسلم کی متفقہ تعریف پیش کر کے دینی حلقوں سے خوب داد وصول کی ہے۔ ان تقاریر کو جناب شمس القمر قاسمی نے مرتب کیا ہے۔ مرتب کا پیش لفظ رنگینیٔ عبارت اور معلومات کے لحاظ سے قابل قدر ہے۔ لیکن اگر علماء کی خدمات کے تذکرہ میں کسی خاص مکتبۂ فکر کی بجائے ذرا وسعتِ قلبی سے کام لیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔