تبصرہ کتب

نام کتاب۔۔۔مقامِ صحابہ رضی اللہ عنہم (شیعہ مذہب کی کُتب کی روشنی میں)
مؤلف۔۔۔ مولانا حکیم فیض عالم صدیقی مرحوم
صفحات۔۔۔ 126
قیمت۔۔۔ 18 روپے
ناشر۔۔۔ مکتبہ فیض القرآن، محلہ مستریاں، جہلم
مرحوم حکیم مولانا فیض عالم صدیقی رحمۃ اللہ علیہ ہماری جماعت کے صاحب علم و قلم بزرگ گزرے ہیں۔ انہوں نے شیعہ مذہب کی جملہ کتب کو کنگھالا ہوا تھا اور شیعہ مذہب پر علمی و تحقیقی انداز میں سخت تنقید کیا کرتے تھے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا بلند مرتبہ ہونا صرف اہل سنت کے نزدیک ہی نہیں بلکہ شیعہ اکابر کے ہاں بھی مسلم ہے اور ان کی کتب اس پر شاہد ہیں۔
اس کتاب میں مصنف نے شہور و معتبر شیعہ کتب سے امیر المومنین حضرت ابوبکر صدیق، عمر فاروق اور عثمان غنی رضی اللہ عنہم کے مناقب ذکر کئے ہیں اور بدلائل ثابت کیا ہے کہ خلفائے ثلاثہ سے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے گہرے مراسم اور تعلقات تھے۔ اسی لئے حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنی دختر امِ کلثوم کا نکاح حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے کر دیا تھا۔ ایسے ہی جملہ صحابہ خصوصا خلفائے ثلاثہ کے بارے میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اقوال بھی ذکر کئے ہیں۔
مشہور شیعہ کتاب " من لا يحضره الفقهية" کے حوالہ سے لکھا ہے کہ " على ولى الله" کے الفاظ اذان کا حصہ نہیں، جو شخص ان کلمات کو جزوِ اذان سمجھ کر اذان میں کہے اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو۔
اس قسم کے کئی حوالہ جات سے کتاب مزین ہے۔ اس لئے یہ کتاب اصحاب علم و تحقیق کے لئے خاصی مفید اور معاون ہے۔ اربابِ ذوق اسے حاصل کر کے استفادہ کریں۔