تبصرہ کتب
نام کتاب: سادات بنی رقیہ رضی اللہ عنہا
مصنف: حکیم فیض عالم صدیقی رحمۃ اللہ علیہ
قیمت: اکیس (21) روپے
ناشر: حکیم فیض عالم صدیقی، محلہ مستریاں، جہلم
محترم مولانا حکیم فیض عالم صدیقی رحمۃ اللہ علیہ مرحوم جماعت کے ایک معروف اہل قلم گزرے ہیں، ان کا خیال تھا کہ تاریخِ اسلام میں درج بہت سے واقعات شیعہ ذہن کی اختراع ہیں جن کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں۔ مرحوم کا شیعیت اور تاریک کے موضوعات پر مطالعہ پر بڑا گہرا، وسیع اور ناقدانہ تھا۔ شیعہ کی مکالفت میں اس قدر آگے نکل چکے تھے کہ اہل سنت اور اہل حدیث ہونے کے باوجود صحیح بخاری تک کی بعض احادیث کی صحت کا انکار کرتے تھے۔ ان کی زبان و قلم میں تندی و ترشی بہت تھی۔ ان میں حد درجہ خود اعتمادی تھی۔ یہاں تک کہ بزرگ علمائے اہل حدیث کی تحقیقات کو بھی اپنی تحقیق کے مقابلہ میں کچھ اہمیت نہ دیتے تھے۔
آپ متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ آپ کی مصنفہ کتابوں میں سے ای کتاب "سادات بنی رقیہ رضی اللہ عنہا" ہے۔
امیر المومنین حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو، آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا دُہرا داماد ہونے کا شرف حاصل تھا۔ عام کتابوں میں آپ کے صاجزادے عبداللہ کا ذکر ملتا ہے کہ بچپن میں مرغ نے اس کی آنکھ میں ٹھونگ ماری جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔
مصنف کو اس واقعہ سے اختلاف ہے اور اسے شیعہ کی اختراع قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے اس کتاب میں اپنے مخصوص اندازِ تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف خلاف حقیقت ہے بلکہ یہ عبداللہ انہوں نے کافی عمر پائی اور صاحب اولاد ہوئے، ان کی اولاد پاکستان اور دیگر ممالک میں "رقوی سادات" کے نام سے معروف ہیں۔
مصنف نے کتاب میں ضمنا بنات الرسول۔ امِ کلثوم رضی اللہ عنہا بنت ِ علی رضی اللہ عنہا، فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے نکاح میں، سادات کا نکاح غیر سادات سے، وغیرہ مباحث پر بھی گفتگو کی ہے۔ کتاب کا اصل موضوع بڑا اہم اور اہل علم و تحقیق کی توجہ کا طالب ہے۔
بعض مقامات پر مصنف سے تحقیقی اختلاف کے باوجود یہ کتاب اہل علم کے مطالعہ میں آنی چاہئے۔