نعت رسولِ مقبولﷺ

ذوق جنوں کی بات ذرا مان جائیے
خدمت میں ان کی لے کے دل وجان جائیے
امّی لقب ہیں باعثِ تزئین کائنات
اللہ تیری شان کے قربان جائیے
ہو نذر دلفریبئ محبوب کبریا
دل لے کے سوئے وادئ فاران جائیے
جی چاہتا ہے آپ کے قدموں میں سورہیں
کہتی ہے جان لے کے یہ ارمان جائے
جاتے ہیں آپ کوئے حرم میں بصد نیاز
ہاں جائیے خدا ہے نگہبان جائیے
قدموں میں تیرے جان کا نذرانہ ہو قبول
کوچے میں تیرے لے کے یہ ارمان جائیے
تخلیق 'حسن خلق' کا معیار دیکھ کر
خالق میں لے کے چاکِ گریبان جائیے
اسرار ترک کیجئے یہ لن ترانیاں
قائم نہیں ہیں آپ کے اوسان جائیے