مدينہ منورہ ميں حديث ِنبوى پر عالمى سمپوزيم

سعودى عرب كے حاليہ دورے كے دوران يہ خبر سننے ميں آئى كہ سعودى عرب كے نئے فرمانروا شاہ عبداللہ اپنے پيش رو شاہ فہد كے مدينہ منورہ ميں 'قرآن كمپليكس' كى طرح خود بھى اسلام كى خدمت كے كسى عظيم الشان منصوبہ كا آغاز كرنا چاہتے ہيں اور اس مقصد كے لئے 'حديث كمپليكس' كا منصوبہ اُنہيں پيش كيا گيا ہے- يہ خبر حديث وسنت ِنبوى سے محبت كرنے والوں كے لئے انتہائى مسرت كا باعث ہے، اللہ تعالىٰ سے دعا ہے كہ وہ اُنہيں جلد ہى اس بابركت كام كے آغاز كى سعادت سے بہرہ ور فرمائيں -حديث نبوى پر ايك عالمى سمپوزيم كچھ عرصہ قبل مدينہ منورہ ميں منعقد ہوا تها جس كى رپورٹ بعض ادارتى وجوہ سے تاخير سے شائع ہورہى ہے ليكن اس كى افاديت تاحال برقرار ہے- قارئين كو اس رپورٹ سے حديث ِنبوى كے بارے ميں علمى دنيا ميں جارى مباحث اور موضوعات كا بهى علم حاصل ہوگا-


پچهلے سال شوال 1424ہ ميں كنگ فہد كمپليكس مدينہ منورہ ميں ايك علمى مذاكرے (سمپوزيم) كاانعقاد طے پايا،جس كا موضوع تها :'سنت اور سيرتِ نبوى سے متعلق سعودى عرب كى مساعى '


يہ مذاكرہ شوال ميں تو نہ ہوسكا ليكن 15 تا 17 ربيع الاوّل 1425ہ (4 تا 6 مئى 2004ء) ميں بالآخر منعقد ہوا جس ميں راقم كو بهى شركت كى سعادت حاصل ہوئى،ان سطور ميں اسى مذاكرے كا بيان مقصود ہے- تحقيقى مقالات كے لئے ايك سال قبل ہى بلادِ عرب و اسلام كے مختلف اساتذہ اور محققين سے ان پانچ بنيادى عنوانات پر رابطہ كرليا گيا تها :

1سنت ِنبوى كا اصل مقام اور اسلامى قانون سازى ميں اس كا حجت ہونا
اس موضوع كے تحت ذيلى عنوانات ميں سنت كا وحى ہونا، قانون سازى كے اعتبار سے دوسرا مصدر ہونا، اخبار آحاد كا عقائد اور احكام ميں قابل اعتبار ہونا، نبى ﷺ كے زمانہ ميں احاديث كالكها جانا وغيرہ شامل تهے-

2امتدادِ زمانہ كے ساتہ مسلمانوں كاسنت اور سيرتِ نبوى كا اہتمام كرنا
الف: بابت سنت

  • سنت ِنبوى كى حفاظت ميں كتابت ِحديث كى اہميت
  • دورِ صحابہ كے بعد تينوں قرون ميں سنت ِنبوى كى تدوين
  • قرنِ خامس سے لے كر اب تك سنت كے بارے ميں تصنيف و تاليف كا جائزہ
  • اسناد، جرح و تعديل سے متعلق محدثين كى كوششيں اور سنت كى حفاظت ميں ان كى اہميت
  • محدثين كے نزديك حديث كو پركہنے كا معيار
  • علم اصول حديث (مصطلح) اور حفاظت ِحديث
  • علم علل الحديث اور حفاظت ِحديث
  • علم تخريج الاحاديث اور حفاظت ِحديث
  • من گهڑت احاديث وضع كئے جانے كے سلسلے ميں محدثين كى كوششوں كا تذكرہ
  • احاديث كى شرح ميں لكهى جانے والى كتب كا تذكرہ
  • علم غريب الحديث كے سلسلہ ميں علما كى مساعى كا تذكرہ
  • سنت ِنبوى كى تصنيف و تحقيق كے سلسلہ ميں موجودہ دور كى مساعى كا علمى محاكمہ
  • حديث كا ايك جامع انسا ئيكلو پيڈيا... حقيقت اور توقعات كے درميان!
  • سنت اور سيرت كى خدمت كے لئے ماڈرن تكنيك كا استعمال
  • سنت سے مت
  • سنت سے متعلق علمى اور طبى اعجاز پر مشتمل كوششوں كا علمى محاكمہ


ب: بابت سيرت نبوى

  • مسلمانوں كے طرزِ حيات ميں سيرتِ نبوى كے مطالعہ كى اہميت
  • سيرتِ نبوى كے حصول كے لئے مصادر كا تاريخى محاكمہ
  • سيرتِ نبوى سے متعلق صحيح اور ضعيف روايات ميں تميز كرنے كے بارے اہل علم كى مساعى
  • سيرتِ نبوى سے متعلق روايات؛ محدثين كے وضع كردہ قواعد اورموٴرخين كى جمع كردہ روايات كے مابين
  • سيرتِ نبوى سے متعلق تصانيف : ايك تاريخى جائزہ
  • سيرتِ نبوى پر لكهى گئى تصانيف كا طريق كار، ايك تنقيدى جائزہ
  • فقہ السيرہ كے ميدان ميں علما كى كوششيں
  • موجودہ دور ميں سيرت سے متعلق مسلمانوں كى كاوشوں كا تذكرہ


3 سنت اور سيرت سے متعلق سعودى عرب كى كاوشوں كا تذكرہ

  • سعودى عرب ميں حكومتى اور عوامى سطح پر قرآن كے ساتھ سنت كو بطورِ اساس تسليم كيا جانا
  • سنت اور سيرت كى خدمت ميں مملكت كے علما كا حصہ
  • سنت اور سيرت كى خدمت ميں حرمين شريفين كا حصہ
  • مملكت كے نظامِ تعليم ميں سنت اور سيرت كا مقام
  • سنت اور سيرت كى خدمت ميں مملكت كى يونيورسٹيوں كاحصہ
  • مملكت كے نظامِ تعليم ميں سنت اور سيرت كے مناہج (نصاب) كا علمى جائزہ
  • سنت اور سيرت كى خدمت ميں مختلف علمى مراكز اور اداروں كا حصہ
  • سنت اور سيرت كى خدمت ميں مملكت كے ذرائع ابلاغ كا حصہ
  • سنت اور سيرت كى كتابوں كى طبع و اشاعت اور تقسيم ميں حكومتى اورعوامى سطح پر مملكت كا حصہ
  • دُنيا بهر ميں سنت اور سيرت كو پهيلانے ميں سعودى عرب كا حصہ


4غير عرب زبانوں ميں سنت اور سيرت پر كئے گئے علمى كاموں كا جائزہ

  • كسى غير عربى زبان ميں سنت پر كئے گئے كام كا علمى جائزہ
  • كسى غير عربى زبان ميں سيرت پر كئے گئے كام كا علمى جائزہ
  • كسى غير عربى زبان ميں سنت ِنبوى سے متعلق كتب و مقالات كى ببلو گرافى
  • كسى غير عربى زبان ميں سيرت ِنبوى سے متعلق كتب و مقالات كى ببلوگرافى


5 ماضى و حال ميں سنت و سيرت پر كئے گئے شبہات كا جائزہ اور ترديد

  • مستشرقين كى طرف سے اٹهائے گئے اعتراضات اور شبہات
  • ملحد اور مغرب زدہ عناصر كى طرف سے پيش كردہ اعتراضات اور شبہات
  • صرف قرآن پر اكتفا كرنے كے دعويدار حضرات كے اعتراضات اور شبہات
  • گمراہ فرقوں كى طرف سے اُٹهائے گئے اعتراضات اور شبہات
  • عالمى انسائيكلو پيڈياوٴں ميں اُٹهائے گئے اعتراضات اور شبہات


ان تمام اعتراضات اور شبہات كى ترديد ميں مسلمان علما كى كاوشوں كا تذكرہ
ان موضوعات پر لكهے گئے مقالات كى تعداد اَسّى تهى، چنانچہ ہر مقالہ كا خلاصہ پيش كرنے كے لئے كل سولہ نشستيں ترتيب دى گئيں جو تين دن پر محيط تهيں - تمام مقالات عمدگى كے ساتہ طبع كئے گئے تهے اور ہر صاحب ِمقالہ كو اپنے مقالہ كا خلاصہ پيش كرنے كے لئے بارہ منٹ ديے گئے تهے، گويا ہر نشست ميں پانچ مقالہ نگاروں نے شركت كى- ہرنشست كا دورانيہ ڈيڑہ گهنٹہ ركها گيا تها جس ميں آدها گهنٹہ حاضرين مجلس كى طرف سے سوال و جواب يا علمى مشاركت كے لئے ركها گيا تها-

مذاكرے كے افتتاحى اجلاس ميں سعودى عرب كے وزيربرائے اسلامى امور، اوقاف، دعوت و تبلغك شيخ صالح بن عبدالعزيز نے خصوصى شركت كى اور مذكورہ دونوں عنوانات (سنت اور سيرت) كى اہميت كے بارے ميں اپنے خيالات كا اظہار كيا- اس اجلاس كے بعد اس نمائش كا بهى افتتاح كيا گيا جو 'شاہ فہد كمپليكس برائے طباعت ِقرآن' نے اپنى عظيم كاوشوں كے بارے ميں ترتيب دى تهى اور جس ميں مركزى حيثيت اس نئے پروجيكٹ كو حاصل تهى جو سنت اور سيرت كى ايك جامع ويب سائٹ كى شكل ميں عالم اسلام كو پيش كيا گيا تها-پہلے تو اس كا تعارف ايك بڑى اسكرين پر كرايا گيا اور پهر وزير اوقاف نے باقاعدہ اس كے افتتاح كا اعلان كيا- نمائش ميں نہ صرف شاہ فہد كمپليكس بلكہ اڑتيس دوسرے سعودى اداروں كى مطبوعات بهى پيش كى گئى تهيں -

چند منتخب مقالات؛ تعارف وتذكرہ
اس مختصر مضمون ميں تمام 80 مقالات كے عناوين كا احاطہ تو نہيں كيا جاسكتا، ان چند مقالات كا تذكرہ كيا جارہا ہے جو راقم السطور كے لئے باعث ِكشش رہے :
1 ڈاكٹر عبداللہ بن محمدد مفو كا مقالہ بعنوان 'سنت ِنبوى كى خدمت ميں جديد تكنيك كا حصہ': اس مقالہ ميں صحيح بخارى كى چند احاديث كو موضوعِ بحث بنايا گيا ہے- احاديث كى اسانيد كو ڈايا گرام كى شكل دى گئى ہے اور احاديث كے راويوں كو ثقاہت يا ضعف كے اعتبار سے مختلف رنگ ديے گئے ہيں اور پهر يہ ثابت كيا گيا ہے كہ ان راويوں ميں كوئى بهى ضعيف راوى جگہ نہيں پاسكا-

2 'مدينہ منورہ سے متعلق ہر قسم كى تحقيق كے لئے قائم شدہ مركز' كے ڈائريكٹر عبدالباسط بن عبدالرزاق نے اس مركز كا تعارف كرايا اور بتايا كہ يہ مركز مدينہ منورہ كے قرب و جوار ميں ہونے والے تمام غزوات كو اس شكل ميں پيش كرنا چاہتا ہے كہ ناظرين اسكرين پر ان تمام مقامات كو ديكہ سكيں جہاں يہ غزوات پيش آئے تهے- نمونہ كے طور پر انہوں نے كمپيوٹر كى مدد سے اسكرين پر غزوه اُحد كا ايك ابتدائى منظر بهى پيش كيا جس ميں كفارِ مكہ كا مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے جبل اُحد كے دامن ميں اپنى افواج كو جمع كرنا، مسلم مجاہدين كا جبل اُحد تك پہنچنا اور پهر افواجِ قريش كے سامنے پوزيشن لينا، تير اندازوں كا عقب كى گهاٹى پرمتعين كيا جانا اور معركہ كا انفرادى مقابلہ كى شكل ميں آغاز ہونا دكهايا گيا تها- چونكہ مقرر كے بارہ منٹ اسى تمہيد ميں نقطہ اختتام تك پہنچ گئے تهے، اس لئے سارا ہال جو بڑى محويت كے ساتھ اس منظر كو ديكھ رہا تها، اس نشست كے صدر كى مداخلت كى بنا پر باقى روئداد ديكهنے سے محروم رہا- اس پيشكش ميں كوئى انسانى ہيو لا نہيں ظاہر كيا گيا ،بلكہ لكيروں اور دائروں كى شكل ميں عساكر كو پيش كيا گيا -

3 ڈاكٹر يحيىٰ بن ناصر كامقالہ بعنوان : 'حديث ِنبوى اور عملى پريكٹس كى روشنى ميں حجامت (سينگى لگوانا) كا تذكرہ':دنيا ميں رائج مختلف طريقہ ہائے علاج ميں حجامت ايك معروف طريقہ رہا ہے جس كى شكل يہ ہے كہ جسم سے فاسد خون كو ايك مخصوص آلہ كى مدد سے چوسا جاتا ہے اور اس مقصد كے لئے آنحضورﷺ سے منقول جسم كے خاص خاص حصوں ہى كو حجامت كے لئے چنا جاتا ہے- يہ عمل كئى مرتبہ دہرانے سے كئى امراض كو شفا بخشتا ہے اور روز بروز اس طريقہ علاج كى افاديت بڑهتى چلى جارہى ہے-

4 ڈاكٹر عبداللہ بن عمر ابو موسىٰ كا مقالہ بعنوان: 'حديث ِنبوى اور جديد طريقہ علاج ميں حبہ سودا كى اہميت' حبہ سوداء سے مراد كلونجى يا Black Seedہے- كلونجى كى فضيلت ميں كئى احاديث وارد ہيں - مشہور حديث كے الفاظ يہ ہيں :
"في الحبة السوداء شفاء من كل داء إلا السام، قال ابن شهاب: السام الموت والحبة السوداء شونيز" 1
"كلونجى ميں ہر مرض (سوائے موت) كى شفا ہے- ابن شہاب كہتے ہيں : السام سے مراد موت ہے اور حبہ سودا كو شونيز بهى كہا جاتا ہے"

فاضل محقق نے ان تحقيقات كا خلاصہ پيش كيا ہے جو حبہ سودا كى افاديت سے متعلق ہيں ، خاص طور پر مندرجہ ذيل امراض ميں :
1- كينسر سے بچاوٴ كے لئے
2- دردوں كو سكون پہنچانے كے لئے
3- جسم ميں امراض كے مقابلہ ميں قوتِ مدافعت بڑهانے كے لئے
4- مختلف اقسام كے بكٹيريا كو ختم كرنے كے لئے
5- بلہارسيا اور انتڑيوں كے دوسرے كيڑوں كا ازالہ كرنے كے لئے
6- كينسر كے علاج كے لئے مستعمل دواوٴں كے زہريلے اثرات كے ازالہ كے لئے
7- جگر كى قوتِ مدافعت ميں اضافہ كے لئے
8- خون ميں شكر كى نسبت ميں كمى كے لئے
9- خون ميں سرخ ذرّات كے اضافہ اور سفيد ذرات كى كمى كے لئے
10- معدہ كو پهوڑا بننے سے بچانے كے لئے
11- سانس كى تكاليف، مرض دمہ، دورانِ خون كى بہترى اور خون ميں چربى كے ازالہ كے لئے

5 ڈاكٹر محمد موہر على (لندن) كا مقالہ بعنوان: 'انگريزى زبان ميں سيرت كى كتابوں كا تذكرہ' اس مقالہ ميں ان چيدہ چيدہ انگريزى كتب كا تذكرہ كيا گيا ہے جو سترہويں صدى سے لے كر اب تك سيرت كے موضوع پر تحرير كى گئى ہيں - جس ميں پرانے اور نئے ان مستشرقين كى آرا كا خلاصہ بهى پيش كيا گيا ہے جنہوں نے خاص طور پر اللہ كے رسولﷺ كى ذات والا صفات كو ہدفِ تنقيد بنايا ہے- ان ميں ہمفرى بريڈو، ايڈورڈگبن، وليم ميور، مارگوليتہ اور منٹگمرى واٹ سرفہرست ہيں -

6 راقم الحروف نے اربابِ شاہ فہد كمپليكس كى خواہش پر انگريزى زبان ميں سنت كے بارے ميں كتاب يا مضمون كى شكل ميں جو كچھ لكها گيا ہے، اسے ببلو گرافى كى شكل ميں پيش كرنے كى سعادت حاصل كى-يہ مقالہ كانفرنس ميں پيش ہونے والے تمام مقالات ميں صفحات كے اعتبار سے سب سے ضخيم تها-دو سو دس صفحات پر مشتمل اس ببلوگرافى ميں آٹھ سو سے زيادہ كتب اور مضامين كا احاطہ كيا گيا ہے- خيال رہے كہ اس سلسلہ ميں يہ پہلى كوشش نہيں ہے بلكہ مجھ سے قبل جرمنى كے نو مسلم احمد وان ڈانفر نے يورپين زبانوں ميں سنت واحاديث كى كتب اور تحريروں پر ايك ببلوگرافى شائع كى تهى جس ميں انگريزى زبان كے ساڑهے تين سو ٹائٹل شامل تهے- يہ كتاب 1981ء ميں اسلامك فاوٴنڈيشن ليسٹر (برطانيہ) سے شائع ہوئى- اس سے ايك سال قبل امريكہ كے محمد انيس اور عاليہ نسرين اطہر بهى اسى موضوع پر ايك ببلو گرافى شائع كرچكے تهے- گويا دونوں كتابوں ميں 1980ء تك كى كتب كا احاطہ كيا گيا ہے- پچهلے تيئس سال ميں چونكہ مسلم اہل قلم كى طرف سے اس موضوع پر بہت كچھ احاطہ تحرير ميں لايا گيا ہے، اس لئے ميرى اصل كاوش اسى مرحلہ سے متعلق ہے، گويا پچلىہ دونوں كتابوں پر ميرے اس مقالہ ميں پانچ سو كے لگ بهگ عناوين كا اضافہ كيا گيا ہے- 1980ء تك كتب ستہ ميں سے صرف بخارى، مسلم اور سنن ابوداوٴد كے تراجم موجود تهے،اضافات ميں سنن نسائى كى پہلى جلد، موطأ امام مالك كانيا ترجمہ اور احاديث ِرسول پر مبنى تفسير ابن كثير كا ترجمہ شامل ہے- ايسے ہى پہلى دونوں فہرستوں ميں شيخ البانى كو جگہ نہيں ملى تهى، ميرى اس فہرست ميں شيخ البانى كى كتاب صفة صلاة النبیﷺ كا ترجمہ بقلم اسامہ حسن شامل ہے- حديث اور سنت پر ميرے ايم اے اور پى ايچ ڈى كے مطبوعہ اور غير مطبوعہ مقالات كابهى تذكرہ ہے اور ميرى كوشش ہوگى كہ اس فہرست كے آئندہ ايڈيشن ميں والد ِگرامى قدر شيخ الحديث مولانا عبدالغفار حسن مدظلہ العالى كى تصنيف 'انتخابِ حديث' كے انگريزى ترجمہ كابهى ذكر آجائے جو فرزند ِعزيز اسامہ حسن كے قلم سے مكمل ہوچكا ہے اور اب صرف مرہونِ طباعت ہے-

يہ بات تحديث ِنعمت كے طور پر عرض كرتاہوں كہ اس طرح ہمارے خاندان كى تين نسلوں كو اس فہرست ميں باستحقاق جگہ مل رہى ہے- ذلك فضل الله يوتيه من يشاء

چند دوسرے نماياں مقالات كے عناوين اور مصنّفين كا تذكرہ

آخر ميں چند دوسرے نماياں مقالات كے عناوين اور مصنّفين كا تذكرہ قلمبند كئے ديتا ہوں :
1 'جديد تكنيك؛ سنت اور سيرت كى خدمت ميں ' ازقلم ڈاكٹر ابراہيم بن حماد الريس
2 'عہد ِنبوى ميں حديث ِنبوى كى كتابت؛ اجازت اور عدمِ اجازت كے مابين ' از قلم ڈاكٹر حسناء 2 بنت بكرى نجار
3 'چودہويں صدى ہجرى كے نصف آخر سے اب تك سنت پر تصنيفات كا جائزہ' از قلم ڈاكٹر خلدون بن محمد سليم الاحرب
4 'بوڈے كى سيرتِ محمد ميں اٹهائے گئے اعتراضات اور شبہات كاجواب ' ازقلم ڈاكٹر مہدى بن رزق اللہ احمد
5 'سنت كے سائنسى اور طبى لحاظ سے معجزانہ پہلو كا علمى جائزہ' ازقلم ڈاكٹر احمد بن ابوالوفا عبدالآخر
6 'گولڈزيہر، شاخت اور دوسرے مستشرقين كے مزعومہ خيالات كا ردّ' ازقلم ڈاكٹر عبداللہ بن عبدالرحمن الخطيب
7 'شبلى نعمانى كى كتاب سيرت النبى اور اس كے تكملہ كا علمى جائزہ' از قلم ڈاكٹر تقى الدين ندوى
8 'برٹش انسائيكلو پيڈيا ميں آنحضور كے بارے ميں دى گئى آرا كا جائزہ' ازقلم ڈاكٹر وليد بن بليہش العمرى
9'اُردو زبان ميں سنت ِنبوى پر تحرير شدہ كتابوں كى ببلو گرافى' از قلم ڈاكٹر احمد خان بن على محمد
10 'تركى زبان ميں حديث اور علومِ حديث كى تاليفات كى ببلوگرافى' از قلم ڈاكٹر بنيامين بن دورموش اَرول
11 'سنت كے طبى اور علمى معجزانہ پہلو ميں كون سے اصول ملحوظِ خاطر رہيں ' ازقلم ڈاكٹر عبداللہ بن عبدالعزيز المصلح
12 'فرانسيسى زبان ميں سيرت پر تاليفات' از قلم ڈاكٹر حسن بن ادريس عزوزى
13 'سنت اور سيرت كے حوالہ سے روسى مستشرقين كى كاوشوں كاجائزہ ' ازقلم ڈاكٹر سليمان بن محمد الجاراللہ
14 'نيسابورى كى كتاب جمل الغرائب كا علم غريب ا لحديث ميں مقام' ازقلم ڈاكٹر محمد اجمل بن محمد ايوب اصلاحى
15 'سنت اور سيرت كى خدمت ميں سعودى عرب كے علما كا حصہ' ازقلم ڈاكٹر صالح بن غانم السدلان
16 'سنت ِنبوى كى حفاظت ميں علم علل الحديث كا حصہ' ازقلم ڈاكٹر وصى اللہ بن محمد عباس
17 'سنت ِنبوى كى خدمت ميں علم تخريج كا حصہ' ازقلم ڈاكٹر عبدالغفور بن عبدالحق بلوچى
18 'سيرت ِنبوى سے متعلق روايات؛ محدثين اور موٴرخين كے قواعد كے مابين' ازقلم ڈاكٹر اكرم بن ضياء العمرى
19 'سنت ِنبوى كى خدمت ميں جامعہ اسلاميہ مدينہ منورہ كى كاوشيں ' از قلم ڈاكٹر ابراہيم بن على العبيد
20 'سنت ِنبوى كى حفاظت ميں اسناد اور علم جرح و تعديل كى اہميت' از قلم ڈاكٹر صالح بن حامد الرفاعى
21 'تفسير كى اہم كتابوں ميں سيرت كا تذكرہ' ازقلم ڈاكٹر عصام بن عبدالمحسن الحميدان
22 'شريعت ميں سنت كا مقام بحيثيت ِمصدرِ ثانى' ازقلم ڈاكٹر نوربنت حسن قاروت
23 'ہوسا زبان ميں سنت ِنبوى سے متعلق كلام' از قلم شيخ محمدالثانى بن عمر موسىٰ
24 'عبرانى انسائيكلو پيڈيا ميں اسلام اور رسولِ اسلام سے متعلق اعتراضات كا جائزہ ' ازقلم ڈاكٹر موسىٰ البسيط

مندرجہ بالا سطور ميں 80 ميں سے 30 مقالات كا كچھ تفصيلى اور كچھ مختصر تذكرہ كيا گيا ہے- گويا باقى پچاس مقالات كااجمالى تذكرہ راقم الحروف كے ذمہ قرض رہے گا، جسے اُتارنا قارئين كى دلچسپى پر منحصر ہے-

احسان ناشناسى ہوگى، اگراس مضمون كے آخر ميں ڈاكٹر ف عبدالرحيم اور ڈاكٹر ضياء الرحمن اعظمى كا تذكرہ نہ كروں - اوّل الذكر غير عربى دان حضرات كے لئے عربى زبان كى تعليم كے حوالہ سے كئى تاليفات كى بنا پر مشہور و معروف ہيں اور آخر الذكر جامعہ اسلاميہ سے ريٹائر ہونے كے بعد صحيح احاديث پرايك جامع اور مكمل مجموعہ ترتيب دينے ميں مشغول ہيں -ان دونوں حضرات نے چند ديگر محققين كے تعاون سے تمام مقالات كا جائزہ ليا اور سيمينار ميں پيش كرنے سے قبل ان كى علمى اور تحقيقى حيثيت كو جانچا اور پهر ان كى پُروف ريڈنگ اور طباعت ميں خوش نمائى اور سليقے كو متعارف كرايا- فجزاهم الله خير الجزاء

نوٹ: اس سے قبل اکتوبر 2000ء میں 'مجمع ملک فہد' میں ایسا ہی ایک عالمی پروگرام 'قرآن کریم' پربھی منعقد ہوچکا ہے۔ جس میں اسی طرح قرآن کریم اور اس کے علوم کو مختلف حوالوں سے موضوعِ بحث بنایاگیا تھا۔ مجلس التحقیق الاسلامی کی لائبریری میں نہ صرف اس پروگرام کے مقالات اور انتظامی تفصیلات مطبوعہ شکل میں موجود ہیں بلکہ ایک کمپیوٹر سی ڈی کی شکل میں بھی دستیاب ہیں۔ شائقین لائبریری اوقا ت (9 تا 5 بجے) میں استفادہ کرسکتے ہیں۔ ادارہ

 


حوالہ جات
1. بخارى، مسلم

2. خیال رہے کہ اس کانفرنس میں خواتین نے بھی حصہ لیا تھا۔ ان کے لئے علیحدہ ہال کا انتظام کیا گیاتھا۔ مقررہ خواتین کی رسائی مردوں تک صرف مائیک کے توسط سے تھی، اور اسی نظم کے تحت انہوں نے ہر نشست کے آخری حصہ میں ہونے والے مذاکرہ میں بھی حصہ لیا۔