شریر جادوگروں کا قلع قمع کرنے والی تلوار

الصارم البتار في التصدي للسحرة الأشرار

(ساتواں حصہ)
بیوی سے قرب کی  بندش کا جادو
اس سے مراد یہ ہے کہ ایک  تندرست مرد اپنی بیوی سے جماع نہ کرسکے اور اس کی کیفیت کچھ اس طرح سے ہوتی ہے کہ جن انسان کے دماغ میں اس جگہ پر مورچہ بندی کرلیتاہے جہاں سے اعضاءتناسل کو شہوانی ہدایات ملتی ہیں۔پھر جب انسان اپنی بیوی کے قریب ہوکر اس سے جماع کا ارادہ کرلیتا ہے تو جن اس دماغی مرکز کو بے عمل کردیتاہے جو اعضاء تناسل میں شہوانی جذبات بھڑکاتا ہے۔اس سے مرد کا آلہ تناسل سکڑ جاتا ہے۔اور وہ اپنی بیوی سے جماع کے قابل نہیں رہتا۔جن کی یہ شیطانی حرکت اس وقت عمل میں آتی ہےجب خاوند جماع کرنے کےلیے بالکل تیار ہوتاہے۔عین وقت پر وہ یہ حرکت کرکے اسے جماع سے عاجز کردیتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ حالت جس طرح مرد کے ساتھ ہوتی ہے اسی طرح عورت کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے۔اور اس کی  پانچ شکلیں ہیں:
1۔عورت کی ٹانگیں غیر ارادی طور پر ایک دوسرے سے چپک جاتی ہیں اور اس کا خاوند اس سے جماع نہیں کرسکتا۔
2۔جن عورت کے دماغ میں مورچہ بندی کرکے اس کی شہوت کو ختم کردیتاہے،چنانچہ اس کا خاوند اس سے جماع کر بھی لے تو اسے قطعاً کوئی لذت محسوس نہیں ہوتی اور وہ دوران جماع نیم بے ہوشی کی حالت میں پڑی رہتی ہے۔
3۔عین اسی وقت عورت کو خون آنا شروع ہوجاتاہے جب اس کا خاوند اس سے جماع کرنے کے لئے تیار ہوتا ہے جس سے وہ جماع نہیں کرسکتا ہے۔
4۔مرد جب جماع کا ارادہ کرتا ہے تو اس کے سامنے گوشت کا ایک بہت بڑا بند  آجاتاہے جس سے وہ جماع کرنے کے قابل نہیں رہتا ہے۔
5۔بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ مرد ایک کنواری عورت سے شادی کرتا ہے لیکن وہ جب اس کے قریب جاتاہے تو اسے یوں لگتاہے جیسے یہ عورت کنواری نہیں ہے اور وہ شکوک وشبہات میں مبتلا ہوجاتاہے لیکن جب اسکا علاج ہوتا ہے تو اس کا پردہ بکارت اسی طرح ٹوٹ آتا ہے جس طرح جادو سے پہلے ہوتاہے۔
بندش جماع کے جادو کاعلاج:۔
اس کے علاج کے کئی طریقے ہیں:
پہلا طریقہ:۔
جادو کی پہلی قسم میں قرآنی آیات پر مشتمل جو دم ذکر کیا گیا ہے،اسے مریض پر پڑھیں،اگراس  کی زبان سے جن بولنے لگ جائےتو اس سے جائے جادو پوچھ لیں،پھر وہاں سے جادو نکال کر اسے ختم کردیں اور جن کو اس سے  نکل جانے کا حکم دیں،اگرنکل جائے تو اس طرح اس پر کیا گیا جادو ٹوٹ جائے گا اور اگر دم کرنے کے باوجود جن اس کی زبان سے نہیں بولتا تو اس کے علاج کے لئے مندرجہ ذیل طریقوں میں سے کوئی طریقہ استعمال کریں۔
دوسراطریقہ:۔
درج ذیل آیات پانی پرپڑھیں،جس کو مریض چند ایام پیتا رہے اور اس سے غسل کرتارہے ان شاء اللہ جادو ٹوٹ جائے گا:
سورہ یونس کی آیت 18،82،اورسورۃ الاعراف کی آیات 117 تا 122 اور سورہ طہٰ کی آیت 69۔
تیسرا طریقہ:۔
بیری کے سات پتے لے لیں،انہیں دو پتھروں کے درمیان باریک پیس کرپانی سےبھرے برتن میں ڈال دیں۔پھر اپنا منہ اس کے قریب کرلیں اور ان پتوں کواوپر نیچے کرتے ہوئے ان پر آیت الکرسی اور معوذات کی تلاوت کریں۔اس پانی کومریض چند ایام تک پیتا اور اس سے غسل کرتا رہے۔بشرط یہ کہ اس میں دوسرے پانی کا اضافہ نہ کرے اور آگ پر گرم نہ کرے،اور اگراسے  گرم  کرنے کی ضرورت ہوتو سورج کی گرمی میں کرے،اوراسے ناپاک جگہ پر نہ انڈیلے،اس طرح اس پر کیاگیا جادو ختم ہوجائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جادو پہلی مرتبہ نہانے سے ہی ٹوٹ جائے۔
چوتھا طریقہ:۔
مریض کے کان میں دم کریں اور پھر سورۃ الفرقان کی آیت نمبر23 بھی اس کے کان میں کم از کم سو مرتبہ یااس وقت تک پڑھتے رہیں جب تک اس کے ہاتھ  پاؤں سن نہیں ہوجاتے،اور ایسا چند ایام تک روزانہ کرتے رہیں۔ان شاءاللہ جادو  ٹوٹ جائے گا۔
پانچواں طریقہ:۔
امام شعبی رحمۃ اللہ علیہ  کہتے ہیں کہ جادو توڑنے کے لئے یہ طریقہ بھی اختیار کیا جاسکتاہے کہ مریض ایک کانٹے دار درخت کے نیچے چلاجائے اور اس کے دائیں بائیں سےکچھ پتے لے کر انہیں باریک پیس لے،پھر انہیں پانی میں ملاکر اس پر(معوذات اورآیت الکرسی) پڑھ لے اور اس سے غسل کرے۔(98)
چھٹا طریقہ:۔
مریض موسم بہار میں بیاباں جنگل اور باغات کے پھول جتنے جمع کرسکتاہے کرلے،پھرانہیں ایک صاف ستھرے برتن میں ڈال دے اورمیٹھا پانی بھردے۔پھر اس پانی کو تھوڑا ساآگ پر اُبال لے،جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس پر معوذات کو پڑھ لے اور اسے اپنے اوپر بہادے ،ان شاء اللہ جادو ٹوٹ جائے گا(99)
ساتواں طریقہ:۔
ایک برتن میں پانی بھر لیں،پھر اس پر معوذات کے علاوہ یہ دعائیں بھی پڑھیں:
الف۔ اللَّهُمَّ ربَّ النَّاسِ ، أَذْهِب الْبَأسَ ، واشْفِ ، أَنْتَ الشَّافي لا شِفَاءَ إِلاَّ شِفَاؤُكَ ، شِفاءً لا يُغَادِرُ  سقماً 
ب۔ بسم الله أرقيك من كل شيء يؤذيك من شر كل نفس أو عين حاسد، الله يشفيك بسم الله أرقيك. 
ج۔ اعوذبكلمات الله التامات من شر ماخلق 
د۔ بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ العليم.
مریض اس پانی کو چند ایک ایام تک پیتا اور اس سے غسل کرتا رہے،ان شاء اللہ جادو کا اثر ختم ہوجائے گا ۔
آٹھواں طریقہ:۔
ایک صاف ستھرے برتن میں  پاکیزہ  روشنائی کے ساتھ سورہ یونس کی آیات 81،82،تحریر کریں،پھر اس لکھائی کو کلونجی کے تیل کے ساتھ مٹادیں۔پھر مریض اس تیل کو تین دن تک پیتا رہے اوراپنے سینے اور پیشانی کی مالش کرتا رہے،اس طرح اس کا جادو ٹوٹ جائے گا۔یاد رہے کہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ  نے ایساکرنے کو جائز قرار دیاہے۔(100)
نواں طریقہ:۔
جادو کی پہلی قسم میں جو دم ذکر کیا گیا ہے ،اسے پاکیزہ روشنائی کے ساتھ صاف ستھرے برتن پر لکھ لیں،پھر اسے پانی کے ساتھ مٹادیں۔اس کے بعد مریض اسی پانی کو چند ایام تک پیتا اوراسی سے غسل کرتا رہے،ان شاء ا للہ جادو کا اثر ختم ہوجائے گا۔
جادو ،نامردی اورجنسی کمزوری میں فرق:۔
اگر مریض پر بندش جماع کاجادو کیاگیا ہوتو اس کی اہم نشانی یہ ہے کہ وہ جب تک اپنی بیوی سے دور رہتاہے،اپنے اندر جماع کی طاقت بھر پور انداز سے محسوس کرتاہے،لیکن جونہی اس کے قریب جاتاہے اور جماع کرنے کاارادہ کرلیتاہے توعین وقت پراس کا عضوخاص سکڑ جاتاہے اور وہ جماع کرنے کےقابل نہیں رہتا۔
اگر مریض نامرد ہوتو وہ خواہ اپنی بیوی کے قریب ہو یابعید اپنے اندر قوت جماع کو بالکل محسوس ہی نہیں کرتا۔
اوراگر اسے جنسی کمزوری ہوتو وہ کئی کئی دنوں کے بعد جماع کرنے کےقابل ہوتاہے ،اور جب اس قابل ہوتاہے،جماع شروع کرتے ہی ڈھیلا پڑ جاتاہے اور زیادہ دیر تک اسےجاری رکھنے کےقابل نہیں ہوتا۔۔۔بندش جماع کے جادو کاعلاج تو ہم 9عددطریقوں کر چکے ہیں،اب آئیے نامردی اور جنسی کمزوری کا علاج ذکر کرتے ہیں:
نامردی کا علاج:۔
1۔ایک کلو گرام خالص شہد اور 200 گرام تازہ غذ الملکات
2۔اس پر فاتحہ ،الشرح اور معوذات پڑھیں۔
3۔مریض ہر روز اس شہد سے  تین چمچ نہار منہ اور ایک ایک چمچہ دوپہر اور رات کھانے سے ایک گھنٹہ پہلے استعمال کرے۔
4۔جب تک نامردی ختم نہ ہو،وہ یہ علاج جاری رکھے۔اللہ کے  حکم سے شفا نصیب ہوگی۔
بانجھ پن اورناقابل اولاد ہونا:۔
مرد کا ناقابل اولاد ہونا:۔
مرد دو طرح سے ناقابل اولاد ہوسکتاہے۔ایک تو یہ ہے کہ وہ جسمانی طور پر مریض ہو اور ناقابل اولاد ہو۔اگرایسا ہوتو اس کاعلاج اطباء کے پاس کیا جاسکتا ہے۔اور دوسرا یہ ہے کہ جسمانی طور پر تو  ٹھیک ہولیکن جنات کی شرارت کی وجہ سے وہ اولاد پیدا کرنے کے قابل نہ ہو،اور یہ اس طرح ہوتا ہے کہ پیداواری صلاحیت کے لئے ضروری ہے کہ مرد کے پاس ایک سینٹی میٹر مکعب میں دس ملیون سے زیادہ منوی حیوانات ہوں۔جن بعض اوقات یوں کرتا ہے کہ مرد کے خصیتین جو منوی حیوانات کو چھانٹتے اور انہیں علیحدہ کرتے ہیں،پر پریشر ڈال کر یا کسی اور طریقے سے منوی حیوانات کا مطلوبہ تناسب پورا نہیں ہونے دیتا،جس سے مرد کی پیداواری صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔
اور اس کادوسراطریقہ یہ بھی ہے کہ منوی حیوانات جب خصیتین سے منی کے مقر میں منتقل ہوتے ہیں تو وہاں پر انہیں ایک سیال مادے کی ضرورت ہوتی ہے۔جس سے انہیں زندہ رہنے کےلیے غذاملتی ہے ،اور یہ مادہ گوشت سے نکلتاہے اور منی کے مقر میں منوی حیوانات کے پاس چلا جاتاہے۔چنانچہ جن اسی سیال مادےکو منوی حیوانات کے پاس جانے سے  روک دیتاہے۔اورجب منوی حیوانات کوغذا نہیں ملتی تو وہ مرجاتے ہیں اوراسی طرح پیدا واری صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔
جن کی وجہ سے ناقابل اولاد ہونے کی کچھ علامات:۔
1۔سینے کی گھٹن،خاص کرعصرکے بعد سے لے کر آدھی رات تک
2۔پریشان حالی
3۔پیٹھ کی نچلی ہڈیوں میں درد
4۔نیندمیں گھبراہٹ
5۔نیند میں خوفناک خواب
عورت کا بانجھ پن:۔
عورت کا بانجھ پن بھی دو  طرح سےہوتاہے ایک تو یہ ہے کہ وہ قدرتی طور پر اولاد جنم دینے کے قابل نہ ہو،اور دوسرا یہ ہے کہ وہ قدرتی طور پرٹھیک ہولیکن رحم میں جن کی شرارت کیوجہ سے وہ بانجھ ہوجائے اور بچہ جننے کے قابل نہ ہو۔اس کی شرارت کی ایک شکل تو یہ ہے کہ وہ اس کی پیداواری صلاحیت کلی طور پر ختم کردے،اور دوسری شکل یہ ہے کہ ابتدائی طور پر  تو اس کے رحم میں حمل ٹھہر جائے،لیکن چند ماہ بعد وہ رحم کی رگوں میں ایڑ لگادیتا ہے،جس سے عورت کو خون آنا شروع ہوجاتاہے اور اس کا حمل ضائع ہوجاتاہے،اور صحیحین میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کایہ فرمان موجود ہے کہ:
إنَّ الشَّيْطَانَ يَجْرِي مِنْ ابْنِ آدَمَ مَجْرَى الدَّمِ (101)
"شیطان انسان کی رگوں میں خون کی طرح گردش کرتا ہے"
بانجھ پن کا علاج:۔
1۔جادو کی پہلی قسم میں قرآنی آیات پر مشتمل جو دم ذکر کیا گیا ہے ،اسے ایک کیسٹ میں ریکارڈ کردیں،جسےمریض روزانہ تین مرتبہ سنتا رہے۔
2۔صبح کے وقت سورۃالصافات کی تلاوت کرے یا اس کی تلاوت سنتارہے۔
3۔سوتے وقت سورہ المعارج کی تلاوت کرے یااس کی تلاوت سن لے۔
4۔کلونجی کے تیل پر یہ سورتیں پڑھیں:الفاتحہ،آیت الکرسی،سورۃ البقرہ کی اور سورہ آل عمران کی آخری آیات،المعوذات۔۔۔اس تیل کومریض اپنے سینے،پیشانی اور پیٹھ کی ہڈیوں پر ملتا رہے۔
5۔یہی آیات وسورتیں خالص شہد پر بھی پڑھیں،جس سے مریض صبح نہار منہ ایک چمچہ استعمال کرے۔
مندرجہ بالاعلاج مریض کئی مہینے مسلسل کرتا رہے ،ان شاء اللہ شفاء نصیب ہوگی بشرط یہ کہ وہ اس دوران اللہ کی شریعت کی پابندی کرے۔
سرعت انزال کا علاج:۔
سرعت انزال ایک جسمانی بیماری کے طور پر ہوتو اطباء اس کا کئی طرح سے علاج کر تے ہیں،مثلاً
1۔عضو خاص پر مرہم لگانا۔
2۔دوران جماع کسی دوسرے معاملےمیں غور وفکر کرنا۔
3۔دوران جماع ریاضی کے بعض مشکل سوالات حل کرنا۔
اور اگر سرعت انزال جن کی وجہ سے ہوتواس کا علاج یہ ہے:
1۔نماز فجر کے بعد سو مرتبہ یہ دعا پڑھے:
"لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "
2۔سونے سے پہلے سورۃالملک کی تلاوت کرے یا ا ُسے سن لے۔
3۔روزانہ کئی بار آیت الکرسی کو  پڑھے۔
4۔مندرجہ ذیل دعائیں روزانہ صبح وشام تین تین مرتبہ پڑھے:
"اعوذبكلمات الله التامات من شر ماخلق "
بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ العليم.
 أعوذُ بكلماتِ اللهِ التامَّةِ ، مِن كُلِّ شيطانٍ وهامَّةٍ ، ومِن كُلِّ عَيْنٍ لامَّةٍ 
مندرجہ بالا علاج کم از کم تین ماہ تک جاری رکھنا چاہیے۔
جادو سے بچنے کےلئے احتیاطی اقدامات
یہ بات ہر ایک کو معلوم ہے کہ بندش جماع کا جادو عموماً نوجوانوں پر کیا جاتا ہے جب وہ شادی کرنے کا ارادہ کررہے ہوتے ہیں۔خاص کراس وقت جب وہ ایسے معاشرے میں رہائش  پذیر ہوں جس میں بدبخت جادوگروں کی کثرت ہو۔ایسے میں ایک سوال پیدا ہوتاہے کہ کیا دولہا اور دلہن جادو سے بچنے کے لئے قلعہ بند نہیں ہوسکتے تاکہ اگر ان  پر جادو کیاجائے تو وہ اس کے اثر سے محفوظ رہیں؟
اس اہم سوال کا جواب یہ ہے کہ ہاں،ایسا ہوسکتاہے اور ابھی ہم اس سے بچنے کے لیے چند ضروری احتیاطی اقدامات ذکر کریں گے لیکن اس سے پہلے ایک قصہ پڑھ لیجیے۔
ایک نوجوان جو شریعت الٰہی کا پابند تھا،اپنی بستی اور گردونواح میں لوگوں کو توحید خالص کی طرف بلاتا تھا۔دعوت الی اللہ کافریضہ سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کوجادوگروں کے پاس جانے سے ڈراتا تھا اور انھیں واضح طور پر آگاہ کیاکرتا تھا کہ جادو کفر ہے اورجادو گرایک ناپاک انسان اور اللہ اور اس کے رسول  صلی اللہ علیہ وسلم  کا دشمن ہوتاہے۔اس کی بستی میں ایک مشہور جادوگر رہائش پزیر تھا۔اور  جب بھی کوئی نوجوان شادی کرنے کاارادہ کرتا،اس جادوگر کے پاس جاتا اور اس سے کہتا:
"میں فلاں دن شادی کرنے والا ہوں اور تمہارا کوئی مطالبہ ہوتو بتاؤ"
چنانچہ جادوگر اس سے ایک بڑی رقم کا مطالبہ کرتا،جسے وہ نوجوان بغیر کسی تردد کے ادا کردیتا،اور اگر وہ اس رقم کی ادائیگی نہیں کرتا تو جادو گر بندش جماع کااس پر جادو کردیتا،نتیجتاً وہ ا پنی بیوی کے قریب جانے کے قابل نہیں رہتا۔اور اپنے اوپر کئے گئے جادو کے علاج کے لئے اسے پھر اس جادو گر کے پاس آنا پڑتا اور اس بار اسے پہلے سے کئی گنا زیادہ رقم ادا کرناپڑتی۔
اس نیک نوجوان نے اس جادوگر کے خلاف اعلان جنگ کررکھا تھا۔ہر خاص وعام مجلس میں اورہر منبر پر اس کا نام لے کر اسے رسوا کرتا تھا۔اور لوگوں کو اس کے پاس جانے سے منع کرتا تھا ابھی اس نوجوان نے شادی نہیں کی تھی اور وہ لوگ اس کی شادی کا انتظار کررہے تھے،تاکہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ جادوگر اس کے ساتھ کیا سلوک کرتاہے اور کیا یہ نوجوان جادوگر سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ پائے گا یا نہیں؟
نوجوان نے شادی کاپروگرام بنا لیا اور اس سے کچھ دن پہلے میرے پاس آیا،اورپورا قصہ مجھے بتاتے ہوئےکہنے لگا:" جادو گر مجھے دھمکیاں دے رہا ہے اور لوگ بھی انتظار میں ہیں کہ اب غلبہ کس کا ہوگا؟تو کیا آپ جادو سے بچنے کے لئے مجھے کچھ احتیاطی اقدامت کے بارے میں آگاہ کریں گے؟ اور یہ یاد رہے کہ جادوگر اپنے طور پر جو کچھ کرسکتاہے ،کرے گا کیونکہ میں نے لوگوں کے سامنے اس کی بہت توہین کی ہے"
میں نے نوجوان سے کہا:ہاں،میں آپ کی اس سلسلے میں مدد کرسکتا ہوں لیکن اس کی ایک شرط ہے۔
نوجوان نے پوچھا:وہ کیاہے؟
میں نے کہا:تم جادوگر کے پاس یہ پیغام بھیج دو کہ تم فلاں دن شادی کرنے والے ہو،اور چیلنج کرو کہ وہ اس کے مددگار جادوگر جو کچھ کرسکتے ہوں،کرلیں اور لوگوں کو بھی بتادو کہ تم نے اسے چیلنج کررکھا ہے نوجوان نے  متردد ہوکر پوچھا:آپ جوکچھ کہہ رہے ہیں،کیا آپ کو اس پر یقین ہے؟
میں نے کہا:ہاں،مجھے یقین ہے کہ ہمیشہ مومنوں کو غلبہ حاصل ہوتاہے اورجرائم پیشہ لوگ ذلیل وخوار ہوجاتے ہیں۔پھر میں نے اسے احتیاطی اقدامات سے آگاہ کیا اور وہ چلاگیا،اوربستی میں پہنچتے ہی اس نے جادوگر کو چیلنج کردیا کہ وہ اس کی شادی کے موقع پر جو کچھ کرسکتاہے کر گزرے،لوگ بھی شدت سے اس کی شادی کےدن کاانتظار کرنے لگ گئے۔نوجوان نے میری ہدایات کے مطابق احتیاطی اقدامات کرلیے اور نتیجہ یہ نکلا کہ اس کی شادی ہوگئی اور اس نے اپنی بیوی سے صحبت بھی کرلی اور جادوگر کا جادو بے اثر ہوکررہ گیا،لوگ حیران ہوگئے۔اس نوجوان کوعزت مل گئی اور جادوگر کا رعب وبدبہ خاک میں مل گیا۔وللہ الحمد۔اور وہ احتیاطی اقدامات درج ذیل ہیں:
1۔مدینہ منورہ کی عجوہ کھجور کے سات دانے صبح نہار منہ کھالیں،اگر مدینہ منورہ کی عجوہ کھجور نہ ملے تو کسی بھی شہر کی عجوہ کھجور استعمال کرسکتے ہیں،حدیث نبوی میں آتا ہے:
"جو شخص عجوہ کھجور کے ساتھ دانے صبح کے وقت کھالیتا ہے ،اسےزہر اور جادو کیوجہ سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا"(102)
دوسری احتیاطی  تدبیر وضو ہے ،کیونکہ باوضو مسلمان پر  جادو اثر انداز نہیں ہوسکتا اور وہ فرشتوں کی حفاظت میں رات گزارتا ہے ایک فرشتہ اس کے ساتھ رہتا ہے اور وہ جب بھی کروٹ بدلتا ہے فرشتہ اس کے حق میں دعا کرتے ہوئے کہتا ہے:"اے اللہ!اپنے اس بندے کو معاف کردے کیونکہ اس نے طہارت کی حالت میں رات گزاری ہے"(103)
3۔باجماعت نماز کی پابندی:۔
جماعت کے ساتھ نماز کی پابندی کی وجہ سے انسان شیطان سے محفوظ ہوجاتاہے اور اس سلسلے  میں سستی برتنے کی وجہ سے شیطان اس پر غالب آجاتا ہے اور جب وہ غالب آجاتا ہے تو اس میں داخل بھی ہوسکتا ہے اور اس پر جادو بھی کرسکتا ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کا  فرمان ہے:
"کسی بستی میں جب تین آدمی موجود ہوں اور وہ باجماعت نماز ادا نہ کریں تع شیطان ان پر غالب آجاتا ہے ،سوتم جماعت کے ساتھ رہا کرو،کیونکہ بھیڑیا اسی بکری کو شکار کرتاہے جو ریوڑ سے الگ ہوجاتی ہے"(104)
4۔قیام لیل:۔
جو شخص جادو کے اثر سے بچنے کے لئے قلعہ بند ہونا چاہیے،اسےقیام لیل ضرور کرنا چاہیے،کیونکہ اس میں کوتاہی کرکے انسان خود بخود انے اوپر شیطان کو مسلط کرلیتاہے ،اور اس کے مسلط ہونے کی صورت میں اس کے لئے جادو کا راستہ ہموار ہوجاتا ہے۔ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم  کے پاس ایک ایسے شخص کا ذکر کیا گیا جو صبح ہونے تک سویا رہتاہے اور قیام لیل کے لئے بیدار نہیں ہوتا ،تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا:"اس کے کانوں میں شیطان پیشاب کرجاتاہے"(105)
اور حضرت  ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کہتے ہیں:"جو شخص وتر پڑھے بغیر صبح کرتاہے،اس کے سر پر ستر ہاتھ لمبی رسی کا بوجھ پڑجاتا ہے۔"(106)
5۔بیت الخلاء میں جاتے ہوئے اس کی دعا پڑھنا: ناپاک جگہ پر شیطانوں کاگھر اور ٹھکانہ ہوتاہے۔ا س لیے اس میں کسی مسلمان کی موجودگی کو شیطان غنیمت تصور کرتے ہیں۔مجھےخود ایک شیطان جن نے بتایاتھا کہ وہ ایک شخص میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا جب اس نے بیت الخلاء میں  جاتے ہوئے دخول خلاء کی دعا نہیں پڑھی تھی،اور ایک اور جن نے بتایا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے تمھیں ایک طاقتور اسلحہ عطا کیا ہے جس کے ذریعے تم ہمارا خاتمہ کرسکتے ہو،میں نے کہا: وہ کیا ہے؟تو اس نے جواباً کہا کہ وہ مسنون اذکار ہیں اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  سے یہ ثابت ہے کہ آپ بیت الخلاء میں جاتے ہوئے یہ دعا پڑھا کرتے تھے:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ (107)
6۔نماز شروع کرتے وقت  شیطان سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنا:حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کہتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کو نماز کے شروع میں یہ دعا پڑھتے ہوئے دیکھا:
اللَّهُ أَكْبَرُ كَبِيرًا وَالْحَمْدُ لِلَّهِ كَثِيرًا وَسُبْحَانَ اللَّهِ بُكْرَةً وَأَصِيلًا .(تین مرتبہ)
أَعُوذُ بالله من الشيْطانِ الرجِيمِ من هَمْزِهِ، ونَفْثِهِ، ونَفْخِهِ، (108)
7۔شادی کے بعد اپنی بیوی کی  پیشانی پر دایاں ہاتھ رکھ کر یہ دعا پڑھیں:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ خَيْرَهَا وَخَيْرَ مَا جَبَلْتَهَا عَلَيْهِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّهَا وَمِنْ شَرِّ مَا جَبَلْتَهَا عَلَيْهِ،(109)
8۔ازدواجی زندگی کا آغاز نماز کے ساتھ کیاجائے:
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کہتے ہیں،"شادی کے بعد آپ جب اپنی بیوی کے پاس جائیں تو اسے کہیں کہ وہ آپ کے پیچھے دو رکعات نماز ادا کرے،پھر آپ یہ دعا پڑھیں:
اَللَّهُمَّ بارِكْ لي في اَهْلى، وَ بارِكْ لَهُمْ فِيَّ، وَ ما جَمَعْتَ بَيْنَنا فَاجْمَعْ بَيْنَنا في خَيْرٍ وَ يُمْنٍ وَ بَرَكَةٍ، وَ اِذا جَعَلْتَها فُرْقَةً فَاجْعَلْها فُرْقَةً اِلى خَيْرٍ.(110)
9۔وقت جماع احتیاطی تدبیر:رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کا فرمان ہے:
"تم میں سے کوئی بھی جب اپنی بیوی سے جماع کرنا چاہے تو یہ دعا پڑھے:
" بِسْمِ اللَّهِ ، اللَّهُمَّ جَنِّبْنَا الشَّيْطَانَ ، وَجَنِّبْ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا" "
اگر اس جماع کے بعد انہیں بچہ دیا جاتاہے تو شیطان اسے نقصان نہیں پہنچاسکتا"(111)
اور مجھے ایک جن نے توبہ کرنے اور مسلمان ہونے کے بعد بتایا  تھا کہ وہ توبہ سے پہلے مریض کے ساتھ شریک ہوجاتا تھا جب وہ اپنی بیوی سے جماع کرتا،کیونکہ وہ یہ دعا نہیں پڑھتا تھا۔سو یہ دعا بہت بڑا خزانہ ہے جس کی قیمت ہمیں معلوم نہیں ہے۔
10۔سونے سے پہلے وضو کرلیں،پھر آیت الکرسی پڑھ لیتاہے،صبح ہونے تک ایک فرشتہ اس کی حفاظت کرتا رہتاہے اور شیطان اس کے قریب نہیں آسکتا "،یہ بات جب ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ  نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کوبتائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا؛"اس نے سچ کہا حالانکہ وہ جھوٹا ہے"(112)
11۔نماز فجر کے بعد یہ دعا پڑھیں (100 مرتبہ)
" لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "
اور حدیث میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا:
"جو شخص بھی یہ دعا سو مرتبہ صبح کے وقت پڑھ لیتاہے اسے دس غلام آزاد کرنے کا ثواب ملتاہے اس کے لیے سو نیکیاں لکھ دی جاتی ہیں،اور ا سے سے سو برائیاں مٹا دیاجاتی ہیں اور شام ہونے تک وہ شیطان سے محفوظ رہتاہے۔۔۔(113)
12۔مسجدمیں  داخل ہوتے وقت یہ دعا پڑھیں:
أَعُوذُ بِاللَّهِ الْعَظِيمِ وَبِوَجْهِهِ الْكَرِيمِ وَسُلْطَانِهِ الْقَدِيمِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ " 
اور حدیث میں آتا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا:"جو آدمی یہ دعا پڑھ لیتا ہے شیطان اس کے متعلق کہتا ہے:"یہ آج کے دن مجھ سے محفوظ ہوگیا"(114)
13۔صبح وشام تین مرتبہ یہ دعا پڑھیں:۔
بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ العليم.(115)
14۔گھر سے نکلتے ہوئے یہ دعا پڑھیں:۔
" بِسم اللَّهِ ، تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ ، لا حَوْلَ وَلا قُوَّةَ إِلا بِاللَّهِ"
کیونکہ یہ دعا پڑھنے سے آپ کو یہ خوشخبری(اللہ کی طرف سے) ملتی ہے۔
"یہ دعا تجھے کافی ہے ،تجھے بچالیاگیا ہے اور تجھے سیدھا راستہ دکھادیاگیا ہے ،اورشیطان تجھ سے دورہوگیاہے اور وہ دوسرے شیطان سے کہتاہے :تو اس آدمی پر کیسے غلبہ حاصل کرسکتاہے جبکہ اسے ہدایت دے دی گئی ہے اور اس کی حفاظت کردی گئی ہے اور اسے بچالیا گیا ہے؟"(116)
15۔صبح وشام یہ دعا پڑھا کریں:"
اعوذبكلمات الله التامات من شر ماخلق (117)
یہ ہیں وہ احتیاطی اقدامات جنھیں اختیار کرکے انسان ہر قسم کے جادد سے عموماً اور بندش جماع کے جادو سے خصوصاً قلعہ بند ہوسکتا ہے۔ بشرط یہ کہ وہ مخلص ہواور اس علاج پراس کو یقین کامل حاصل ہو۔
بند جماع والے جادو کے علاج کا عملی نمونہ:۔
ایسے کئی کیسوں کا میں نے علاج کیا ہے اور کئی نمونے موجود ہیں۔لیکن خوف طوالت کی بناء پر صرف ایک نمونہ علاج ذکر کرتا ہوں:
ایک نوجوان اپنے ایک بھائی کو لے کر میرے پاس آیا جس نے ایک ہفتہ پہلے شادی کی تھی،لیکن وہ اپنی بیوی کے قریب نہیں جاسکا تھا۔اس سلسلے میں وہ متعدد کاہنوں اور نجومیوں کے پاس گیا لیکن اسے کوئی فائدہ نہ ہوا۔مجھے جب معلوم ہوا کہ وہ ان کے چکر کاٹ چکا ہے تو میں نے اسے سچی توبہ کرنے کی تلقین کی اور یہ کہ وہ انہیں غلط تصور کرے  تاکہ اس کے اعتقاد کی تصیح ہو اور پھر قرآنی علاج اس کے لیے نفع بخش ہو۔خود اس نے بھی مجھے بتایا کہ وہ جب ان کے پاس بار بارگیا تو اسے ان کےفراڈ،جھوٹ اور ان کی کمزوری وبے بسی کایقین ہوگیا۔
میں نے اس پر دم کیا اور اس کے رشتہ داروں سے سبز بیری کے سات پتے طلب کئے،لیکن انہیں یہ پتے دستیاب نہ ہوئے تو میں نے انہیں کافور کے درخت کے سات پتے دیئے۔جنھیں انہوں نے دو پتھروں کے درمیان باریک پیس دیا۔پھر میں نے انہیں پانی میں ڈال دیا اور اس پر معوذات اور آیت الکرسی کی تلاوت کی۔میں نے اسے یہ پانی پینے اور اس سے غسل کرنے کاحکم دیا،چنانچہ اس پر کیا گیا جادو ٹوٹ گیا اور وہ اپنی بیوی کے قریب جانے کے قابل ہوگیا۔والحمدللہ
بندش جماع والا جادوپاگل پنے میں تبدیل ہوگیا:۔
ایک نوجوان شادی سے پہلے دماغی طور پر بالکل درست اور بڑا سمجھدار تھا،لیکن جونہی اس نے شادی کی،پہلے وہ اپنی بیوی کے قریب جانے سے عاجز تھا ،پھر وہ پاگل ہوگیا۔ان دنوں ایسے واقعات بکثرت ہورہے ہیں کہ جادو کی وجہ سے مریض پاگل ہوجاتا ہے اور اصل جادو جنون میں تبدیل ہوجاتاہے۔ایسا صرف جادوگروں کی جادو کے فن سے جہالت کے نتیجے میں ہوتاہے۔اس کی ایک مثال پہلے بھی ہم ذکرکرچکے ہیں کہ ایک  عورت نے جادو گر سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ اس کے خاوند پرجادو کردے تاکہ وہ صرف اس سے محبت اور باقی عورتوں سے نفرت کرے،چنانچہ اس نے جادو کردیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ وہ تمام عورتوں کو حتیٰ کہ اپنی بیوی کو بھی ناپسند کرنے لگا،بلکہ اس نے اسے بھی طلاق دے ڈالی۔وہ عورت بھاگی بھاگ پھر اسی جادوگر کی تلاش میں نکلی تاکہ اس سے جادو کوتوڑنے کا مطالبہ کرسکے۔لیکن وہ اُس و قت کف افسوس ملتے رہ گئی جب اسے معلوم ہوا کہ وہ جادو گر مرچکاہے۔بہرحال وہ نوجوان جب پاگل ہوگیا تو میں نے اس پر دم کیا اور اسے بیری کے پتوں والے پانی کو پینے اور اس سے غسل کرنے کی تلقین کی۔الحمدللہ وہ صحت یاب ہوگیا اور اپنی بیوی کے قریب جانے کا قابل ہوگیا۔(جاری ہے)
حوالہ جات۔
98۔فتح الباری ،ج10 ص233
99۔فتح الباری ،ج10 ص234۔
100۔مجموع الفتاویٰ ج19 ص64۔
101۔البخاری ،ج4 ص282۔فتح مسلم ج14ص 155،نووی۔
102۔البخاری ج10ص کتاب الطب باب الدواء بالمجرۃ للسحر
103۔الطبرانی فی الاوسط امام منذری نے الترغیب ،ج2 ص13 میں اس کی سند کو اچھا کہا ہے۔
104۔البخاری،ج3 ص34،فتح ومسلم ج6 ص63نووی۔
105۔صحیح ابو داود 556۔
106۔فتح الباری ج3 ص25 اور اس کی سند کو حافظ ابن حجر  رحمۃ اللہ علیہ  نے اچھا قرار دیا ہے۔
107۔البخاری ،ج1ص 292 فتح مسلم ج4 ص70نووی۔
108۔ابو داود صحیح الکلم الطیب55۔اس کی سند صحیح ہے۔
109۔ابوداود صحیح الکلم الطیب 155۔اسنادہ حسن۔
110۔الطبرانی البانی نے اس کی سند کو صحیح قرار دیاہے۔
111۔البخاری ج1 ص 291 ومسلم
112۔البخاری ج4 ص487 فتح ۔
113۔البخاری ج6ص338،مسلم،ج17 ص17 نووی
114۔ابوداود ج1 ص127 امام نووی نے الاذکار 26 میں اور شیخ البانی ن الکلم کی تخریج 47۔میں اسے صحیح قرار دیا ہے۔
115۔الترمذی ،ج5 ص133 حسن غریب صحیح۔۔۔
116۔ابو داود ج4 ص 325،الترمذی ،ج5 ص154،حسن صحیح ۔۔۔
117۔مسلم،ج 17ص 32نووی۔