اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں

اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں
تیری رحمت کے ہر دم طلب گار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
ہم کہیں کے رہے نہ تجھے چھوڑ کر،
ساری دنیا کی نظروں میں ہم خوار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
تیرے احکام سے تیرے اسلام سے
مختلف اپنے کردار و اطوار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
دَور تھا جب کہ قدموں میں دنیا تھی اِک
دور ہے اب کہ ہم سب نگوں سار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
مے کے نشے میں حاکم نے کلمہ پڑھا
سن کے ہم چپ رہے، م خطا کار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
تیرا قرآن سرِ رہ جلایا گیا
ہم یقیناً سزا ہی کے حقدار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
ولولے حوصلے اب فسانہ ہوئے
چلتی تلوار تھے ٹوٹی تلوار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
اتحاد و یقیں کی متاع لٹ گئی
ٹھوس دیوار تھے گرتی دیوار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
بے بسی، خستہ حالی، شکستہ دلی،
اپنے اعمال کے سب یہ اثمار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
تجھ سے کٹ کر پریشاں پشیماں ہیں ہم
تیرے رستے سے ہٹ کر ہوئے خوار ہیں
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
سر جھکا کر کہو، گِڑ گِڑا کر کہو!!
ہم گنہگار ہیں ہم خطا کار ہیں،
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!
اے خدا بخش دے ہم گنہگار ہیں!