جولائی 1981ء

انتخاب حضرت عثمانؓ

حضرت عمرؓ سے نامزدگی کی درخواست

عن عبد الله ابن عمر قال: قیل لِعُمَرَ: ''ألا تستخلف؟'' قال إن أستخلف مَنْ ھُوَ خیر مني أبو بکرٍ وإن أترك فقد ترك من ھو خیر مني رسول اللّٰہ ﷺ۔

فأثنوا علیه فقال: رَاغِبٌ راھبٌ وددت أني نجوت منھا كفافا لَا لِي ولا عَلي، لَا أتُحَمَّلُھا حیًّا ومیتًا۔ (بخاري۔ کتاب الأحکام۔ باب الاستخلاف نمبر ۸۹۲)

عبد اللہ بن عمرؓ کہتے ہیں (جب) حضرت عمرؓ (زخمی ہوئے تو ان) سے کہا گیا۔ آپ کسی کو خلیفہ بنا دیجیے؟'' فرمایا: ''اگر خلیفہ مقرر کروں تو (بھی ٹھیک ہے کیونکہ) حضرت ابو بکرؓ نے، جو مجھ سے بہتر تھے خلیفہ مقرر کر گئے تھے اور اگر نہ کروں تو (بھی ٹھیک ہے کیونکہ) حضور اکرمؐ جو مجھ سے بہتر تھے خلیفہ نہیں بنا گئے تھے۔''

پھر لوگوں نے آپ کی تعریف شروع کی تو آپ نے فرمایا۔ کوئی تو میری تعریف دل سے کرتا ہے۔ اور کوئی مجھ سے ڈر کر اور میں تو یہی غنیمت سمجھتا ہوں کہ خلافت کے مقدمہ میں برابر چھوٹ جاؤں نہ مجھے ثواب ملے نہ عذاب ہو۔ میں اس بوجھ کو جسے زندگی بھر اٹھایا ہے۔ مرتے وقت بھی اٹھانا نہیں چاہتا۔

دوسری بار جب یہ بات دہرائی گئی تو آپ نے یوں جواب دیا:

إن عمر بن الخطاب لما طُعِنَ قیل له: یا أمیر المؤمنین، لو استخلفت قال لمن استخلف؟ لو کان أبو عبیدة بن الجراح حيا، أستخلفته، فإن سألني ربي قلت، سمعت نبیُّك یقول: وإنه أمین ھذه الأمة۔ ولو کان سالم مولی أبي حذیفة حیًّا أستخلفه فإن سألني ربي قلت سمعت نبیك یقول: إن سالمًا شدید الحب لله۔

فقال له رجل: أدلك علیه؟ عبد اللّٰه بن عمر، فقال: قاتلك الله واللّٰه ما أردت بھذا، ویحك کیف أستخلف رجلا عجز من طلاقِ امرأته لا أرَبَ لَنَا في أمورکم، ما حمدتھا فأرغب فیھا أحدًا من أھل بیتي: من کان خیرًا فقد أصبنا منه، وإن کان شرًا فشرعنا آل عمر بحسب آل عمرأن یحاسب منھم رجل واحدٌ۔ (الطبری .....)

حضرت عمرؓ بن الخطاب پر جب خنجر کا وار ہوا تھا تو آپ سے کہا گیا اے امیر المومنین کسی کو خلیفہ بنا جائیے۔ آپ نے کہا۔ '' کس کو جانشین بناؤں؟ اگر ابو عبیدہ بن الجراحؓ زندہ ہوتے تو ان کو جانشین مقرر کر جاتا۔ میرا رب اگر مجھے اس بارے میں پوچھتا تو کہہ دیتا کہ تیرے نبی کی زبان سے سنا تھا کہ ابو عبیدہ اس امت کے امین ہیں۔''

پھر اگر ابو حذیفہ کے مولیٰ سالمؓ زندہ ہوتے تو انہیں خلیفہ نامزد کر جاتا۔ میرا رب پوچھتا تو کہہ دیتا کہ میں نے تیرے نبی کو فرماتے ہوئے سنا تھا۔ ''سالمؓ اللہ سے بہت محبت کرنے والا ہے۔''

کسی نے کہا: ''عبد اللہ بن عمرؓ کو نامزد کر جائیے۔'' آپ نے ناراضی کا اظہار فرمایا اور کہنے والے کو سخت سست کہا اور فرمانے لگے کہ ''میں ایسے آدمی کو اپنا جانشین بنا جاؤں جو اپنی عورت کو طلاق دینے میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکا۔ ہمیں تمہارے معاملات کی کوئی خواہش نہیں۔ میں نے اسے کچھ اچھا نہیں پایا کہ اپنے گھر میں سے کسی اور کے لئے بھی اس کی خواہش کروں۔ اگر یہ حکومت اچھی چیز تھی تو اس کا مزہ ہم نے چکھ لیا۔ اور اگر یہ بری چیز تھی تو عمرؓ کے خاندان کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ کل کو خدا کے سامنے ان میں سے صرف ایک ہی آدمی سے حساب لیا جائے۔'' (الطبری ج ۴ ص ۲۲۷-۲۲۸)

نامزدگی سے متعلق حضرت عمرؓ کے خیالات کی ترجمانی علامہ شبلی نعمانی نے تحقیق کے بعد ان الفاظ میں کی ہے:

''اس وقت (آپ کے زخمی ہونے کے بعد) اسلام کے حق میں جو سب سے اہم کام تھا وہ ایک خلیفہ کا انتخاب کرنا تھا۔ تمام صحابہ بار بار حضرت عمرؓ سے خطاب کرتے تھے کہ اس مہم کو آپ طے کر جائیے۔ حضرت عمرؓ نےخلافت کے معاملے میں مدتوں غور کیا تھا۔ اور اکثر سوچا کرتے تھے۔ بار بار لوگوں نے ان کو اس حالت میں دیکھا کہ سب سے الگ متفکر بیٹھے ہیں اور کچھ سوچ رہے ہیں۔ دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ خلافت کے باب میں غلطاں و پیچاں ہیں۔

مدت کے غور و فکر پر بھی ان کے انتخاب کی نظر کسی شخص پر جچتی نہ تھی۔ بارہا ان کے منہ سے بے ساختہ آہ نکل گئی کہ افسوس! اس بارِ گراں کا اٹھانے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ تمام صحابہ میں اس وقت چھ شخص تھے جن پر انتخاب کی نظر پڑ سکتی تھی۔ علیؓ، عثمانؓ، زبیرؓ، طلحہؓ، سعد بن ابی وقاصؓ اور عبد الرحمان بن عوفؓ لیکن حضرت عمرؓ ان سب میں کچھ نہ کچھ کمی پاتے تھے اور اس کا انہوں نے مختلف موقعوں پر اظہار بھی کر دیا تھا۔ چنانچہ طبری وغیرہ میں ان کے ریمارک بہ تفصیل مذکور ہیں۔ مذکورہ بالا بزرگوں میں وہ حضرت علیؓ کو سب سے بہتر جانتے تھے لیکن بعض اسباب سے ان کی نسبت بھی قطعی فیصلہ نہ کر سکتے تھے۔

غرض وفات کے بعد جب لوگوں نے اصرار کیا تو فرمایا کہ ان چھ شخصوں میں س جس کی نسبت کثرت رائے ہو وہ خلیفہ منتخب کر لیا جائے۔''

چھ رُکنی کمیٹی اور اس کا طریقِ کار

بعد ازاں جب حضرت عمرؓ آخری وصیتیں فرما رہے تھے تو لوگوں نے پھر ولی بنانے کو کہا: اس بارہ میں حضرت عمرؓ کی تجاویز یہ تھیں (طویل حدیث سے اقتباس لیا گیا ہے)

فَقَالُوا: أَوْصِ يَا أَمِيرَ المُؤْمِنِينَ اسْتَخْلِفْ، قَالَ: مَا أَجِدُ أَحَدًا أَحَقَّ بِهَذَا الأَمْرِ مِنْ هَؤُلاَءِ النَّفَرِ، أَوِ الرَّهْطِ، الَّذِينَ تُوُفِّيَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ عَنْهُمْ رَاضٍ، فَسَمَّى عَلِيًّا، وَعُثْمَانَ، وَالزُّبَيْرَ، وَطَلْحَةَ، وَسَعْدًا، وَعَبْدَ الرَّحْمَنِ، وَقَالَ: يَشْهَدُكُمْ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ، وَلَيْسَ لَهُ مِنَ الأَمْرِ شَيْءٌ - كَهَيْئَةِ التَّعْزِيَةِ لَهُ - فَإِنْ أَصَابَتِ الإِمْرَةُ سَعْدًا فَهُوَ ذَاكَ، وَإِلَّا فَلْيَسْتَعِنْ بِهِ أَيُّكُمْ مَا أُمِّرَ، فَإِنِّي لَمْ أَعْزِلْهُ عَنْ عَجْزٍ، وَلاَ خِيَانَةٍ، وَقَالَ: أُوصِي الخَلِيفَةَ مِنْ بَعْدِي، بِالْمُهَاجِرِينَ الأَوَّلِينَ، أَنْ يَعْرِفَ لَهُمْ حَقَّهُمْ، وَيَحْفَظَ لَهُمْ حُرْمَتَهُمْ، وَأُوصِيهِ بِالأَنْصَارِ خَيْرًا، {الَّذِينَ تَبَوَّءُوا الدَّارَ وَالإِيمَانَ مِنْ قَبْلِهِمْ} ، أَنْ يُقْبَلَ مِنْ مُحْسِنِهِمْ، وَأَنْ يُعْفَى عَنْ مُسِيئِهِمْ، وَأُوصِيهِ بِأَهْلِ الأَمْصَارِ خَيْرًا، فَإِنَّهُمْ رِدْءُ الإِسْلاَمِ، وَجُبَاةُ المَالِ، وَغَيْظُ العَدُوِّ، وَأَنْ لاَ يُؤْخَذَ مِنْهُمْ إِلَّا فَضْلُهُمْ عَنْ رِضَاهُمْ. وَأُوصِيهِ بِالأَعْرَابِ خَيْرًا، فَإِنَّهُمْ أَصْلُ العَرَبِ، وَمَادَّةُ الإِسْلاَمِ، أَنْ يُؤْخَذَ مِنْ حَوَاشِي أَمْوَالِهِمْ، وَيُرَدَّ عَلَى فُقَرَائِهِمْ، وَأُوصِيهِ بِذِمَّةِ اللَّهِ، وَذِمَّةِ رَسُولِهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يُوفَى لَهُمْ بِعَهْدِهِمْ، وَأَنْ يُقَاتَلَ مِنْ وَرَائِهِمْ، وَلاَ يُكَلَّفُوا إِلَّا طَاقَتَهُمْ، فَلَمَّا قُبِضَ خَرَجْنَا بِهِ، فَانْطَلَقْنَا نَمْشِي، فَسَلَّمَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ، قَالَ: يَسْتَأْذِنُ عُمَرُ بْنُ الخَطَّابِ، قَالَتْ: أَدْخِلُوهُ، فَأُدْخِلَ، فَوُضِعَ هُنَالِكَ مَعَ صَاحِبَيْهِ، فَلَمَّا فُرِغَ مِنْ دَفْنِهِ اجْتَمَعَ هَؤُلاَءِ الرَّهْطُ، فَقَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ: اجْعَلُوا أَمْرَكُمْ إِلَى ثَلاَثَةٍ مِنْكُمْ، فَقَالَ الزُّبَيْرُ: قَدْ جَعَلْتُ أَمْرِي إِلَى عَلِيٍّ، فَقَالَ طَلْحَةُ: قَدْ جَعَلْتُ أَمْرِي إِلَى عُثْمَانَ، وَقَالَ سَعْدٌ: قَدْ جَعَلْتُ أَمْرِي إِلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ، فَقَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ: أَيُّكُمَا تَبَرَّأَ مِنْ هَذَا الأَمْرِ، فَنَجْعَلُهُ إِلَيْهِ وَاللَّهُ عَلَيْهِ وَالإِسْلاَمُ، لَيَنْظُرَنَّ أَفْضَلَهُمْ فِي نَفْسِهِ؟ فَأُسْكِتَ الشَّيْخَانِ، فَقَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ: أَفَتَجْعَلُونَهُ إِلَيَّ وَاللَّهُ عَلَيَّ أَنْ لاَ آلُ عَنْ أَفْضَلِكُمْ قَالاَ: نَعَمْ، فَأَخَذَ بِيَدِ أَحَدِهِمَا فَقَالَ: لَكَ قَرَابَةٌ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَالقَدَمُ فِي [ص:18] الإِسْلاَمِ مَا قَدْ عَلِمْتَ، فَاللَّهُ عَلَيْكَ لَئِنْ أَمَّرْتُكَ لَتَعْدِلَنَّ، وَلَئِنْ أَمَّرْتُ عُثْمَانَ لَتَسْمَعَنَّ، وَلَتُطِيعَنَّ، ثُمَّ خَلاَ بِالْآخَرِ فَقَالَ لَهُ مِثْلَ ذَلِكَ، فَلَمَّا أَخَذَ المِيثَاقَ قَالَ: ارْفَعْ يَدَكَ يَا عُثْمَانُ فَبَايَعَهُ، فَبَايَعَ لَهُ عَلِيٌّ، وَوَلَجَ أَهْلُ الدَّارِ فَبَايَعُوهُ " (بخاري. کتاب المناقب باب قصة البیعت والاتفاق علٰی عثمان)

لوگوں نے کہا اے میر المؤمنین کسی کو خلیفہ بنا جائیے! آپ نے کہا۔ خلافت کا حق دار ان چند لوگوں کے سوا کوئی نہیں جن سے آنحضرت ﷺ راضی رہے۔ انہوں نے علیؓ، عثمانؓ، زبیرؓ، طلحہؓ اور عبد الرحمٰن بن عوف کا نام لیا اور کہا کہ عبد اللہ بن عمرؓ مشورہ میں تمہارے ساتھ شریک رہے گا۔ لیکن خلافت میں اس کا کوئی حصہ نہیں۔ یہ عبد اللہ کو تسلی دینے کے لئے کہا۔ پھر اگر خلافت سعدؓ کو مل گئی توبہتر، ورنہ جو خلیفہ ہو وہ سعد سے مدد لیتا رہے۔

پھر جب ان کے دفن سے فراغت ہوئی تو یہ چھ آدمی ایک جگہ اکٹھے ہوئے۔ عبد الرحمٰن بن عوف نے کہا۔ چھ آدمی تین کو اپنے میں سے مختار کر دو۔ چنانچہ زبیرؓ نے حضرت علیؓ کو، طلحہؓ نے حضرت عثمانؓ کو اور سعدؓ نے حضرت عبد الرحمٰنؓ بن عوف کو اختیار دے دیا(ان کے حق میں دستبردار ہو گئے (اور چھ سے تین رہ گئے۔)

پھر حضرت عبد الرحمٰنؓ بن عوف نے حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ دونوں سے کہا۔ تم دونوں میں سے جو کوئی خلافت کا طالب نہ ہو ہم اس کو خلیفہ بنائیں گے اللہ اور اسلام گوا رہےہیں۔ میں اسی کو تجویز کروں گا جو میرے نزدیک افضل ہے۔ یہ سن کر دونوں بزرگ خاموش ہو گئے۔

پھر عبد الرحمٰنؓ نے دونوں سے کہا۔ ''کیا تم مجھے مختار بناتے ہو؟ خدا کی قسم میں اسی کو خلیفہ بناؤں گا جو افضل ہو گا۔'' دونوں نے کہا۔ ''ٹھیک ہے'' حضرت عبد الرحمٰن بن عوفؓ نے ان میں سے ایک (حضرت علیؓ) کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا۔ تمہیں آنحضرت سے قرابت ہے اور تمہارا اسلام بھی پرانا ہے جیسا کہ تم خود جانتے ہو۔ اللہ تمہارا نگہبان ہو۔ اگر میں تمہیں خلیفہ بناؤں تو تم عدل کرو گے اور اگر عثمان کو بناؤں تو اس کا حکم سنو گے اور اس کی طاعت کرو گے۔ پھرعثمانؓ سے تنہائی میں یہی گفتگو کی۔ جب دونوں سے اقرار لے چکے تو کہنے لگے۔ عثمانؓ اپنا ہاتھ اٹھاؤ۔ سو عبد الرحمٰنؓ نے ان کے ہاتھ پر بیعت کی پھر علیؓ نے بیعت کی اور سارے مدینہ والے گھس پڑے اور انہوں نے بھی بیعت کر لی۔

حضرت عثمانؓ کو کیوں منتخب کیا گیا (معیار انتخاب)

حضرت عبد الرحمٰن بن عوف نے ان دونوں بزرگوں میں سے حضرت عثمان کو کیسے افضل قرار دیا۔ اس کی تفصیل درج ذیل حدیث سے واضح ہے۔

أَنَّ المِسْوَرَ بْنَ مَخْرَمَةَ أَخْبَرَهُ، أَنَّ الرَّهْطَ الَّذِينَ وَلَّاهُمْ عُمَرُ اجْتَمَعُوا فَتَشَاوَرُوا، فَقَالَ لَهُمْ عَبْدُ الرَّحْمَنِ: «لَسْتُ بِالَّذِي أُنَافِسُكُمْ عَلَى هَذَا الأَمْرِ، وَلَكِنَّكُمْ إِنْ شِئْتُمُ اخْتَرْتُ لَكُمْ مِنْكُمْ» ، فَجَعَلُوا ذَلِكَ إِلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ، فَلَمَّا وَلَّوْا عَبْدَ الرَّحْمَنِ أَمْرَهُمْ، فَمَالَ النَّاسُ عَلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ، حَتَّى مَا أَرَى أَحَدًا مِنَ النَّاسِ يَتْبَعُ أُولَئِكَ الرَّهْطَ وَلاَ يَطَأُ عَقِبَهُ، وَمَالَ النَّاسُ عَلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ يُشَاوِرُونَهُ تِلْكَ اللَّيَالِي، حَتَّى إِذَا كَانَتِ اللَّيْلَةُ الَّتِي أَصْبَحْنَا مِنْهَا فَبَايَعْنَا عُثْمَانَ، قَالَ المِسْوَرُ: طَرَقَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بَعْدَ هَجْعٍ مِنَ اللَّيْلِ، فَضَرَبَ البَابَ حَتَّى اسْتَيْقَظْتُ، فَقَالَ: «أَرَاكَ نَائِمًا فَوَاللَّهِ مَا اكْتَحَلْتُ هَذِهِ اللَّيْلَةَ بِكَبِيرِ نَوْمٍ، انْطَلِقْ فَادْعُ الزُّبَيْرَ وَسَعْدًا» ، فَدَعَوْتُهُمَا لَهُ، فَشَاوَرَهُمَا، ثُمَّ دَعَانِي، فَقَالَ: «ادْعُ لِي عَلِيًّا» ، فَدَعَوْتُهُ، فَنَاجَاهُ حَتَّى ابْهَارَّ اللَّيْلُ، ثُمَّ قَامَ عَلِيٌّ مِنْ عِنْدِهِ وَهُوَ عَلَى طَمَعٍ، وَقَدْ كَانَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ يَخْشَى مِنْ عَلِيٍّ شَيْئًا، ثُمَّ قَالَ: «ادْعُ لِي عُثْمَانَ» ، فَدَعَوْتُهُ، فَنَاجَاهُ حَتَّى فَرَّقَ بَيْنَهُمَا المُؤَذِّنُ بِالصُّبْحِ، فَلَمَّا صَلَّى لِلنَّاسِ الصُّبْحَ، وَاجْتَمَعَ أُولَئِكَ الرَّهْطُ عِنْدَ المِنْبَرِ، فَأَرْسَلَ إِلَى مَنْ كَانَ حَاضِرًا مِنَ المُهَاجِرِينَ وَالأَنْصَارِ، وَأَرْسَلَ إِلَى أُمَرَاءِ الأَجْنَادِ، وَكَانُوا وَافَوْا تِلْكَ الحَجَّةَ مَعَ عُمَرَ، فَلَمَّا اجْتَمَعُوا تَشَهَّدَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ، ثُمَّ قَالَ: «أَمَّا بَعْدُ، يَا عَلِيُّ إِنِّي قَدْ نَظَرْتُ فِي أَمْرِ النَّاسِ، فَلَمْ أَرَهُمْ يَعْدِلُونَ بِعُثْمَانَ، فَلاَ تَجْعَلَنَّ عَلَى نَفْسِكَ سَبِيلًا» ، فَقَالَ: أُبَايِعُكَ عَلَى سُنَّةِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ، وَالخَلِيفَتَيْنِ مِنْ بَعْدِهِ، فَبَايَعَهُ عَبْدُ الرَّحْمَنِ، وَبَايَعَهُ النَّاسُ المُهَاجِرُونَ وَالأَنْصَارُ، وَأُمَرَاءُ الأَجْنَادِ وَالمُسْلِمُونَ (بخاري۔ کتاب الأحکام باب کیف یبایع الإمام الناس)

حضرت مسور بن مخرمہ نے بیان کیا کہ حضرت عمرؓ جن چھ آدمیوں کو خلافت کے لئے نامزد کر گئے تھے، وہ سب جمع ہوئے اور مشورہ کیا۔ حضرت عبد الرحمٰن بن عوفؓ نے کہا مجھے اس امر خلافت سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ہاں اگر تم چاہو تو تم میں انتخاب کر سکتا ہوں۔ انہوں نے عبد الرحمٰن کو یہ اختیار دے دیا۔ جب اختیار دے چکے تو لوگ عبد الرحمٰن کی طرف مائل ہو گئے۔ کوئی آدمی ایسا نہ تھا جو ان نامزدگان کے پیچھے نہ چل رہا ہو اور جسے دیکھو وہ ان راتوں میں حضرت عبد الرحمٰنؓ سے مشورہ کر رہا ہوتا یہاں تک کہ وہ رات آگئی جس کی صبح ہم نے عثمانؓ کی بیعت کی۔

مسور بن مخرمہ کہتے ہیں جب وہ رات آئی تو تھوڑی رات گئے عبد الرحمانؓ بن عوف نے میرا دروازہ کھٹکھٹایا۔ میں جاگ اُٹھا تو کہنے لگے۔ واہ تم سو رہے ہو۔ میں اس رات (یا دن تین راتوں میں) کچھ زیادہ نہیں سویا۔

جاؤ (زبیر (بن عوام) اور سعد بن ابی وقاص) کو بلاؤ۔ میں انہیں بلا لایا۔ عبد الرحمٰنؓ ان سے مشورہ کرتے رہے۔ پھر مجھے بلایا اور کہا۔ اب علیؓ کو بلا لاؤ میں بلا لایا تو آدمی رات تک ان سے سرگوشیاں کرتے رہے۔ جب علیؓ ان کے پاس سے اُٹھے۔ حضرت علیؓ پر امید تھے۔ لیکن لیکن عبد الرحمٰنؓ بن عوف کو حضرت علی کے سلسلہ میں کچھ خطرہ تھا۔

پھر مجھے کہا اب عثمانؓ کو بلا لاؤ۔ میں بلا لایا تو سرگوشیاں کرنے لگے تآنکہ مؤذن کی صبح کی اذان نے انہیں جدا کیا۔ جب لوگوں نے صبح کی نماز پڑھ لی تو یہ (چھ اشخاص) منبر کے پاس جمع ہو گئے تو حضرت عبد الرحمٰنؓ نے مدینہ میں موجود سب مہاجرین و انصار کو بلا بھیجا۔ اور ان فوج کے سرداروں کو بھی جنہوں نے حضرت عمرؓ کے ساتھ حج ادا کیا تھا اور وہ موجود تھے۔ جب سب لوگ جمع ہو گئے تو آپ نے تشہد پڑھا پھر کہنے لگے۔ ''علیؓ! تم برا نہ ماننا میں نے سب لوگوں سے اس معاملہ میں گفتگو وہ عثمانؓ کو مقدم رکھتے ہیں ان کے برابر کسی کو نہیں سمجھتے۔

پھر عثمانؓ سے کہا۔ میں تم سے اللہ کے دین، اس کے رسول کی سنت اور اس کے بعد دونوں خلیفوں کے طریق پر بیعت کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر عبد الرحمٰن نے بیعت اور جتنے مہاجرین و انصار، فوجوں کے سردار اور عام مسلمان وہاں موجود تھے، سب نے بیعت کر لی۔

استصواب عامہ

حضرت عبد الرحمٰن بن عوفؓ نے حضرت عثمانؓ اور حضرت علیؓ کے انتخاب میں کس قدر جانفشانی سے کام لیا۔ البدایہ والنہایہ کی درج ذیل عبارت میں اس کا تفصیلی ذکر ہے:۔

ثُمَّ نَهَضَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَوْفٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يَسْتَشِيرُ النَّاسَ فيهما ويجمع رأى المسلمين برأي رءوس الناس وأقيادهم جَمِيعًا وَأَشْتَاتًا، مَثْنَى وَفُرَادَى، وَمُجْتَمِعِينَ، سِرًّا وَجَهْرًا، حَتَّى خَلَصَ إِلَى النِّسَاءِ الْمُخَدَّرَاتِ فِي حِجَابِهِنَّ، وَحَتَّى سَأَلَ الْوِلْدَانَ فِي الْمَكَاتِبِ، وَحَتَّى سَأَلَ مَنْ يَرِدُ مِنَ الرُّكْبَانِ وَالْأَعْرَابِ إِلَى الْمَدِينَةِ فِي مُدَّةِ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ بِلَيَالِيهَا، فَلَمْ يَجِدِ اثنين يختلفين في تقدم عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ، إِلَّا مَا يُنْقَلُ عَنْ عَمَّارٍ وَالْمِقْدَادِ أَنَّهُمَا أَشَارَا بِعَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ، ثُمَّ بَايَعَا مَعَ النَّاسِ عَلَى مَا سنذكره، فَسَعَى فِي ذَلِكَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ بِلَيَالِيهَا لَا يَغْتَمِضُ بِكَثِيرِ نَوْمٍ إِلَّا صَلَاةً ودعاء واستخارة، وسؤالا من ذوى الرأى عنهم، فَلَمْ يَجِدْ أَحَدًا يَعْدِلُ بِعُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ رضى الله عنه(البدایة والنھایة ج ۷ ص ۱۴۷)

پھر حضرت عبد الرحمانؓ بن عوف ان دونوں (حضرت عثمانؓ و حضرت علیؓ) کے متعلق لوگوں سے مشورہ کرنے میں مشغول ہو گئے۔ آپ اکابر سے بھی مشورہ کرتے اور ان کے پیروکاروں سے بھی۔ اجتماعاً بھی اور متفرق طور پر بھی۔ اکیلے اکیلے سے بھی اور دو دو سے بھی۔ خفیہ بھی اور علانیہ بھی۔ حتّٰی کہ پردہ نشین عورتوں سے بھی مشورہ کیا۔ مدرسے کے طالب علموں سے بھی، اور مدینہ کی طرف آنے والے سواروں سے بھی، بدووں سے بھی جنہیں وہ مناسب سمجھتے۔ تین دن اور تین راتیں یہ مشورہ جاری رہا۔ آپ کے دو آدمیوں کے سوا سب لوگوں کو حضرت عثمانؓ کی خلافت کے حق میں پایا۔ البتہ حضرت عمار اور مقدادؓ نے حضرت علیؓ کے حق میں مشورہ دیا۔ بعد میں ان دونوں نے بھی (حضرت عثمانؓ) کی دوسرے لوگوں کے ساتھ بیعت کی جیسا کہ ہم ابھی بیان کریں گے۔

سو حضرت عبد الرحمٰنؓ ان تین دن اور تین راتوں میں بہت کم سوئے۔ وہ اکثر نماز، دعا، استخارہ اور ان لوگوں سے مشورہ میں وقت گزارتے تھے جن کو وہ مشورہ کا اہل سمجھتے۔

سو آپ نے (اس مشورہ کے دوران) کسی کو بھی نہ پایا۔ جو حضرت عثمانؓ کے برابر کسی کو سمجھتا ہو۔

قواعدِ انتخاب

1. خلیفہ کے انتخاب کے لئے تین دن کی مدت حضرت عمر فاروقؓ نے مقرر کی تھی۔

2. حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کو صرف رائے دینے کی حد تک نامزد شدہ کمیٹی میں شامل ہونے کی اجازت تھی۔

3. حضرت مقدادؓ کو یہ حکم دیا گیا کہ جب تک یہ لوگ اپنے میں سے خلیفہ منتخب نہ کر لیں کسی دوسرے کو اندر نہ جانے دینا۔

حضرت مقداد الاسود اور ابو طلحہ انصاریؓ نے وصیت فاروقی کے مطابق حضرت صہیبؓ کو تین دن کے لئے عارضی طور پر (تا انتخاب خلیفہ) مدینہ کا امام مقرر کیا اور خود اپنے آدمیوں کی جمعیت لے کر (۵۰ آدمی) حضرت مسور بن مکرمہ اور بقول بعضے حضرت عائشہؓ کے مکان۔ جہاں نامزد شدہ ارکان خلیفہ کے انتخاب کے لئے جمع ہوئے تھے۔ کے دروازے پر حفاظت کی غرض سے بیٹھ گئے سوائے حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کے کوئی اس میں داخل نہ ہو سکتا تھا۔

حضرت عمرو بن العاص اور حضرت مغیرہ بن شعبہ بھی آکر دروازہ پر بیٹھ گئے۔ حضرت سعد بن وقاصؓ کو معلوم ہوا تو انہوں نے ان دونوں کو وہاں سے اٹھوا دیا۔ تاکہ وہ یہ نہ کہہ سکیں کہ ہم بھی اصحابِ شوریٰ میں شامل تھے۔

تین دن بعد جب حضرت عبد الرحمان بن عوف مسجد میں خلافت کا اعلان کرنے والے تھے تو کچھ لوگوں نے اعلان سے قبل اپنی رائے ظاہر کرنا شروع کر دی تھی۔ حالانکہ یہ لوگ شوری میں سے نہ تھے۔ مثلاً حضرت عمارؓ نے کہا کہ میں حضرت علیؓ کو مستحق خلافت سمجھتا ہوں۔ ابن ابی سرحؓ اور عبد اللہ بن ابی ربیعہؓ نے کہا کہ ہم حضرت عثمان کو زیادہ مستحق و مناسب پاتے ہیں۔ یہ صورتِ حال دیکھ کر حضرت سعد بن وقاصؓ نے حضرت عبد الرحمٰنؓ بن عوف سے کہا۔ ''اب دیر کیوں کر رہے ہو؟ اندیشہ ہے کہ مسلمانوں میں کوئی فتنہ نہ پیدا ہو جائے لہٰذا جلد اپنی رائے کااظہار کر کے یہ مسئلہ ختم کرو۔'' چنانچہ آپ نے اعلان کر دیا جس کی تفصیل پہلے گزر چکی ہے۔ (البدایہ والنہایہ جلد ۷، ص ۱۴۵)


نوٹ

عشرہ مبشرہ سے یہی لوگ باقی تھے۔ ابو عبیدہؓ بن الجراح تو وفات پا چکے تھے اور سعید بن زیدؓ حضرت عمرؓ کے چچا زاد بھائی تھے۔ اس نے نام آپ نے عمداً نہیں لیا۔ (البدایۃ والنہایہ ج ۷ ص ۱۴۴)