بھلائی کاکوئی کام ایسا نہیں جس کی طرف شریعت ِمطہرہ نے ہماری رہنمائی نہ کی اور ہمیں اس کی رغبت نہ دلائی ہو۔ اوربرائی کا کوئی بھی کام ایسا نہیں ہے جس سے شریعت نے ہمیں ڈرایااور اس سے منع نہ کیا ہو۔ شریعت نے خیر وشر ہردو پر عمل کرنے والے شخص کا انجام بالکل واضح کردیا ہے۔ چنانچہ ایسا شخص جو بھیانک انجام سے ڈرنے والا ہو، اسے چاہئے کہ وہ ان چیزوں کو اچھی طرح ذہن نشین کرلے جو اس کی عاقبت کو تباہ وبرباد کرنے والی ہیں اور وہ ان ہلاکت خیز چیزوں سے اپنے آپ کو بچانے کے ساتھ ساتھ اپنے اہل و عیال،عزیزو اقارب کو بھی ان کے ارتکاب سے بچائے۔

مسلمانوں میں بے شمار ایسے واقعات موجود ہیں کہ ارتکابِ معاصی کی وجہ سے اللہ کی طرف سے ان پر مختلف قسم کی تکلیفیں اور عذاب آتے رہے جس کی وجہ دراصل اللہ کا غضب، اس کی نافرمانی اور بدترین گناہوں کا ارتکاب تھا۔ ان مختلف گناہوں کا بدترین نتیجہ یہ بھی ہے کہ قیامت والے دن میدانِ حشر میں ایسے لوگ نہ تو اللہ تعالیٰ کی کلام اور نظررحمت کے مستحق ہوں گے اور نہ ہی اللہ تعالیٰ ان کو گناہوں کی نجاست سے پاک کریں گے بلکہ ان کو سخت عذاب سے دوچار کیا جائے گا۔

اے اہل عقل ودانش!جب اللہ کی طرف سے بعض عظیم گناہوں پر سنگین عذاب کی وعید آچکی ہے تو ہمیں چاہئے کہ ان کو غور سے سنیں ، ان کو سمجھیں اورایسے گناہوں کے ارتکاب سے بچنے کی ہرممکن کوشش کریں ۔تمام کبیرہ گناہوں سے توبہ کرنا واجب ہے اور توبہ کے بعداپنے آپ کو،اپنے اہل وعیال اور بھائیوں کو بھی کبائر کے ارتکاب سے بچانے اور توبہ کی طرف متوجہ کرنے کی پوری پوری کوشش کرنا ضروری ہے جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواقُوٓا أَنفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارً‌ا وَقُودُهَا ٱلنَّاسُ وَٱلْحِجَارَ‌ةُ عَلَيْهَا مَلَـٰٓئِكَةٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا يَعْصُونَ ٱللَّهَ مَآ أَمَرَ‌هُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُ‌ونَ ﴿٦...سورة التحریم
''ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان ہیں اور پتھر۔جس پر سخت اورمضبوط دل فرشتے مقرر ہیں ؛ جنہیں جو حکم اللہ تعالیٰ دیتا ہے، اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم کیا جائے، بجا لاتے ہیں ۔''

مسلمان بھائیو!آپ پر لازم ہے کہ ان گناہوں کی تفصیل کو غور سے دیکھ لو جن کا ارتکاب کرنے والے کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں یہ وعید سنائی ہے کہ
وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ وَلَا يَنظُرُ‌ إِلَيْهِمْ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ ﴿٧٧...سورة آل عمران
''اللہ تعالیٰ قیامت والے دن نہ تو کلام کرے گا، نہ ان کی طرف نظر رحمت سے دیکھے گا، نہ ہی ان کو گناہوں سے پاک کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔''

قرآن وحدیث میں مذکور ایسے گناہ حسب ِذیل ہیں :

احکامِ الٰہی کو چھپانا اور تھوڑی قیمت پر بیچ دینا
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكْتُمُونَ مَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلْكِتَـٰبِ وَيَشْتَرُ‌ونَ بِهِۦ ثَمَنًا قَلِيلًا ۙ أُولَـٰٓئِكَ مَا يَأْكُلُونَ فِى بُطُونِهِمْ إِلَّا ٱلنَّارَ‌ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ ﴿١٧٤...سورة البقرة
''بیشک وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کی اُتاری ہوئی کتاب کے احکام چھپاتے ہیں اور اسے تھوڑی سی قیمت پر بیچتے ہیں ،یقین مانو کہ یہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں ۔قیامت کے دن اللہ ان سے بات بھی نہیں کرے گا،نہ اُنہیں پاک کرے گا بلکہ ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ ''

جیسا کہ علماے یہود کا یہ طریقہ تھا کہ اُنہوں نے تورات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ صفات کولوگوں سے چھپایا۔ امام قرطبی رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں :
''اگرچہ یہ آیت علمائے یہود کے بارے میں نازل ہوئی ہے، لیکن اس میں وہ مسلمان بھی شامل ہیں جو دنیاوی مقاصد کے حصول کے لئے حق کو چھپاتے ہیں ۔ ایسا شخص جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ احکامات اور ہدایت کو چھپاتا ہے، اس کو ملعون قرار دیا گیا ہے۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكْتُمُونَ مَآ أَنزَلْنَا مِنَ ٱلْبَيِّنَـٰتِ وَٱلْهُدَىٰ مِنۢ بَعْدِ مَا بَيَّنَّـٰهُ لِلنَّاسِ فِى ٱلْكِتَـٰبِ ۙ أُولَـٰٓئِكَ يَلْعَنُهُمُ ٱللَّهُ وَيَلْعَنُهُمُ ٱللَّـٰعِنُونَ ﴿١٥٩...سورة البقرة
''جو لوگ ہماری اُتاری ہوئی دلیلوں اور ہدایت کو چھپاتے ہیں باوجودیکہ ہم اسے اپنی کتاب میں لوگوں کے لیے بیان کر چکے ہیں ، ان پر اللہ اور تمام لعنت کرنے والوں کی لعنت ہے۔ ''

اسی طرح امام قرطبی رحمة اللہ علیہ (وَلَا تَشْتَرُ‌وا بِـَٔايَـٰتِى ثَمَنًا قَلِيلًا...﴿٤١﴾...سورة البقرة) کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
''اگرچہ یہ آیت بنی اسرائیل کے ساتھ خاص ہے، لیکن اس حکم میں ہر وہ شخص شامل ہوگا جو بنی اسرائیل کا سا فعل سرانجام دے گا۔ جو کوئی حق کو بدلنے یا باطل کے لئے رشوت لیتا ہے یا جو کسی کو ضروری تعلیم (جس کو سیکھنا ہرمسلمان پر واجب ہے) حاصل کرنے سے روکتا ہے، یا جو اس نے سیکھا ہے، اس کوبیان نہیں کرتاحالانکہ اس کواس بات کا شریعت نے حکم دیا ہے، لیکن وہ اس پر اُجرت لے کر خاموش رہتا ہے تو وہ بھی اس آیت کے حکم میں شامل ہوگا۔ ''واللہ أعلم

سنن ابو داؤد میں حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(من تَعلَّم علما مما یتبغي به وجه اﷲ عزَّ وجلَّ لا یتعلمه إلا لیصیب به عرضا من الدنیا لم یجد عرف الجنة یوم القیامة) 1
''ایسا علم جس کے حصول میں اللہ کی رضا مقصود ہونی چاہئے، وہ اس علم کو حصولِ دنیا کا ذریعہ بنا لیتاہے تو قیامت والے دن وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں پائے گا۔''

مزید برآں حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں :
''اگر اللہ کی کتاب میں یہ آیت {نَّ ٱلَّذِينَ يَكْتُمُونَ مَآ أَنزَلْنَا مِنَ ٱلْبَيِّنَـٰتِ وَٱلْهُدَىٰ...﴿١٥٩﴾...سورة البقرة} نہ ہوتی تو میں کبھی بھی کوئی حدیث بیان نہ کرتا۔''2

اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کو تھوڑی قیمت پر بیچنا
ارشادِ باری تعالیٰ ہے :

إِنَّ ٱلَّذِينَ يَشْتَرُ‌ونَ بِعَهْدِ ٱللَّهِ وَأَيْمَـٰنِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلًا أُولَـٰٓئِكَ لَا خَلَـٰقَ لَهُمْ فِى ٱلْءَاخِرَ‌ةِ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ وَلَا يَنظُرُ‌ إِلَيْهِمْ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ ﴿٧٧...سورة آل عمران
''بیشک جو لوگ اللہ تعالیٰ کے عہد اور اپنی قسموں کو تھوڑی قیمت پر بیچ ڈالتے ہیں ، ان کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں ۔اللہ تعالیٰ نہ تو ان سے بات کرے گا،نہ ان کی طرف قیامت کے دن دیکھے گا،نہ اُنہیں پاک کرے گا اور ان کے لیے درد ناک عذاب ہے۔ ''

حافظ ابن کثیر رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں :
''اللہ تعالیٰ اس آیت میں یہ بتا رہے ہیں کہ یہ لوگ اللہ تعالیٰ سے نبیؐ کی اتباع کے عہد کے بدلے میں اور نبیؐ کی صفات اور اس کے حکم کو بیان کرنے کے بدلے میں تھوڑی قیمت لے لیتے ہیں اور اپنی جھوٹی اور گناہ پر مبنی قسموں کے بدلے میں اس دنیاے فانی کے مفادات حاصل کرتے ہیں ۔یہ وہ لوگ ہیں جن کے بارے میں فرمایا ہے کہ {أُولَـٰٓئِكَ لَا خَلَـٰقَ لَهُمْ فِى ٱلْءَاخِرَ‌ةِ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ وَلَا يَنظُرُ‌ إِلَيْهِمْ يَوْمَ ٱلْقِيَـٰمَةِ...﴿٧٧﴾...سورة آل عمران} ''یہی لوگ ہیں جن کے لئے روزِقیامت اللہ کے ہاں کوئی اجروثواب نہیں ہوگا اور قیامت والے دن اللہ تعالیٰ نہ ان سے کلام کرے گا اور نہ ہی ان کی طرف دیکھے گا۔'' یعنی نہ تو اللہ تعالیٰ نرم لہجے میں ان سے بات کریں گے اور نہ ہی نظر رحمت سے ان کی طرف دیکھیں گے۔ {وَلَا يُزَكِّيهِمْ} اور نہ ہی ان کو گناہوں اور نجاستوں سے پاک کریں گے بلکہ ان کے بارے میں جہنم کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔''

یہ آیت اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ انسان کے لئے یہ حرام ہے کہ وہ اس فانی دنیا کے فوائد حاصل کرنے کے لئے اللہ کی جھوٹی قسمیں اُٹھائے۔ایسی قسموں کو علما نے الیمین الغموس(ڈبو دینے والی قسم) کا نام دیا ہے۔

اسکی وضاحت عبداللہ بن مسعودؓ کی روایت سے بھی ہوتی ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
''جو شخص جھوٹی قسم اُٹھاتا ہے اورقسم کے ذریعے وہ اپنے مسلمان بھائی کا مال حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے گا کہ اس پر اللہ کا غضب ہوگا (اللہ اس سے ناراض ہوگا)۔''3

اشعث بن قیسؓ فرماتے ہیں :
''اللہ کی قسم یہ آیت میرے بارے میں نازل ہوئی تھی۔ میرے اور ایک یہودی کے درمیان زمین کے معاملے میں جھگڑا ہوگیا اور میں اس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے آیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کہا کہ کیا تیرے پاس کوئی گواہی ہے؟ میں نے کہا: نہیں ۔ آپؐ نے یہودی سے کہا : (احلف!) تو قسم اُٹھا۔ میں نے کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! اگر وہ قسم اُٹھائے گا تو میرا مال لے جائے گا تو اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: { إِنَّ ٱلَّذِينَ يَشْتَرُ‌ونَ بِعَهْدِ ٱللَّهِ وَأَيْمَـٰنِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلًا...﴿٧٧﴾...سورة آل عمران} 4

ایسی قسم کو یمین الغموس (ڈبو دینے والی؍جھوٹی قسم) کہتے ہیں ،کیونکہ یہ قسم اپنے اُٹھانے والے کو گناہ میں ڈبو دیتی ہے اوراس کی وجہ سے وہ جہنم میں چلا جاتا ہے۔
المُسبِل (ٹخنوں سے نیچے کپڑا لٹکانے والا)
المُنفِق سلعتَه بالحلف الکاذب (جھوٹی قسمیں کھاکر سامان بیچنے والا)
المَنَّان (احسان جتلانے والا)

حضرت ابوذرؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لا یکلِّمھم اﷲ ولا ینظر إلیھم یوم القیامة ولا یزکیھم ولھم عذاب ألیم) قلت: یارسول اﷲﷺ! من هم؟خابوا وخسروا۔قال: وأعادہ رسول اﷲ ﷺ ثلاث مرات،قال: (المسبل والمنفق سلعته بالحلف الکاذب والمنان) 5
''تین آدمیوں سے اللہ تعالیٰ قیامت والے دن نہ تو(نرم لہجے میں ) کلام کریں گے، نہ ان کی طرف (نظر رحمت سے) دیکھیں گے اور نہ ہی ان کو (گناہوں ) سے پاک کریں گے اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا۔میں نے کہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ایسے بدبخت اور خسارہ اُٹھانے والے کون ہیں ؟ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کو تین بار دہرایا۔ پھر فرمایا:اپنا کپڑا ٹخنوں سے نیچے لٹکانے والا،جھوٹی قسم اُٹھا کر سامان بیچنے والا اور احسان جتلانے والا۔''

المُسبل:کپڑا لٹکانے والے سے مراد ایسا شخص ہے جو اپنے اِزار بند یا کپڑے کو اس قدر لٹکائے کہ وہ ٹخنوں سے نیچے چلا جائے۔ اگر وہ کپڑا ٹخنوں سے نیچے غرور اور تکبر کی وجہ سے کرتا ہے تو اس پر اللہ کی رحمت سے دوری کی وعید لازم آتی ہے،کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(لا ینظر اﷲ یوم القیامة إلی من جرَّ إزارہ بطرًا) 6
''جو شخص تکبر کی وجہ سے اپنا اِزار بند ٹخنوں سے نیچے لٹکاتا ہے، توقیامت کے دن اللہ اس کی طرف (نظر رحمت سے) نہیں دیکھے گا۔''

اور جس شخص کا ازار بند یا کپڑا بلا قصد اور بغیر غرور وتکبر کے ٹخنوں سے نیچے ہوجائے تو اس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
(أسفل من الکعبین من الإزار في النار)7
''جو کپڑا بھی ٹخنوں سے نیچے ہوگا، وہ جہنم میں جائے گا۔''

ان دونوں روایات میں تطبیق وموافقت کی جو صورت نکلتی ہے، وہ یہ ہے کہ اگر قصداً اور غرور و تکبر کی وجہ سے ہو تونظر رحمت سے نہ دیکھنے والی وعید اس کے لئے ہے اور اگر بلا قصد اور غروروتکبر سے ہٹ کر ہو تو بعد والی وعیداس کے لیے ہے۔

البتہ عورتوں کے لئے بالاجماع یہی مشروع ہے کہ وہ پردے کی غرض سے اپنا کپڑا ٹخنوں سے نیچے لٹکا ئیں ۔ جیسا کہ حضرت اُمّ سلمہؓ نے جب اس کپڑے کو ٹخنوں سے نیچے لٹکانے کی ممانعت کو سنا توکہنے لگیں : فکیف تصنع النساء بذیولیهن؟ عورتیں اپنی اوڑھنیوں کے ساتھ کیا کریں ؟تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ ایک بالشت کپڑا لٹکا لیں ۔ اُم سلمہؓ فرمانے لگیں کہ اگر پھر بھی عورتوں کے قدم نظر آتے ہوں تو؟ فرمایا:(فیرخینه ذراعا لا یزدن علیه) ایک ہاتھ لمبا کپڑا لٹکالیں ، لیکن اس سے زیادہ نہ لٹکائیں ۔8

جھوٹی قسم اُٹھاکر اپنا سامان بیچنا :اس سے مراد وہ شخص ہے جو اللہ کو حقیر جانتے ہوئے جھوٹی قسمیں اُٹھا کر اپنا سامان لوگوں کوبیچتا ہے اور اللہ کے نام کی قسمیں اٹھا کراللہ کی عظمت کا انکار کرنے کی جرات کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن ابی اوفی ؓ فرماتے ہیں :
''بازارمیں ایک شخص نے سامانِ تجارت رکھا اور اللہ کی قسم اُٹھائی اور کہنے لگا کہ جو سامان میرے پاس ہے، ایسا کسی کے پاس نہیں ،تاکہ وہ کسی مسلمان آدمی کو پھنسا سکے،تو یہ آیت نازل ہوئی {إِنَّ ٱلَّذِينَ يَشْتَرُ‌ونَ بِعَهْدِ ٱللَّهِ وَأَيْمَـٰنِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلًا...﴿٧٧﴾...سورة آل عمران}9

اسی طرح حضرت ابوہریرہؓ سے مرفوعاً مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لایکلمھم اﷲ ولا ینظر إلیھم یوم القیامة ولایزکیھم ولھم عذاب ألیم... ثم قال ورجل بایع رجلا بسلعته بعد العصر،فحلف باﷲ لأخذها بکذاوکذا،فصدقه فأخذهاوهو علی غیر ذلك)10
''تین آدمیوں سے اللہ تعالیٰ قیامت والے دن کلام نہیں کرے گا،نہ ہی ان کو پاک کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا...فرمایا:ان میں سے ایک وہ ہے جو عصر کے بعد تجارت کرتا ہے اور اللہ کی قسمیں اُٹھاتا ہے تاکہ خریدارکسی بھی طریقے سے اس سے سامان خریدلے۔خریدار اس کی باتوں کو سچ مان کر اس سے سامان خرید لیتا ہے حالانکہ وہ (بیچنے والااپنی قسم میں )جھوٹا ہے۔''

عصر کے بعد کے وقت کو خصوصی طور پرا س لئے بیان کیا گیا ہے، کیونکہ یہ بڑا اہم اور شرف والا وقت ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت اعمال آسمان کی طرف اٹھائے جاتے ہیں ، دن اور رات کی ڈیوٹیوں پر مامور ہونے والے فرشتوں کا اجتماع ہوتا ہے وغیرہ۔اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس وقت لڑائی کرنا اور قسمیں اُٹھانا عرب تجار کی عادت بن چکی تھی۔

منَّان :اس سے مراد وہ شخص ہے جو کسی کو کچھ دینے کے بعد احسان جتلاتا ہے۔ امام قرطبی رحمة اللہ علیہ نے احسان جتلانے کی تعریف یوں کی ہے:
ذکر النعمة علی معنی التعدید لها والتقریع بها، مثل أن یقول: قد أحسنت إلیك11
''کسی کو جتلانے اور دھمکانے کے لیے اس پر کیے ہوئے احسان کا تذکرہ کرنا۔مثلاً یہ کہنا کہ میں نے (تیرے ساتھ فلاں نیکی کی ہے) تجھ پر فلاں احسان کیا ہے ،وغیرہ۔''

بعض لوگوں نے 'احسان'کی تعریف یوں بھی کی ہے:
التحدث بما أعطٰی حتی یبلغ ذلك المُعطٰی فیؤذیه
''کسی کو دی گئی چیز کا تذکرہ اسطرح کرنا کہ اس کو جب یہ بات پہنچے تو اس کیلئے تکلیف دہ ہو۔''

احسان جتلانا کبیرہ گناہوں میں سے ہے جیسا کہ حضرت ابی امامہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(لا یدخل الجنة عاق ولامنان ولامکذب بالقدر) 12
''اللہ تعالیٰ ان بندوں کو جنت میں داخل نہیں کریں گے: والدین کا نافرمان احسان جتلانے والا اور تقدیر کا انکار کرنے والا۔''

احسان جتلانا ایک بُری صفت ہے اوربندے میں اس صفت کے پیدا ہونے کی غالب وجہ بخل، تکبر، خوش فہمی اور اللہ تعالیٰ کے کئے ہوئے احسانات کو بھول جانا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس چیز کو واضح فرما دیا ہے کہ ریاکاری کی طرح احسان جتلانا اور تکلیف پہنچانا بھی صدقے کو باطل کردیتا ہے۔ارشادِباری تعالیٰ ہے:
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا لَا تُبْطِلُوا صَدَقَـٰتِكُم بِٱلْمَنِّ وَٱلْأَذَىٰ...﴿٢٦٤﴾...سورة البقرة
''اے ایمان والو! اپنے صدقات کو احسان جتلاکر اور تکلیف پہنچا کر ضائع نہ کرو۔''

من منع ابن السبیل فضل الماء (مسافر کو زائدپانی کے استعمال سے روکنا)
من بایع إماما لأجل الدنیا (دُنیوی مقاصد کی خاطر امام کی بیعت کرنا)

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ثلاثة لا یکلمھم اﷲ یوم القیامة ولا ینظر إلیھم ولایزکیھم ولھم عذاب ألیم: رجل علی فضل ماء بالفلاة یمنعه من ابن السبیل،ورجل بایع رجلا بسلعته بعد العصر فحلف له باﷲ لأخذها بکذا وکذا،فصدقه وهو علی غیرذلك،ورجل بایع إماما لا یبایعه إلا للدنیا،فإن أعطاہ منها وفیٰ،وإن لم یعطه منها لم یف 13
''تین آدمیوں سے اللہ تعالیٰ قیامت والے دن نہ (نرم لہجے میں ) کلام کریں گے، نہ ان کی طرف (نظر رحمت سے) دیکھیں گے اور نہ ہی ان کو (گناہوں ) سے پاک کریں گے: وہ آدمی جو زمین پر کھڑے زائد پانی کو مسافر سے روک لے۔ وہ آدمی جو عصر کے بعد فروخت کرتا ہے اورا س پر اللہ کی قسم اُٹھاتا ہے کہ اس نے خود اتنی اتنی قیمت میں خریدا ہے، چنانچہ خریدار اس کو سچا مان کر سودا خرید لیتا ہے،حالانکہ وہ جھوٹا ہوتاہے۔ اور وہ آدمی جو دنیوی مقاصد کے لئے امام کی بیعت کرتا ہے۔ جو اس کا طمع ہوتا ہے، اگر وہ اسے مل جاتا ہے تو وہ وفاداری کرتا ہے اور اگر نہ ملے تو غداری کرتا ہے (یعنی بیعت توڑدیتا ہے)۔''

مسافر کو صحرا میں زائدپانی سے روکنا:ایسا کرنے والاشخص ظالم ہے اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا انکار کرنے والا ہے۔ وہ ایسا سنگدل ہے جس میں رحم نام کی کوئی چیز نہیں ۔اللہ تعالیٰ بھی اس کو اس کے عمل کے مطابق ہی بدلہ دیں گے اور اس سے اپنا فضل ورحمت روک لیں گے جس کا وہ روزِ محشرسب سے زیادہ محتاج ہو گا۔

دنیوی مقاصد کی خاطر امام کی بیعت کرنا:اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص بیعت کرنے کے بعد اپنی وفاداری کو حکمران کی طرف سے ملنے والے اِنعام واکرام کے ساتھ معلق کر دیتا ہے اور بیعت کے اصل مقصد کو چھوڑ دیتا ہے ۔حالانکہ بیعت کا اصل مقصد تو یہ ہے کہ امام کی بات کو سنا جائے اور اس کی اطاعت کی جائے،اس کے ساتھ خیر خواہی کا رویہ اختیار کیا جائے،اُمورِ سلطنت میں اس کی مدد کی جائے اور امر بالمعروف و نہی عن المنکرکا فریضہ سرانجام دیا جائے۔جبکہ وہ مفاد پرستی پر مبنی بیعت کے ذریعے حکمران اور اُمت ِمسلمہ سے خیانت کا مرتکب ہوتا ہے جس وجہ سے اس کے لیے خسارہ ہی خسارہ ہے اور اگر اللہ تعالیٰ نے اس کے اس گناہ کو معاف نہ کیا تو وہ مذکورہ وعید کا شکار ہو جائے گا۔

اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ انسان جو بھی کام سر انجام دیتا ہے، اس میں اللہ کی رضا ہی اس کے پیش نظرہونی چاہیے۔اگر اس میں دنیوی مقاصد کا حصول مقصود بن جائے تو وہ کام بھی ناقابل قبول اور انسان اللہ کے ہاں مجرم بن جاتا ہے۔

الشیخ الزاني (بوڑھا زانی)
الملک الکذاب (جھوٹا بادشاہ)
العائل المتکبر (غریب متکبر)

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لا یکلمھم اﷲ یوم القیامة ولا یزکیھم ولا ینظر إلیھم ولھم عذاب ألیم: شیخ زان وملك کذاب وعائل مُتکَبِّر) 14
''تین آدمیوں سے اللہ تعالیٰ قیامت والے دن کلام نہیں کریں گے،نہ ہی ان کو پاک کریں اور نہ ان کی طرف دیکھیں گے اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا: بوڑھا زانی، جھوٹا بادشاہ،اورغریب متکبر۔''

ان لوگوں کے ساتھ اس وعید کو خاص کرنے کی وجہ قاضی عیاض رحمة اللہ علیہ یوں بیان فرماتے ہیں :
''اس وعید کو ان کے ساتھ اس لیے خاص کیا گیا ہے،کیونکہ ان لوگوں نے اس گناہ کا ارتکاب کیا ہے جس کے ارتکاب کی کوئی معقول وجہ بھی نہیں اور اس گناہ کے ارتکاب کی ان کو حاجت بھی نہیں تھی۔جب بغیر ضرورت اور مجبوری کے اس گناہ کو اختیار کیا گیا تو اس کا مطلب یہ بنتا ہے کہ ان کے نزدیک اللہ کے حکم کی کوئی اہمیت نہیں اور یہ بلاوجہ گناہ کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔''

خریدوفروخت میں کثرت سے قسمیں اُٹھانا
حضرت سلمان فارسیؓ فرماتے ہیں کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لا ینظراﷲ إلیھم یوم القیامة:أشیمط زان وعائل مستکبر ورجل جعل اﷲ بضاعة لا یشتري إلا بیمینه ولا یبیع إلا بیمینه)
''تین آدمیوں سے اللہ تعالیٰ قیامت والے دن کلام نہیں کرے گا،نہ ہی ان کو پاک کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا: بوڑھا زانی،غریب متکبر،اور وہ شخص جو جب بھی خرید وفروخت کرتا ہے تو ساتھ قسم اُٹھاتا ہے۔'' 15

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(أربعة یبغضھم اﷲ تعالیٰ: البیاع الحلاف والفقیر المختال والشیخ الزاني والإمام الجائر) 16
''چار شخص ایسے ہیں کہ قیامت والے دن جن سے اللہ تعالیٰ غضبناک ہوں گے: بہت زیادہ قسمیں اُٹھا کر تجارت کرنے والا غریب متکبر بوڑھا زانی اورظالم حکمران۔''

اس چیز میں کوئی شک نہیں کہ چھوٹے یا بڑے معاملے میں مناسب اور غیر مناسب موقعہ پر کثرت سے قسمیں اُٹھانا انسان کو اللہ کے عظیم نام کی حقارت کا عادی بنا دیتا ہے اور جس چیز پر قسم اُٹھائی ہے اس کی حرمت کو پامال کرنے پر جرات مند بنا دیتا ہے۔ جبکہ اسلاف کا طریقہ یہ تھا کہ وہ اپنی اولاد کو کثرت سے قسمیں اُٹھانے سے منع کیا کرتے تھے۔ ابراہیم نخعی رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں :
''ہمارے اسلاف قسموں اور معاہدوں پر ہمیں مارا کرتے تھے۔''

اور کثرت سے قسمیں اُٹھانے والے بندے کی اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بھی مذمت بیان فرمائی ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَلَا تُطِعْ كُلَّ حَلَّافٍ مَّهِينٍ ﴿١٠...سورة القلم
''اور تو اس شخص کا بھی کہا نہ ماننا جو کثرت سے قسمیں اُٹھانے والا ہے۔''

العاق لوالدیہ (والدین کا نافرمان)
المرأة المترجلة المتشبھة بالرجال (مردوں سے مشابہت کرنے والی عورت)
الدیوث (بے غیرت)

حضرت عبداللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لاینظر اﷲ إلیھم یوم القیامة: العاقُّ لوالدیه والمرأة المترجلة [المتشبهة بالرجال] والدیوث وثلاثة لا یدخلون الجنة: العاق لوالدیه والمدمن الخمر والمنان بما أعطی) 17
''قیامت کے دن اللہ تعالیٰ تین آدمیوں کی طرف نہیں دیکھیں گے: والدین کا نافرمان، مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورت،اوردیوث(بے غیرت انسان)مزید فرمایاکہ تین آدمی جنت میں داخل نہیں ہوں گے: والدین کا نافرمان،ہمیشہ شراب پینے والا،اوراحسان جتلانے والا۔''

والدین کا نافرمان: اللہ تعالیٰ نے والدین کے حقوق کو بڑی عظمت سے نوازا ہے،ان کے حقوق کو اپنے حقوق کے ساتھ بیان فرمایا ہے۔ ان کے کفر کے باوجود ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم فرمایا ہے۔بہت ساری احادیث میں ان کے حقوق کو بڑی تاکید سے بیان کیا گیاہے اور ان کی نافرمانی کو کبیرہ گناہوں میں شمار کیا گیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(أکبر الکبائر: الإشراك باﷲ وقتل النفس وعقوق الوالدین وشھادة الزور) 18
'' اللہ کے ساتھ شرک کرنا، کسی جان کو قتل کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا اور جھوٹی گواہی دینا سب سے بڑے گناہ ہیں ۔''

اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزید ارشاد فرمایا:
(رضا الرب في رضا الوالدین وسخطه في سخطھما) 19
''اللہ تعالیٰ کی رضا والدین کی رضا مندی میں ہے اور ان کی ناراضگی کی وجہ سے اللہ بھی ناراض ہوجاتے ہیں ۔''

مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورت:اس سے مراد ایسی عورت ہے جو لباس،طورواطوار ، معمولات اور آواز میں جان بوجھ کر مردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہے۔ ایسی عورتوں کے بارے میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا واضح فرمان موجود ہے:
(لعن رسول اﷲ المُتَشَبِّھین من الرجال بالنساء والمُتَشَبِّھات من النساء بالرجال) 20
''رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان مردوں پر لعنت فرمائی ہے جو عورتوں کی مشابہت اختیار کرتے ہیں اور ان عورتوں پر لعنت فرمائی ہے جو مردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہیں ۔''

اسی طرح صحیح بخاری میں ایک اور روایت ان الفاظ کے ساتھ بھی ہے:
(لعن رسول اﷲ المُخنثین من الرجال والمُتَرَجِّلات من النساء)
''رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے (عورتوں کی مشابہت اختیارکرکے) عورت بننے والے مردوں پر اور (مردوں کی مشابہت اختیار کرکے) مرد بننے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔'' 21

اس چیز میں کوئی شک نہیں کہ کوئی عورت مرد بننے کی کوشش کرے یا مردوں کی مشابہت اختیار کرے تو وہ اصل میں فطرتِ الٰہیہ کو توڑنا چاہتی ہے اور اللہ نے اس کے لیے جو مقدر کردیا، وہ گویا اس پر اعتراض کرتی ہے۔اپنے دین کی مخالفت کرتی ہے اور معاشرتی معاملات میں خلل ڈالتی ہے ، اختلاط کا سبب بنتی ہے اور جرائم پھیلاتی ہے۔

دَیوث(بے غیرت):اس شخص کو کہتے ہیں جو اپنے اہل و عیال میں بے حیائی کو برداشت کرے اور عزت کے معاملے میں اس کو کوئی غیرت نہ آتی ہو۔ایسا شخص اخلاقیات سے عاری، ناقص العقل اور بے دین ہے۔اور وہ اس چیز پر رضامند ہوچکا ہے کہ اس کو خنزیر سے مشابہت دے دی جائے کہ جس کو اپنی عزت کی کوئی پرواہ نہیں ۔ایسے بندے کی گواہی ناقابل قبول ہے اور وہ تعزیر کامستحق ہے تاکہ سزا کے ساتھ اس شخص کو اس قبیح فعل سے روکا جا سکے۔

لوگوں کو اپنے اہل وعیال کو ایسی چیزوں سے بچانا چاہیے جو بے حیائی اور بے غیرتی کا سبب بنتی ہیں تاکہ وہ مذکورہ وعیدوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ جیساکہ کافر ممالک کی طرف سفر کرنا اور وہاں جا کر رہنا، ڈش اور کیبل کے ذریعے دکھائے جانے والے وہ مناظرجو غلط جذبات کو اُبھارتے اور نفسانی خواہشات کو برانگیختہ کرتے ہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(ثلاثة لایدخلون الجنة وثلاثة لا ینظر اﷲ إلیهم یوم القیامة: فأما الثلاثة الذین لا یدخلون الجنة: فالعاق لوالدیه والدیوث والمرأة المترجلة من النساء تشبه بالرجال وأما الثلاثة الذین لا ینظر اﷲ إلیهم: فالعاق لوالدیه والمدمن الخمر والمنان بما أعطی 22
قالوا یارسول اﷲﷺ! أما مدمن الخمر فقد عرفناہ فما الدیوث؟ قال: الذي لا یبالي من دخل علی أھله۔ قیل فما الرجلة من النساء؟ قال التي تشبه بالرجال) 23

''تین آدمی جنت میں کبھی بھی داخل نہیں ہوں گے اور تین آدمیوں کی طرف اللہ نظر رحمت سے نہیں دیکھیں گے۔جو تین لوگ جنت میں داخل نہیں ہوں گے، وہ یہ ہیں : والدین کا نافرمان، دیوث،مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورتیں ۔ اور جن تین لوگوں کی طرف اللہ تعالیٰ دیکھیں گے نہیں ، وہ یہ ہیں : والدین کا نافرمان، ہمیشہ شراب نوشی کرنے والا، اور کچھ دے کر احسان جتلانے والا۔
صحابہؓ نے کہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! شرابی کو توہم جانتے ہیں ،لیکن دیوث کیا ہوتا ہے؟ فرمایا: وہ شخص جس کو یہ پرواہ ہی نہ ہو کہ اس کے گھرمیں کون داخل ہوتا ہے۔کہا گیا اور یہ عورت میں مرد بننے سے کیا مراد ہے؟فرمایا: مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورتیں ۔''

الذي یأتي امراته في دُبُرھا (ہم بستری میں بیوی کی دبر استعمال کرنا)

حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(لا ینظر اﷲ إلی رجل أتی رجلا أو امرأة في الدُّبر) 24
''قیامت کے دن اللہ اس بندے کی طرف نہیں دیکھیں گے جو کسی مرد یا عورت کے ساتھ بدفعلی کرے۔''

اسی طرح حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ملعون من أتی امرأته في دُبرھا25
''جو شخص اپنی بیوی کی دبر سے آتا ہے، وہ ملعون ہے۔''

علامہ ابن قیم رحمة اللہ علیہ الجوزیہ فرماتے ہیں :
''بیوی کی دبر کے استعمال کو کسی نبی ؑ نے بھی مباح قرار نہیں دیا اور جو بعض لوگوں سے بیوی کی دبر میں وطی کا جواز کا تذکرہ ملتا ہے تو یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کیونکہ جب اللہ تعالیٰ نے عارضی نجاست (حیض ونفاس)کی صورت میں شرم گاہ میں جماع سے منع فرمایا ہے تو دائمی نجاست کی جگہ میں یہ کیسے جائز ہو سکتا ہے؟اس سے انقطاعِ نسل جیسی بڑی بڑی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور انسان عورتوں کی دبر سے بچوں کے ساتھ بدفعلی کا عادی ہو جاتا ہے۔''

مذکورہ بالا سطور میں ہم نے ان آیات واحادیث کو یکجا کرنے کی کوشش کی ہے جس میں اللہ کی رحمت سے دوری، ان سے کلام نہ کرنے کی وعیدیں بیان ہوئی ہیں ۔ البتہ بعض احادیث میں جو ( ثلاثة لا یکلمھم اﷲ) کے حوالے سے مختلف قسم کے الفاظ آئے ہیں تو ان احادیث میں اصلاً کوئی تعارض نہیں کیونکہ ان میں ثلاثة (تین) کا کلمہ بطورِ تعداد ہے، بطورِحصر(التزام) نہیں ۔ واللہ أعلم!


حوالہ جات
1. رقم الحدیث:3179
2. صحیح بخاری:115،صحیح مسلم:4549
3. صحیح بخاری:2239
4. صحیح بخاری:2239
5. صحیح مسلم:154
6. صحیح بخاری:5342
7. صحیح بخاری:5341
8. سنن نسائی:5241، سنن ترمذی:1653
9. صحیح بخاری:1946
10. صحیح بخاری:2476،صحیح مسلم:157
11. تفسیر قرطبی:3؍308
12. مسند طیالسی:1214
13. صحیح مسلم:157
14. صحیح مسلم:156
15. معجم الکبیر از طبرانی:6؍57
16. سنن النسائی:2529
17. سنن النسائی:2515 ،مسنداحمد:2؍134
18. صحیح بخاری:6363
19. جامع ترمذی:2118 صحیح
20. صحیح بخاری:5435
21. صحیح بخاری:5436
22. معجم کبیر از طبرانی :5؍494،صحیح
23. شعب الایمان :10801
24. جامع ترمذی:1086
25. مسند احمد:2؍444، سنن ابوداؤد:2162،صحیح