قسط : 3
ملکیتِ مال ۔۔۔ اور ۔۔۔قرآن مجید
قل العفو (29/2) پر بحث:
قرآن کریم میں اس بات کی کیا دلیل ہے کہ افراد اپنی محنت کی کمائی میں سے صرف اس قدر کے ہی حق دار ہیں، جو فرد کا سب کی محنت کے بقدر ہو اور اس سے زائد کمائی کے وہ مالک نہیں ہو سکتے؟ اس کے جواب میں سورۃ البقرۃ کی یہ آیت پیش کی جاتی ہے:
﴿وَيَسْأَلُونَكَ مَاذَا يُنفِقُونَ قُلِ الْعَفْوَ ... ٢١٩﴾... البقرة
"وہ آپ سے پوچھتے ہیں کہ وہ کیا خرچ کریں؟ کہو جو بہترین چیز ہو۔"
پرویز صاحب کا استدلال یہ ہے کہ یہاں عفو کے انفاق کا حکم ہے لغتِ عرب میں چونکہ عفو المال کے معنی زائد از ضرورت ، مال کے بھی ہیں۔ اس لئے یہاں تمام زائد از ضرورت مال کے، انفاق کا حکم دیا گیا ہے جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ لوگ فاضلہ دولت کے مالک نہیں ہو سکتے ہیں۔
لیکن یہ استدلال کرتے ہوئے ادارہ طلوعِ اسلام کے بانی نے یہ قطعا نہیں سوچا کہ زائد از ضرورت مال و دولت خرچ کرنے کی یہ ترغیب اہل ایمان کو اس لئے تو دی گئی ہے کہ وہ اس مال کے خود مالک ہیں۔ اگر وہ اس فاضلہ دولت کے مالک ہی نہ ہوتے اور قرآن کریم کے اس حکم کی روشنی میں کہ:
﴿لِّلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبُوا ۖ وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبْنَ ... ٣٢﴾...النساء
 وہ اپنی سعی و کاوش اور محنت کے ماحصل کے حق دار ہی نہیں، تو انہیں انفاقِ مال کی یہ ترغیب وہی ہی کیوں جاتی۔پھر بجائے اس کے کہ قرآن اربابِ اقتدار سے یہ کہے کہ:
"تم اہل مال و دولت سے فاضلہ دولت حاصل کر لو، کیونکہ وہ اس کے حقدار نہیں ہیں۔" الٹا اہل مال سے یہ کہتا ہے کہ:
"آپ اپنی "زائد از ضرورت" کمائی کو راہِ خدا میں صرف کر دیں۔"
یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ فاضلہ دولت کر پہلے افراد کی ملکیت سمجھتا ہے اور پھر انہیں یہ ترغیب دیتا ہے کہ وہ اپنے عضو المال میں سے "راہِ خدا" میں صرف کریں۔
خذ العفو (199/7) پر بحث:
ممکن ہے کہ کسی کے ذہن میں یہ بات آ جائے کہ اربابِ اقتدار کو قران نے یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اہل مال سے زائد از ضرورت مال لے لیں اور دلیل میں آیت (199/7) کے ابتدائی ٹکڑے پیش کریں جس کے متعلق پرویز صاحب کا یہ فرمان ہے کہ:
'اس آیت میں اسلامی نظام یا اس کے سربراہ سے کہا گیا ہے کہ جماعت مومنین کا زائد از ضرورت مال اپنی تحویل میں لے لیا کرو۔" (تفسیر مطالب الفرقان، ج6، ص 55)
حالانکہ اس سے قبل وہ "خذ العفو" کا ترجمہ "درگزر کرنا" کرتے رہے ہین جیسا کہ مندرجہ ذیل عبارت سے ظاہر ہے:
﴿خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَأَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِينَ ﴿١٩٩﴾...الأعراف
"(بہرحال تم ان کی ان باتوں کی وجہ سے اپنے پروگرام میں رکو نہیں) تم ان سے درگزر کرتے ہوئے آگے بڑھتے جاؤ اور قاعدے اور قانون کے مطابق، انہیں خدا کے احکام دیتے جاؤ اور جہلاء سے کنارہ کش رہو۔" (مفہوم القرآن (199/7)
ہمارے نزدیک پرویز صاحب کا یہ جدید مفہوم قطعی غلط ہے۔
اولا: اس لئے کہ عفو کا مفہوم زائد از ضرورت مال صرف اسی صورت میں لیا جا سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ مال کا لفظ بطورِ مضاف الیہ موجود ہو (جیسے عفو المال) یا پھر عفو کے ساتھ کوئی قرینہ ہو جو اس معنی پر دلالت کرتا ہو اور ازروئے لغت اس کے علاوہ کوئی اور معنی مراد لینا متعذر ہو لیکن یہاں آیت (199/7) میں " خُذِ الْعَفْوَ وَالمال" کی بجائے " خُذِ الْعَفْوَ " کے الفاظ ہیں۔ اس لئے یہاں "زائد از ضرورت" مال کا مفہوم مراد نہیں لیا جا سکتا بلکہ "درگزر کرنے" کا مفہوم ہی صحیح مفہوم ہے۔
ثانیا: اس لئے کہ یہ آیت قبل از ہجرت مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی تھی اور مکی دور میں سرے سے وہ نظامِ حکومت قائم ہی نہیں ہوا تھا (جسے پرویز صاحب نظامِ ربوبیت کا نام دے رہے ہیں) کہ اس کے سربراہ کو یہ کہنے کی ضرورت پڑتی کہ ۔۔ "آپ لوگوں کے عفو المال اپنی تحویل میں لے لیں۔"  ۔۔ وہاں تو صورتحال یہ تھی کہ غریب مسلمان کفارِ مکہ کی چیرہ دستیوں کا شکار تھے۔ ان کے ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے تھے۔ مارپیٹ، استہزاء و تضحیک، طعن و تشنیع، سب و شتم، مخالفت و عداوت اور سب و نہب کی فضاء میں ان کے لئے سانس لینا مشکل تھا۔ اس صورت حال میں ان ستم رسیدہ اور مظلوم و مقہور مسلمانوں سے ان کے ضرورت سے زائد مال کو اپنی تحویل میں لے لینے کا حکم قطعی طور پر غیر معقول حکم ہے اس صورتحال سے یہ حکم کوئی میل نہیں کھاتا۔ اس لئے لامحالہ "خذ العفو" کا یہ معنیٰ کہ ۔۔"اہل مال سے زائد از ضرورت مال لے کر اسے اپنی تحویل میں کر لو۔۔" قطعی غلط معنیٰ ہے۔ آیت کا صحیھ مفہوم یہی ہے کہ ۔۔اے نبی! نرمی و درگزر کا رویہ اختیار کرو۔ معروف کی تلقین کئے جاؤ اور جاہلوں سے نہ اُلجھو۔"
ثالثا: اس لئے کہ ربطِ آیات کا تقاضا یہ ہے کہ "خذ العفو" کو "درگزر" کے مفہوم میں لیا جائے۔ آیت میں تین حکم دئیے گئے ہین:
1۔ عفو کو اختیار کیجئے۔
2۔ معروف کی تلقین کرتے رہئے۔
3۔ جاہلوں کی جہالت سے کنارہ کش رہئے۔
خذ العفو کا معنی "زائد از ضرورت مال" لینے کی صورت میں پہلا حکم اہل ایمان سے وابستہ ہو گا جبکہ اسی آیت کے باقی دونوں احکام (امر بالمعروف اور اعراض عن الجاھلین) کا تعلق کفار سے قائم ہو گا۔ اس طرح آیت کے ابتدائی حسے کا تعلق، اہل ایمان سے جوڑنا اور باقی ماندہ احکام کو اہل کفر سے وابستہ کرنا، اختلالِ نظم کا موجب ہے جبکہ تینوں احکام کا تعلق ایک ہی فریق (کفار) کے جوڑنے میں کسی قسم کا خلل اور سقم واقع نہیں ہوتا۔ اس لئے "خذ العفو' کا یہ معنیٰ کہ "درگزر کیجئے" ہی صحیح اور مناسب معنی ہے۔
رابعا: اس لئے کہ ان الفاظ کا "زائد از ضرورت مال" کا معنی لینے کی صورت میں عفو کے بعد مال کو بطور مضاف الیہ محذوف ماننا پڑتا ہے، لیکن "درگزر" کا معنیٰ مراد لینے کی صورت میں کوئی محذوف نہیں ماننا پڑتا۔ اور یہ بات عالم تو رہا ایک طرف عام آدمی بھی جانتا ہے کہ قرآن کا معنیٰ کرتے ہوئے اپنی طرف سے کوئی محذوف ماننے کی بجائے، بغیر محذوف کو مانے ہوئے اس کا مفہوم بیان کرنا اولیٰ انسب اور افضل ہے۔
خامسا: اس لئے کہ اس آیت اور اس کے بعد والی آیت میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کو حکمتِ تبلیغ کی تعلیم دی ہے۔ اس لئے ان آیات کے ؐجمون و مدعا کی روشنی میں، ان جملہ احکام کو ان معانی پر محمول کرنا جو حکمت تبلیغ سے میل کھاتے ہوں اقرب الی الصواب ہے بہ نسبت اس کے کہ انہیں خود ساختہ محذوفات کی بدولت ایسے معانی پہنچائے جائیں جو نہ تو سیاقِ کلام سے کوئی مناسبت رکھتے ہیں اور نہ ہی اس دور سے جس میں یہ آیات نازل ہوئی تھیں۔
ان وجوہ کی بناء پر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ "خذ العفو" کا وہی سابقہ مفہوم ہی درست ہے، جو پرویز صاحب اپنے اس نئے مفہوم سے قبل یوں پیش کرتے رہے ہیں:
﴿خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَأَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِينَ ﴿١٩٩﴾...الأعراف
 (بہرحال، تم ان کی ان باتوں کی وجہ سے اپنے پروگرام میں رکو نہیں) تم ان سے درگزر کرتے ہوئے، آگے بڑھتے جاؤ اور قاعدے اور قانون کے مطابق، انہیں خدا کے احکام دیتے جاؤ اور جہلاء سے کنارہ کش رہو۔ (اگر تم ان سے الجھتے رہے، تو یہ ناحق تمہارا وقت ضائع کریں گے)" (مفہوم القرآن 199/7)
آیت (219/2)
اب آئیے! آیت (219/2) کی طرف، جناب پرویز صاحب نے اس کا معنیٰ یوں کیا ہے:
"پوچھتے ہیں کہ اپنی کمائی کا کتنا حصہ دوسروں کے لئے کھلا رکھنا ہو گا۔ ان سے کہو جتنا تمہاری ضروریات سے زائد ہو۔" (نظامِ ربوبیت، ص 158)
اگرچہ قواعدِ لغت کے اعتبارسے "عفو" کا یہ ترجمہ غلط نہیں ہے۔ لیکن ترجمہ کرتے ہوئے صرف قواعدِ لغت کو ہی نہیں دیکھا جاتا، بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ وہ ترجمہ قرآن کی مجموعی تعلیم کے بھی مطابق ہے یا نہیں۔ جناب پرویز صاحب رقم طراز ہیں:
"جب کسی لفظ کے ایک سے زیادہ معانی ہوں اور قرآن کریم میں وہ لفظ مختلف آیات میں آیا ہو، تو قرآنی طالب علم کے لئے یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ اس آیت میں اس لفظ کے متعدد معانی میں سے کون سا معنیٰ زیادہ موزوں ہے۔ اس لئے قرآن کے دیگر مقامات کو بھی سامنے رکھنا ہو گا۔ اس طریق سے جن معانی کو ترجیح دی جائے گی وہ قرآنی مفکر کا فکری اجتہاد ہو گا اور یہ ظاہر ہے کہ کسی (بڑے سے بڑے مفکر) کا فکری اجتہاد بھی نہ وحی خداوندی کی طرح حرفِ آخر ہو سکتا ہے اور نہ غیر متبدل، دوسرے تو ایک طرف، وہ خود بھی مزید غوروتدبر سے اپنے سابقہ فکری استنباط میں تبدیلی کر سکتا ہے بشرطیکہ اس کی تائید لغت اور قرآن کی کلی تعلیم سے ہوتی ہو۔" (تفسیر مطالب الفرقان، ج6، ص 55)
اگرچہ لغت کی رُو سے (الْعَفْوَ) کے قرینہ سے) عفو کا معنیٰ یہاں "زائد از ضرورت مال" ہو سکتا ہے، لیکن ہمیں دیکھنا یہ چاہئے کہ اس معنیٰ کی تائید قرآن کریم کی کلی تعلیم سے ہوتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ قرآن نے کہیں بھی یہ نہیں کہا کہ ۔۔ وہ اپنی ساری زائد از ضرورت دولت کو صرف کر دے ۔۔ بلکہ جہاں بھی حکم دیا ہے یہی حکم دیا ہے کہ ۔۔ "وہ خدا کے عطا کردہ رزق میں سے بعض کو راہِ خدا میں صرف کر دے۔" اور یہ بعض حصہ بھی اس فاضلہ دولت میں سے ماخوذ ہو گا، جو فرد کا سب کی ضروریات سے زائد ہو۔ کیونکہ مال بقدرِ ضرورت و کفایت کا تو وہ ہر حال میں مستحق و مالک ہو گا۔ خواہ وہ خود کمائے یا کمانے سے معذور ہونے کی صورت میں حکومت کی طرف سے اسے عطاء کیا گیا ہو خود کمانے کی صورت میں تو اس کا استحقاق ظاہر ہی ہے اور معذور ہونے کی صورت میں بقدرِ کفایت مال اس کے حوالے کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
الغرض! قرآن کی مجموعی اور کلی تعلیم یہ نہیں ہے کہ فرد کا سب اپنا تمام عفو المال حکومت کے حوالے کر ڈالے، بلکہ یہ ہے کہ وہ خدا کے عطا کردہ اس رزق میں سے بعض کو اس کی راہ میں صرف کر دے۔ چند آیات کو ملاحظہ فرمائیے جن سے آپ کو اسلام کی کلی اور مجموعی تعلیم کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَنفِقُوا مِمَّا رَزَقْنَاكُم مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِيَ يَوْمٌ لَّا بَيْعٌ فِيهِ وَلَا خُلَّةٌ وَلَا شَفَاعَةٌ... ٢٥٤﴾...البقرة
"اے ایمان والو! جو مال ہم نے تمہیں بخشا ہے اس میں سے خرچ کرو۔ قبل اس کے کہ وہ دن آئے جس میں نہ خرید و فروخت ہو گی نہ دوستی کام آئے گی اور نہ سفارش چلے گی۔"
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَنفِقُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا كَسَبْتُمْ وَمِمَّا أَخْرَجْنَا لَكُم مِّنَ الْأَرْضِ... ٢٦٧﴾... البقرة
"اے ایمان والو! جو مال تم نے کمائے ہیں اور جو کچھ ہم نے زمین سے تمہارے لئے نکالا ہے اس میں سے بہتر حصہ راہِ خدا میں خرچ کرو۔"
﴿وَإِذَا قِيلَ لَهُمْ أَنفِقُوا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللَّـهُ قَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا ...﴿٤٧﴾...يس
"جب بھی ان سے کہا گیا کہ اللہ نے جو رزق تمہیں دیا ہے اس میں سے کچھ اللہ کی راہ میں بھی خرچ کرو، تو کفار نے یہی کہا کہ ۔۔۔"
امتِ مسلمہ کے افراد کو انفاقِ اموال کا جو حکم دیا گیا ہے، اس کے الفاظ یہ ہیں:
﴿أَنفِقُوا مِمَّا جَعَلَكُم مُّسْتَخْلَفِينَ فِيهِ ... ٧﴾...الحدید
"ان چیزوں میں سے خرچ کرو، جن پر اللہ نے تم کو خلیفہ بنایا ہے۔"
﴿وَأَنفِقُوا مِن مَّا رَزَقْنَاكُم مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِيَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ ... ١٠﴾...المنافقون
"جو رزق ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرو، قبل اس کے کہ تم میں سے کسی پر موت آ جائے۔"
﴿قُل لِّعِبَادِيَ الَّذِينَ آمَنُوا يُقِيمُوا الصَّلَاةَ وَيُنفِقُوا مِمَّا رَزَقْنَاهُمْ ... ٣١﴾...ابراهيم
"اے نبی! میرے صاحبِ ایمان بندوں کو فرما دو کہ وہ نماز قائم رکھیں اور جو کچھ ہم نے دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے رہیں۔"
مشتے نمونہ از خروارے۔ یہ آیات اس امر کو واضح کر دیتی ہیں کہ اسلام نے اپنے پیروکاروں کو یہ حکم دیا ہی نہیں ہے کہ وہ اپنی ساری زائد از ضرورت دولت حکومت کی تحویل میں دے دیں بلکہ اس کا حکم صرف یہ ہے کہ اس دولت کا بعض حصہ راہِ خدا میں صرف کر دیا جائے۔ یہ تو وہ آیات ہیں جن میں انفاق کا حکم دیا گیا ہے۔ اب وہ آیات ملاحظہ فرمائیے، جن میں ان احکام پر عمل پیرا ہونے والے مومنین کی تحسین فرمائی گئی ہے اور وہ بھی ان کے اس فعل پر نہیں کہ وہ اپنی ساری زائد از ضرورت دولت حکومت کی تحویل میں دے دیتے ہیں بلکہ اس پر کہ وہ اپنے اموال میں سے ایک حصہ خدا کی راہ میں صرف کر دیتے ہیں۔
سورۃ البقرۃ کی ابتداء میں اہل تقویٰ مومنین کا ذکر ان الفاظ میں کیا گیا ہے:
﴿الَّذِينَ يُؤْمِنُونَ بِالْغَيْبِ وَيُقِيمُونَ الصَّلَاةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿٣﴾...البقرة
"وہ لوگ غیب پر ایمان اور نماز قائم رکھتے ہیں اور جو کچھ ہم نے انہیں دے رکھا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
انہی لوگوں کو قرآن نے سندِ فلاح و کامیابی عطا فرمائی ہے۔
﴿أُولَـٰئِكَ عَلَىٰ هُدًى مِّن رَّبِّهِمْ ۖ وَأُولَـٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ ﴿٥﴾... البقرة "یہی وہ لوگ ہیں جو اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں اور یہی کامیاب و کامران لوگ ہیں۔"
سورۃ الانفال میں، جن لوگوں کو سچے اور پکے مومن قرار دیا گیا ہے۔ ان کی خوبی یہ ہے کہ:
﴿الَّذِينَ يُقِيمُونَ الصَّلَاةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿٣﴾...الأنفال
"یہ وہ لوگ ہیں، جو نماز قائم رکھتے ہیں اور جو رزق ہم نے انہیں دے رکھا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
سورۃ الحج میں اہل ایمان کا تذکرہ یوں کیا گیا ہے:
﴿وَالْمُقِيمِي الصَّلَاةِ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿٣٥﴾...الحج
"وہ نماز قائم کرنے والے ہیں اور جو رزق ہم نے انہیں دے رکھا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
سورۃ القصص میں مومنین کے انفاق کی مدح سرائی یوں کی گئی ہے:
﴿...وَيَدْرَءُونَ بِالْحَسَنَةِ السَّيِّئَةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿٥٤﴾...القصص
"وہ برائی کو بھلائی سے دفع کرتے ہیں اور جو رزق ہم نے انہیں عطا کر رکھا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
سورۃ السجدہ میں ان کے انفاق کا حال بایں الفاظ پیش کیا گیا ہے:
﴿...يَدْعُونَ رَبَّهُمْ خَوْفًا وَطَمَعًا وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿١٦﴾...السجدة
"وہ اپنے رب کو خوف اور طمع کے ساتھ پکارتے ہیں اور ہمارے عطا کردہ رزق میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
سورۃ الشوریٰ سے میں مومنین کے اوصاف یوں بیان کئے گئے ہیں:
﴿...وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ ﴿٣٨﴾...الشورى
"وہ اپنے معاملات باہمی مشورے سے چلاتے ہیں اور ہم نے جو کچھ بھی رزق انہیں دیا ہے وہ اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔"
ان آیات کی روشنی میں ہر شخص خود دیکھ سکتا ہے کہ قرآن کی کلی اور مجموعی تعلیم یہ ہے کہ تمام زائد از ضرورت دولت کو خرچ کرتے ہوئے حوالہ حکومت کیا جائے یا یہ کہ عفو المال میں سے ایک حصہ صرف کیا جائے، خواہ حکومت کے اجتماعی نظام کے توسط سے یا براہِ راست؟
اگر کوئی شخص فی الواقعہ خالی الذہن ہو کر قرآن کی ان آیات کا مطالعہ کرے تو وہ ہرگز یہ باور نہیں کر سکتا کہ قرآن پورے عفو المال کو خرچ کر دینے کا حکم دیتا ہے۔ یہ مفہوم قرآن سے اس وقت بتکلف نچوڑا جاتا ہے جب کوئی شخص اشتراکیت پر پیشگی ایمان لا کر قرآن کا مطالعہ کرتا ہے پھر تو ظاہر ہے کہ ساون کے اندھے کو ہر طرف ہرا ہی ہرا نظر آئے گا۔ لیکن اگر کوئی شخص اپنے دل و دماغ کو ہر قسم کے تصورات سے پاک کر کے بارگاہِ قرآن میں آتا ہے، تو وہ یہ باور کئے بغیر نہیں رہ سکتا کہ قرآن پورے عفو المال کے انفاق کا روا دار نہیں ہے بلکہ وہ اعتدال اور توسط کی ایسی تعلیم دیتا ہے کہ نہ کوئی اسراف و تبذیر پر اترتا ہے اور نہ ہی بخل و کنجوسی پر۔ وہ مومنین کی مدح سرائی ان الفاظ میں کرتا ہے کہ:
﴿وَالَّذِينَ إِذَا أَنفَقُوا لَمْ يُسْرِفُوا وَلَمْ يَقْتُرُوا وَكَانَ بَيْنَ ذَٰلِكَ قَوَامًا ﴿٦٧﴾...الفرقان
"یہ وہ لوگ ہیں جو خرچ کرتے ہیں، تو نہ فضول خرچی کرتے ہیں، نہ بخل، بلکہ ان کا خرچ دونوں انتہاؤں کے درمیان اعتدال پر ہوتا ہے۔"
غور فرمائیے! اگر قرآن کی تعلیم واقعی یہ ہوتی کہ۔۔۔افراد کے پاس زائد از ضرورت دولت رہ ہی نہیں سکتی۔۔ اور افراد کی انفرادی ملکیت صرف بقدر کفایت مال تک محدود ہوتی تو اس صورت میں اسراف کا سرے سے کوئی امکان ہی نہیں رہتا کہ اسے اسراف سے منع کیا جاتا اور میانہ روی کا حکم دیا جاتا " بَيْنَ ذَٰلِكَ قَوَامًا " کی روش تو وہی شخص اختیار کر سکتا ہے جس کے پاس زائد از ضرورت دولت ہو اور پھر خرچ کرنے میں افراط و تفریط کی دونوں راہیں اس کے لئے کھلی ہوئی ہوں مگر وہ اپنے تقاضائے ایمان سے نہ بخل کرے اور نہ ہی اسراف و تبذیر کرے۔ جس کے پاس مال ہو ہی حسب ضرورت اور بقدرِ کفایت وہ بیچارا کیا اسراف و بخل کرے گا۔ ایک مقام پر قرآن کے الفاظ یہ ہیں:
﴿وَلَا تَجْعَلْ يَدَكَ مَغْلُولَةً إِلَىٰ عُنُقِكَ وَلَا تَبْسُطْهَا كُلَّ الْبَسْطِ فَتَقْعُدَ مَلُومًا مَّحْسُورًا ﴿٢٩﴾ ... الإسراء
"نہ تو اپنا ہاتھ گردن سے باندھے رکھ اور نہ اسے بالکل کھلا چھوڑ کہ تو ملامت زدہ اور عاجز بن کر رہ جائے۔"
اگر فی الواقعہ قرآن کے پیش نظر اشتراکیت کو وہی نظام قائم کرنا ہوتا جس پر پرویز صاحب نے "نظامِ ربوبیت" کا لیبل چپکا دیا ہے اور جس میں افراد معاشرہ، حکومت کے قیدیوں کی حیثیت میں کولہو کے بیل کی طرح سارا دن کام کاج میں جتے رہتے اور شام کو بقدرِ کفایت چند سکے اور دو روٹیاں اس کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے بالکل اسی طرح مل جائیں جس طرح کولہو کے بیک کو شام کے وقت ہرہ بھری گھاس مل جاتی ہے اور افراد کے پاس ان کی محنت کے ماحصل میں سے صرف بقدرِ ضرورت ہی انہیں میسر آتا اور باقی اس کی محنت کی کمائی حکومت کی تحویل میں چلی جاتی تو قرآن صرفِ اموال میں اعتدال و توسط کی یہ تعلیم ہی سرے سے نہ دیتا۔ قرآن کی مجموعی اور کلی تعلیم میں ان امور کا موجود ہونا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وہ ایسے نظام معیشت کا علمبردار ہے، جو ذاتی ملکیت کے اصولوں کی نفی نہیں کرتا بلکہ وہ اس بات کے حق میں ہے کہ افراد کے پاس عفو المال رہے اور وہ اپنے ایمانی تقاضوں کی روشنی میں دل و دماغ کی پوری آمادگی کے ساتھ راہِ خدا میں فراخدلی سے خرچ کرتے رہیں۔
" قُلِ الْعَفْوَ" کا صحیح مفہوم:
اب آئیے " قُلِ الْعَفْوَ"کے معنی و مفہوم کی طرف۔ ہمارے نزدیک "عفو" کا مفہوم "زائد از ضرورت مال" نہیں ہے بلکہ "بہترین اور محبوب مال" ہے، لغت اورقرآن دونوں سے اس معنیٰ کی تائید ہوتی ہے۔ جہاں تک لغت کا تعلق ہے وہ "عفو" کے دیگر معانی کے علاوہ اس معنیٰ کو بھی تسلیم کرتی ہے، جو ہم نے پیش کیا ہے۔ خود جناب پرویز صاحب رقم طراز ہیں:
"عفو" کے معنی "بہترین چیز" کے ہوتے ہیں۔ نیز وہ چیز جس میں کسی قسم کی تکلیف و مشقت نہ اٹھانی پڑے۔" (لغات الفرقان، ص 1178)
جہاں تک قرآن کا تعلق ہے وہ یہ کہتا ہے کہ ﴿أَنفِقُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا كَسَبْتُمْ ... ٢٦٧﴾...البقرة کی وضاحت کرتے ہوئے جناب پرویز صاحب رقم طراز ہیں:
طیب۔ راغب نے کہا ہے کہ اس کے اصل معنی ہیں وہ چیز جس سے انسان کے حواس بھی لذت یاب ہوں اور نفس بھی، یعنی ہر وہ چیز جو دیکھنے، سونگھنے، سننے اور کھانے میں بھی پسندیدہ ہو اور اس سے انسانی نفس بھی کیف اندوز ہوں۔ الاطبابیب اور المطابیب پسندیدہ اور بہترین چیزیں۔" (لغات القرآن 1102)
اس کے بعد آیت ( 267/2) کا وہ مفہوم بھی ملاحظہ فرمائیے، جو جناب پرویز صاحب نے لکھا ہے:
"اے مومنین! تم زمین کی پیداوار میں سے بھی اور اپنی صنعت و حرفت میں سے بھی جو کچھ کماؤ اس میں سے بہترین حصہ کو نظامِ ربوبیت کے قیام کے لئے کھلا رکھو۔ اس قسم کے بھولے سے بھی ارادہ نہ کرو کہ اس مد میں ایسی نکمی چیزیں دی جائیں ، جو ۔۔۔" (مفہوم القرآن، ص 106)
ایک اور مقام پر قرآن یہ بیان کرتا ہے کہ:
﴿لَن تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّىٰ تُنفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ ... ٩٢﴾...آل عمران
"تم نیکی کو نہیں پا سکتے جب تک کہ تم اپنی محبوب اشیاء میں سے (راہِ خدا میں) خرچ نہ کرو۔"
اور ظاہر ہے کہ انسان کی محبوب اشیاء وہی ہوتی ہیں، جو ابھی اور بہترین ہوں۔
اس کے علاوہ اس معنی کو یہ چیز بھی تقویت پہنچاتی ہے کہ قرآن کریم کے تئیس سالہ دورِ نزول میں ہر مرحلے پر اللہ تعالیٰ نے ایسے احکام نازل فرمائے ہیں جو بالواسطہ یا بلاواسطہ فاضلہ دولت کی انفرادی ملکیت پر دلالت کناں ہیں۔ ان احکام کے نتیجہ میں عملا جو نظام متشکل ہو اس میں کہیں بھی اس اصول کی نفی نہیں کی گئی۔ ترکہ و میراث ، بیع و شراء، صدقہ و خیرات اور لین دین کے احکام (جو انفرادی ملکیت اور فاضلہ دولت کے وجود کو متضمن ہیں) آخری دورِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم تک نازل ہوتے رہے۔ ان کے لئے یہ کہنا کہ ۔۔۔" یہ سب عبوری دور کے احکام ہیں۔" (نظامِ ربوبیت، ص 194) قطعی بے جا بات ہے۔ یہ محج ایک دعویٰ ہے جس کی پشت پر کوئی دلیل و برہان نہیں ہے۔ دورِ نبوی تو رہا ایک طرف، خلافتِ راشدہ تک میں شخصی اور انفرادی ملکیت کو ثابت کرنے والے بے شمار واقعات ہیں اور خود قرآن بھی اس حقیقت پر شاہد عدل ہے۔ سورۃ التوبۃ قرآن کی ان سورتوں میں ہے، جو سب سے آخر میں نازل ہوئی ہیں۔ اس سورہ میں غزوہ تبوک پر تبصرہ کیا گیا ہے اور غزوہ تبوک رجب 9ھ میں ہوا تھا جس سے یہ ظاہر ہے کہ سورۃ التوبۃ رجب 9ھ کے بعد ہی نازل ہوئی ہے۔ اس سورت میں ان آیات کو ملاحظہ فرمائیے جو ذاتی ملکیت کا منہ بولتا ثبقت ہیں:
﴿وَمِنَ الْأَعْرَابِ مَن يَتَّخِذُ مَا يُنفِقُ مَغْرَمًا ... ٩٨﴾...التوبة
"ان بدویوں میں ایسے لوگ بھی ہیں، جو راہِ خدا میں خرچ کرنے کو اپنے اوپر زبردستی کی چٹی سمجھتے ہیں۔
﴿وَمِنَ الْأَعْرَابِ مَن يُؤْمِنُ بِاللَّـهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَيَتَّخِذُ مَا يُنفِقُ قُرُبَاتٍ عِندَ اللَّـهِ... ٩٩﴾...التوبة
"ان بدویوں میں کچھ ایسے بھی ہیں جو اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتے ہیں اور راہِ خدا میں کرچ کرنے کو تقربِ الہیٰ کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔"
غزوہ تبوک میں دامے درمے قدمے سخنے حصہ لینے والے والے مخلصین کو یہ خوشخبری دی گئی:
﴿وَلَا يُنفِقُونَ نَفَقَةً صَغِيرَةً وَلَا كَبِيرَةً وَلَا يَقْطَعُونَ وَادِيًا إِلَّا كُتِبَ لَهُمْ لِيَجْزِيَهُمُ اللَّـهُ أَحْسَنَ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ ﴿١٢١﴾... التوبة
"ایسا کبھی نہیں ہو گا کہ اہل ایمان (راہِ خدا میں) تھوڑا یا بہت کوئی خرچ کریں اور (سعی جہاد میں) کوئی وادی عبور کریں اور ان کے حق میں اسے لکھ نہ لیا جائے تاکہ اللہ ان کے ان کارناموں پر انہیں بہت ہی بہتر اجر عطا فرمائے۔"
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اہل ایمان سے "صدقات" وصول کرنے کا حکم دیا گیا:
﴿خُذْ مِنْ أَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِم بِهَا وَصَلِّ عَلَيْهِمْ ... ١٠٣﴾...ا لتوبة
"اے نبی! تم ان کے اموال میں سے صدقہ لے کر انہیں پاک کرو اور نیکی میں انہیں آگے بڑھاؤ اور ان کے حق میں دعا کرو۔"
ان جملہ آیات میں انفاقِ اموال کا ذکر اس طرح کیا گیا ہے کہ فاضلہ دولت کی انفرادی ملکیت گویا اسلامی نظامِ معیشت کی ایک طے شدہ پالیسی ہے۔ اگر " قُلِ الْعَفْوَ" اور " خُذِ الْعَفْوَ" کا یہی مفہوم ہوتا کہ افراد کی زائد از ضرورت دولت کو ریاست اپنی تحویل میں لے لے تو "نفقۃ صغیرہ اور "نفقۃ کبیرۃ" کا وجود ہی نہ ہوتا اور افراد کے پاس کچھ خرچ کرنے کے لئے زائد از ضرورت دولت کا وجود ہی نہ ہوتا۔ کجا یہ کہ ہ خرچ کرتے اور پھر اپنے ان انفاقات کو زبردستی کی چٹی سمجھتے یا قربِ الہیٰ کا ذریعہ۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اصلی "صدقات" کا حکم اسی لئے تو دیا گیا ہے کہ لوگ اپنی فاضلہ دولت کے آپ مالک تھے۔ اگر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سربراہِ مملکت کی حیثیت سے لوگوں کے پاس بقدرِ کفایت اور حسبِ ضرورت ہی مال و دولت چھوتے تو ان کے پاس سرے سے وہ عفو المال ہی نہ ہوتا جس میں سے آپ "صدقات" وصول فرماتے۔
الگرض! ان آیات سے یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ رجب 9ھ کے بعد تک عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ذاتی ملکیت اور فاضلہ دولت کے شخصی قبضے میں رہنے کا اصول جاری تھا۔ پھر ہمیں نہیں معلوم کہ " قُلِ الْعَفْوَ" اور " خُذِ الْعَفْوَ"کی روشنی میں اشتراکیت کا جو ایڈیشن "قرآنی نظام ربوبیت" کے نام سے موسوم کیا جا رہا ہے۔وہ کب نفاذ پذیر ہوا تھا؟
قابل غور بات:
یہاں ایک اور قابلِ غور بات ہے۔ اگر عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں واقعی لوگوں میں زائد از ضرورت دولت، ان کی شخصی ملکیت سے نکل کر ریاست کی تحویل میں آتی رہتی تو بیت المال میں اس قدر مال و دولت کی فراوانی ہوتی کہ غزوہ تبوک میں اہل ایمان کو قلتِ اسلحہ اور اسباب جنگ و سفر کی کمی واقع نہ ہوتی، لیکن غزوہ تبوک میں حال یہ تھا کہ بعض افراد، جن کو سفر جنگ کے لئے سواری بھی میسر نہ تھی۔ وہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو بیت المال میں بھی اس وقت قلتِ وسائل و ذرائع کا یہ عالم تھا کہ آپ انہیں کوئی سواری مہیا نہ کر سکے اور وہ لوگ اپنی اس معذوری پر بے بسی سے آنسو بہاتے ہوئے واپس آ گئے۔ قرآن کریم نے ایسے لوگوں کا ذکر آیت (92/9) میں کیا ہے، جناب پرویز صاحب اس آیت کا مفہوم یوں بیان فرماتے ہیں:
"نہ ہی وہ لوگ پیچھے رہ جانے میں موردِ الزام قرار دئیے جا سکتے ہیں جن کی یہ حالت ہے کہ وہ (سفر کے لئے) سواری کی استطاعت نہیں رکھتے تھے، اس لئے وہ تیرے پاس درخواست لے کر آئے کہ ان کے لئے سواری کا انتظام کر دیا جائے اور تنگی کا یہ عالم تھا کہ تم بھی اس کا کچھ انتظام نہیں کر سکتے تھے اس لئے تم نے بھی اپنی معذوری کا اظہار کر دیا۔ چنانچہ وہ بےبس ہو کر لوٹ گئے۔ دریں عالم کہ ان کی آنکھوں میں آنسو رواں تھے اور ان کا دل اس احساس سے پٹھا جاتا تھا کہ افسوس! آج ہمارے پاس اتنا بھی نہیں کہ ہم اس سے جہاد کے لئے سواری کا انتظام کر سکیں۔" (مفہوم القرآن، ص 443)
یہ واقعہ اور قرآن پاک کی اس قسم کی آیات میں اس امر کو ہر شک و شبہ سے بالاتر کر دیتی ہیں کہ غزوہ تبوک کے بعد بھی فاضلہ دولت کی شخصی ملکیت کا اصول رائج تھا۔
علاوہ ازیں تاریخ و سیر اور کتبِ احادیث میں ایسے بے شمار واقعات مذکور ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ نہ صرف عہدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بلکہ خلافتِ راشدہ میں بھی شخصی ملکیت کا اصول رائج تھا اور اسی نام ناد "قرآنی نظامِ ربوبیت" کا نام تک نہ تھا جسے جناب پرویز صاحب کی قلم کاری نے " قُلِ الْعَفْوَ" اور " خُذِ الْعَفْوَ" کے قرآنی الفاظ سے کتاب اللہ کی علمی اور مجموعی تعلیم کے خلاف کشید کر ڈالا ہے مگر میں ان بے شمار واقعات کو صرف اس لئے پیش نہیں کر سکتا کہ پرویز صاحب ان کے جواب میں یہ فرما دیں گے کہ یہ سب تاریخی واقعات ہیں اور:
"دین میں سند نہ تاریخ کے مشمولات ہیں اور نہ مسلمانوں کے متواتر و متوارث عقائد و مسالک، سند ہے خدا کی کتاب۔" (نظامِ ربوبیت، ص 192)
"تاریخ بہرحال ظنی ہے اور قرآن یقنی، ظنی چیز کو یقینی کی روشنی میں پرکھنا ہو گا نہ کہ یقینی کو ظنی کے تابع رکھنا۔" (نظامِ ربوبیت، ص 191)
واقعی! یہ بات شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ قرآن فی الواقعہ وحی ہے۔ لہذا قطعی اور یقینی ہے۔ اس معاملے میں ہمیں جناب پرویز صاحب سے سو فیصد اتفاق ہے۔ ہمیں ان سے اختلاف تو اس امر میں ہے کہ وہ ایک ذاتی اپچ اختیار کرتے ہیں اور اسے منسوب الی القرآن کر کے یہ کہتے ہیں کہ ۔۔۔"یہی قرآنی مفہوم ہے اس کے سوا جو کچھ ہے وہ خلافِ قرآن ہے۔ فلہذا قابلِ رد ہے۔" ۔۔حالانکہ جسے وہ "قابلِ رد" قرار دیتے ہیں وہ قطعا قرآن کے خلاف نہیں ہوتا۔بلکہ وہ صرف اس مفہوم کے خلاف ہوتا ہے جسے منسوب الی القرآن کر دیا جاتا ہے۔ اس لئے میں خود کو مجبور پا رہا ہوں کہ کتب احادیث و سیر میں مذکور شخصی ملکیت پر دلالت کرنے والے ان لاتعداد واقعات سے صرف، نظر کر لوں، جو زیرِ بحث مسئلہ میں پرویز صاحب کے موقف کے بطلان پر شاہد عدل ہیں، لیکن ان میں سے ان واقعات کو پیش کرنے کا ہمیں پورا پورا حق حاصل ہے جو ان کی "قرآنی بصیرت" کی کسوٹی پر پورے اُتر کر ان کی کتب میں استشہادا جگہ پا چکے ہیں۔
شخصی ملکیت پر دالہ واقعات:
قبل اس کے کہ ہم ان واقعات کو پیش کریں جو مال و دولت کی ذاتی ملکیت پر دلالت کناں ہیں۔ قارئین کے لئے یہ جان لینا ضروری ہے کہ اگر " قُلِ الْعَفْوَ" کا حکم بعد از ہجرت نازل ہوا تھا اور " خُذِ الْعَفْوَ" کا حکم تو ہجرت سے بھی پہلے مکی دور میں نازل ہو چکا تھا۔ جب ہنوز نظامِ اسلامی نفاذ پذیر ہی نہیں ہوا تھا۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ ان دونوں آیات (219/2 اور 199/7) کے نزول کے بعد بھی اموال و اراضی کی شخصی ملکیت کا اُصول اس نظامِ مملکت میں رائج تھا، جو جناب رسالتٰ مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم فرمایا تھا اور خلافت راشدہ میں بھی برقرار رہا تھا۔
عہد نبوی میں دولتِ زر کی شخصی ملکیت:
غزوہ تبوک (جو رجب 9ھ میں وقوع پذیر ہوا) میں لوگوں نے جس ایثار و قربانی سے کام لے کر اپنے اموال پیش کئے۔ اس کی تفصیل پرویز صاحب نے یوں بیان کی ہے:
"یہ معرکہ، اخلاص و منافقت کی امتحان گاہ تھا۔ چنانچہ ایک طرف صحابہ کا یہ عالم تھا کہ جو کچھ کسی کے پاس تھا، لے کر حاضر ہو گیا۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے نو سو (900) اونٹ، ایک سو گھوڑے اور ایک ہزار دینار پیش کئے۔ حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے چالیس ہزار درہم پیش کئے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کئی ہزار روپے کا نقد و جنس لے کر حاضر ہوئے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اپنے گھر میں اللہ اور رسول کی محبت کے سوا کچھ بھی چھوڑ کر نہ آئے، حضرت ابوعقیل انصاری رضی اللہ عنہ نے دو سیر چھوہارے لا کر حاضر کئے اور عرض کی کہ رات بھر کسی کے کھیت پر مزدوری کر کے چار(4) سیر چھوہارے حاصل کئے تھے۔ دو سیر بچوں کو دے آیا ہوں۔ اور دو 02) سیر خدمتِ اقدس میں حاضر ہین۔" (معارف القرآن، ج4، ص 580)
یہ واقعہ اموالِ فاضلہ کی ذاتی ملکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر آیت 219/2 اور 199/7 کی روشنی میں "بقول پرویز صاحب' واقعی قرآنی حکم یہی ہوتا کہ افراد "زائد از ضرورت مال" اپنے پاس نہیں رکھ سکتے اور نظامِ حکومت کا واقعی یہی فریضہ ہوتا کہ وہ افراد سے ان کا عفو المال اپنی تحویل میں لے لیتا، تو صحابہ کرام کے پاس یقینا اپنی ضروریات سے زائد یہ مال نہ ہوتا جو اب وہ غزوہ تبوک (رجب 9ھ) میں پیش کر رہے ہیں۔ پھر یہ واقعہ، عفو سے متعلقہ دونوں آیات کے نزول کے برسوں بعد کا واقعہ ہے حتیٰ کہ فتح مکہ کے بھی بعد کا یہ وقوع پذیر ہوا، اس لئے یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ شاید ابھی تک اسلامی حکومت قائم نہ ہو پائی ہو کیونکہ اسلامی حکومت کا قیام، مدینۃ الرسول میں ہجرت کے فورا بعد عمل میں آ چکا تھا اور غزوہ تبوک تک اس کی قلمرو میں تقریبا پورا جزیرۃ العرب شامل ہو چکا تھا۔"
لہذا عہد رسالتمآب صلی اللہ علیہ وسلم میں یہ بات ہر شک و شبہ سے بالا تر ہے کہ وہاں ذاتی ملکیت کی نفی کا اصول قطعی معدوم تھا۔ لوگ محنت کے ماحصل کو پاتے تھے۔ ذاتی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد فاضلہ دولت ان کی ملکیت میں رہتی تھی۔ اس میں سے حسبِ استطاعت ملک کی راہ میں فراخدلی سے خرچ کرتے تھے۔
عید نبوی و صدیقی میں تقسیمِ غنائم:
اموالِ غنیمت میں سے چار خمس (5/4) کا مجاہدین میں تقسیم کیا جانا بھی مال و دولت کی انفرادی ملکیت کا زبردست ثبوت ہے۔ غنائم کی تقسیم اگرچہ ہر دور میں وقوع پذیر رہی ہے مگر عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور دورِ صدیقی میں تقسیم غنائم کا ذکر، خود پرویز صاحب نے بھی کیا ہے:
"رسول اللہ اور خلافتِ صدیقی میں قانون یہ تھا کہ مالِ غنیمت مجاہدین میں تقسیم کر دیا جاتا تھا۔" (شاہکارِ رسالت، ص 379)
حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ (سیف اللہ) کی معزولی پر بحث کرتے ہوئے پرویز صاحب نے لکھا ہے کہ:
"حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں (خالد رضی اللہ عنہ) کو مدینہ بلایا اور ان سے کہا کہ: "تم کہاں کے ایسے دولت مند تھے کہ اس قدر خطیر رقم انعام میں دے دی۔" انہوں نے کہا کہ: "ان فتوحات میں ساٹھ (60000) ہزار درہم بطورِ مالِ غنیمت میرے حصہ میں آیا ہے، آپ حساب کر لیجئے جس قدر اس سے زائد ہو وہ لے لیجئے۔" چنانچہ حساب کیا گیا، تو 80 ہزار درہم نکلے، ان میں سے 60 ہزار چھوڑ دئیے گئے اور باقی بیس (20) ہزار بیت المال میں داخل کر دئیے گئے۔۔۔"
الغرض! مالِ غنیمت کا سپاہ میں تقسیم کیا جانا، مال و دولت کی انفرادی ملکیت کا کھلا ثبوت ہے۔
عہد فاروقی اور مال و دولت کی شخصی ملکیت:
عہد فاروقی کا درج ذیل واقعہ بھی مال و دولت کی شخصی ملکیت کا آئینہ نہ رہے:
"یہ واقعہ مشہور ہے کہ جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ لوگ اپنی بیویوں کا مہر مقرر کرنے میں بڑی افراط سے کام لر رہے ہیں تو آپ نے ایک اجتماع میں اس کا ذکر کیا اور چاہا کہ مہر کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کر دی جائے۔ اس پر ایک کونے سے ایک عورت کی آواز آئی کہ یہ کیا؟ اللہ تعالیٰ نے تو فرمایا ہے کہ: ﴿وَآتَيْتُمْ إِحْدَاهُنَّ قِنطَارًا فَلَا تَأْخُذُوا مِنْهُ شَيْئًا ... ٢٠﴾... النساء ’’اور تم نے بیویوں میں سے کسی کو ڈھیروں مال بھی دے دیا ہو، تو اس میں سے کچھ واپس نہ لو۔" حضرت عمر رضی اللہ عنہ یہ سن کر بول اٹھے کہ عورت نے سچ کہا ہے۔ عمر غلطی پر تھا۔ (شاہکارِ رسالت، ص 277)
شادی کے موقعہ پر لوگوں کا اپنی مالی حیثیت کے مطابق " على الموسع قدره و على المقتر قدره" کی روشنی میں حقیر یا خطیر رقم کو بصورتِ حق مہر بیویوں کو دے دینے کا عمل صریحا اس معاشرت سے میل کھاتا ہے جس میں ذاتی ملکیتِ مال و دولت کا اصول متداول ہو اور لوگوں میں مساواتِ شکم کی بجائے، تفاضل فی الرزق پایا جاتا ہو۔ خلافتِ فاروقی کا یہ واقعہ، اس امر کو مبرہن کر ڈالتا ہے کہ اس دور میں بھی مال و زر کی انفرادی ملکیت کا اصول کارفرما تھا۔ اگر ریاستِ فاروقی، لوگوں کی کمائی میں سے جملہ فاضلہ دولت خود اپنی تحویل میں لے لیا کرتی تو قنطار (ڈھیر سا مال) دئیے جانے کا سرے سے کوئی امکان ہی نہ رہتا۔ اگر ریاست لوگوں کو عفو المال سے محروم کر دیا کرتی تو حق مہر کے تعین میں ان کے لئے کوئی راستہ ہی نہ رہتا کجا یہ کہ وہ افراط سے کام لیتے اور خلیفہ وقت کو ایک بیش بیش حد مقرر کرنے کی نوبت پیش آتی اور خلیفہ عمر رضی اللہ عنہ سے مخاطب عورت، اس دروازے کو کھلا رکھنے پر زور دیتی جس سے بیویوں کے لئے حصولِ قنطار کا امکان وابستہ رہتا تھا۔ یہ سب کچھ تو اس نظامِ حکومت اور معاشرے ہی میں ممکن ہے۔ جہاں شخصی ملکیت کا اُصول جاری ہو اور لوگوں میں وہ مساواتِ شکم مفقود ہو جو آج " سَوَاءً لِّلسَّائِلِينَ ﴿١٠﴾...فصلت " کے الفاظ سے کشید کی جا رہی ہے بلکہ ان میں تفاضل فی الرزق پایا جاتا ہو اور " لَا رَيْبَ" خلافتِ فاروقی ایسے ہی نظامِ حکومت اور سماج کا منظر پیش کرتی ہے نہ کہ وہ منظر، جو ذہنِ پرویز کی خلاقی کا کرشمہ ہے۔
پرویز صاحب کا ایک تحریفی کارنامہ؟
ہم پہلے بیان کر چکے ہیں کہ اموالِ غنیمت کا سپاہِ افواج میں تقسیم کیا جانا بجائے خود مال و دولت کی کھلی دلیل ہے اور اسلام میں تقسیم غنائم کے قانون کا موجود ہونا اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ انفرادی ملکیت کا علمبردار ہے۔ یہ نقطہ نظر چونکہ پرویز صاحب کے اس مارکسزم کے خلاف ہے جسے وہ "نظامِ ربوبیت" کے نام سے پیش کرتے رہے ہیں اس لئے انہیں اس قانون میں مطلوبہ تبدیلی واقع کرنے کے لئے تحریف کی راہ اختیار کرنا پڑی۔
قرآن کریم نے مالِ غنیمت کے متعلق یہ اصول دیا ہے کہ کل مالِ غنیمت کا پانچواں حصہ خدا و رسول، رشتہ دار، یتامیٰ، مساکین اور مسافروں کے لئے ہے اور بقیہ چار خمس سپاہِ فوج میں تقسیم کر دئیے جاتے ہین۔ مجاہدین میں مالِ غنیمت کی یہ تقسیم چونکہ صریح طور پر فاضلہ دولت کی شخصی ملکیت کے وجود پر دلالت کرتی ہے، اس لئے پرویز صاحب نے اس بدیہی حقیقت پر پردہ ڈالنے کے لئے، آیت غنیمت کے مفہوم میں ایسی ترمیم بلکہ تحریف کی ہے جو قواعدِ زبان کے یکسر خلاف ہے۔ آیتِ غنیمت کے الفاظ ملاحظہ فرمائیے:
﴿وَاعْلَمُوا أَنَّمَا غَنِمْتُم مِّن شَيْءٍ فَأَنَّ لِلَّـهِ خُمُسَهُ وَلِلرَّسُولِ وَلِذِي الْقُرْبَىٰ وَالْيَتَامَىٰ وَالْمَسَاكِينِ وَابْنِ السَّبِيلِ... ٤١﴾...الأنفال"اور یہ جان لو کہ جو کچھ مالِ غنیمت تم نے پایا ہے اس کا پانچواں حصہ اللہ، رسول، رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کے لئے ہے۔"
آیت غنیمت کا جدید مفہوم پرویز:
لیکن آج پرویز صاحب نے ان الفاظ کا مفہوم نے ان الفاظ کا مفہوم یہ بیان کیا ہے:
"یاد رکھو! میدانِ جنگ میں جو مالِ غنیمت بھی ملے گا اس میں سے پانچواں حصہ "خدا و رسول" یعنی مملکت کی انتظامی ضروریات کے لئے رکھ کر باقی (یعنی 5/4 حصہ "قاسمی") ضرورت مندوں کی جروریات پوری کرنے کے لئے صرف کیا جائے گا۔۔۔مثلا (میدان جنگ میں جانے اور کام آ جانے والوں کے) اقرباء کے لئے یتیموں اور معاشرہ میں بے یار و مددگار، تنہا رہ جانے والوں کے لئے جو مدد کے محتاج ہوں۔" (مفہوم القرآن (41/8) مطالب الفرقان ج6، ص 96)
پرویز صاحب کے اس جدید مفہوم کے لحاظ سے کل مالِ غنیمت کا پانچواں حسہ "خدا و رسول" یعنی مملکت کی انتظامی ضروریات کے لئے ہو گا اور بقیہ (5/4 (چار خمس) [1]قرابتداروں، یتامیٰ، مساکین اور مسافروں کے لئے مخصوص ہوں گے۔ جبکہ چودہ صدیوں پر محیط اسلامی ادب میں علماء امت کے نزدیک کل مالِ غنیمت کا پانچواں حصہ (5/1 حصہ) خدا، رسول، ذوی القربیٰ، یتامیٰ، مساکین اور مسافر سب کے لئے ہے اور بقیہ چار خمس (5/4) سپاہ افواج میں تقسیم ہوں گے۔
پرویز صاحب نے اپنے اس جدید ترجمہ و مفہوم میں آیت کو بدترین تحریف کا نشانہ بنایا ہے۔ الفاظ آیت میں " لِلَّـهِ خُمُسَهُ وَلِلرَّسُول" کی بنیاد پر خدا و رسول کو باقی مستحقین غنیمت سے علیحدہ کر کے ان کے لئے ایک خمس مخصوص کرنا اور " وَلِذِي الْقُرْبَىٰ وَالْيَتَامَىٰ وَالْمَسَاكِينِ وَابْنِ السَّبِيلِ" کو، خدا و رسول نے الفاظ سے اکھاڑ کر انہیں چار خمس کا مستحق قرار دینا، قواعدِ زبان کے قطعی خلاف ہے کیونکہ جس حرفِ جار (لام) کے تحت "خدا و رسول" کا ذکر ہے۔ اسی حرف جار کے تحت باقی مستحقین بھی مذکور ہیں۔ لہذا یہ تمام لوگ (جو آیت میں مذکور ہیں) خدا و رسول کے ساتھ صرف اور صرف ایک خمس کے مستحق ہیں۔
ہمارا جی چاہتا ہے کہ ہم پرویز صاحب کے مؤقف کی تردید میں جمیع علماء امت کے اقتباسات پیش کریں، جس سے قانونِ غنیمت کے اس مفہوم کی تصویب ہو جاتی، جو ہم نے پیش کیا، لیکن ہم اسے صرف اس لئے پیش نہیں کریں گے کہ اتباعپرویز، ان کی تقلید میں یہ کہہ دیں گے کہ اسلاف کی سیدھی راہ پر چلنا، اندھے کی لاٹھی کا سہارا لینے کے مترادف ہے۔ اس لئے ہم یہاں پرویز صاحب ہی کا ایک اقتباس پیش کر رہے ہیں کیونکہ:
مدعی لاکھ پہ بھاری ہے گواہی تیری
"اور جان رکھو کہ جو تمہیں مال، غنیمت میں ملے، اس کا پانچواں حصہ اللہ کے لئے، رسول کے لئے (رسول کے) قرابتداروں کے لئے، یتیموں کے لئے، مسکینوں کے لئے اور مسافروں کے لئے نکالنا چاہئے اور بقایا چار (4) حصہ مجاہدین میں تقسیم کر دئیے جا سکتے ہیں۔"
اس ترجمہ کے حاشیہ میں پرویز صاحب کے یہ الفاظ بھی موجود ہیں:
"مالِ غنیمت کا پانچواں حصہ بیت المال میں جمع ہو گا اور باقی چار حصے سپاہیوں میں تقسیم ہوں گے۔" (معارف القرآن ج4 ص 624)
ایک اور قابل غور بات
یہاں ایک اور بات بھی قابلِ غور ہے۔ سوال یہ ہے کہ "خدا و رسول" کے نام پر مالِ غنیمت کا ایک خمس الگ کر کے "نظامِ خداوندی" کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔ اس کا مصرف کیا ہے؟ ۔۔۔پرویز صاحب لکھتے ہیں:
"یہ مال سب کا سب نظامِ خداوندی کی تحویل میں رہنا چاہئے تاکہ اس کو ضرورت مندوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے صرف کیا جائے۔" (تفسیر مطالب الفرقان، ج6، ص 97)
اور مالِ غنیمت میں سے ایک خمس نکال باقی چار خمس کا مصرف کیا ہے؟ پرویز صاحب رقم طراز ہیں:
"یاد رکھو! میدانِ جنگ میں جو مالِ غنیمت بھی ملے گا اس میں سے پانچواں حصہ "خدا و رسول" یعنی انتظامی ضروریاتِ مملکت کے لئے رکھ کر باقی ضرورت مندوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے صرف کیا جائے گا۔" (مفہوم القرآن (41/8) مطالب الفرقان، ج6، ص 96)
اب جبکہ "خدا و رسول" کے نام سے الگ کیا جانے والا ایک خمس غنیمت اور باقی مذکورین آیت کے نام سے الگ کئے جانے والے چار اخماس غنیمت کا مصرف ایک ہی ٹھہرا، تو پھر فہرست ِ مستحقین غنیمت میں یہ فرق و امتیاز کیسا؟ جب سارا مال غنیمت ضرورت مندوں کے لئے ہی ہے، تو ایک خمس اور چار خمس میں اس کی تقسیم کیوں؟ پانی میں اس مدھانی کے چلانے کا فائدہ کیا؟

[1] "(وَلِذِي الْقُرْبَىٰ)" سے کون اور کس کے رشتہ دار مراد ہیں؟ پرویز صاحب نے اس کے دو مختلف جواب دئیے ہیں۔
(ا)میدانِ جنگ میں جانے اور کام آ جانے والوں کے رشتہ دار۔۔ مفہوم القرآن (41/8)
(ب) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے رشتہ دار۔۔ معارف القرآن ج4، ص 624
کس کا یقین کیجئے کس کا یقین نہ کیجئے
لائے ہیں بزمِ ناز سے لوگ خبر الگ الگ